• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیکساس میں سیاسی سونامی، 32 سال بعد ریپبلکن اقتدار کا خاتمہ

دائیں ری پبلکن امیدوار کین پیکسٹن، بائیں ڈیموکریٹ امیدوار جیمز ٹیلاریکو — فائل فوٹو
دائیں ری پبلکن امیدوار کین پیکسٹن، بائیں ڈیموکریٹ امیدوار جیمز ٹیلاریکو — فائل فوٹو

امریکا کے وسط مدتی انتخابات میں ریاست ٹیکساس نے اپنی سیاسی تاریخ کا ایک نیا باب رقم کر دیا۔

گزشتہ 32 برس سے ریپبلکن پارٹی کے زیرِ اقتدار رہنے والی اس ریاست میں ڈیموکریٹک امیدوار جینا ہینو ہوزا نے 3 مرتبہ منتخب ہونے والے گورنر گریگ ایبٹ کو شکست دے کر تاریخی کامیابی حاصل کر لی، جبکہ امریکی سینیٹ کی نشست بھی ری پبلکنز کے ہاتھ سے نکل گئی۔

انتخابی نتائج نے ٹیکساس میں دہائیوں سے قائم سیاسی طاقت کے توازن کو غیر معمولی طور پر تبدیل کر دیا۔

اس وقت کی معلومات کے مطابق جینا ہینو ہوزا نے تقریباً 53 فیصد جبکہ گریگ ایبٹ نے تقریباً 46 فیصد ووٹ حاصل کیے، گریگ ایبٹ نے اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے نئی انتظامیہ کو اقتدار کی منتقلی میں تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

جینا ہینو ہوزا جنوری 2027ء میں عہدہ سنبھالیں گی اور ٹیکساس کی تاریخ میں پہلی لاطینی نژاد خاتون گورنر ہوں گی، وہ این رچرڈز کے بعد گورنر کے عہدے پر پہنچنے والی پہلی ڈیموکریٹ ہوں گی۔

ٹیکساس میں امریکی سینیٹ کی نشست پر بھی ڈیموکریٹ امیدوار جیمز ٹیلاریکو نے ری پبلکن امیدوار کین پیکسٹن کو شکست دے دی۔

اس کامیابی کے بعد جنوری 2027ء سے امریکی سینیٹ میں ٹیکساس کی 2 نشستوں میں سے 1 ڈیموکریٹس اور دوسری ری پبلکنز کے پاس ہو گی، دوسری نشست ری پبلکن سینیٹر ٹیڈ کروز کے پاس برقرار رہے گی۔

امریکی ایوانِ نمائندگان میں ٹیکساس کی مجموعی 38 نشستیں ہیں، 4 نومبر کی صبح دستیاب معلومات کے مطابق انتخابی اعداد کے ایک مرحلے میں ڈیموکریٹس 11 جبکہ ری پبلکنز 9 نشستوں پر کامیاب قرار دیے جا چکے تھے، جبکہ باقی 18 حلقوں میں حتمی فیصلے کا انتظار تھا، بعد میں مزید نشستوں کے نتائج سامنے آئے، جن میں دونوں جماعتوں کے امیدوار کامیاب قرار دیے گئے، اس لیے تمام نشستوں کی حتمی پارٹی پوزیشن ووٹوں کی مکمل گنتی کے بعد واضح ہو گی، ریاستی سطح پر بھی ڈیموکریٹس نے ریپبلکنز کو سخت مقابلے سے دوچار کیا ہے۔

ٹیکساس کی ریاستی اسمبلی یعنی اسٹیٹ ہاؤس کی مجموعی 150 نشستیں ہیں، جہاں اکثریت کے لیے 76 نشستیں درکار ہیں، انتخابی نتائج میں کئی حلقوں میں ڈیموکریٹس کی پیش قدمی سامنے آئی، تاہم تمام نشستوں کے مکمل اور مصدقہ نتائج کے بغیر اسمبلی میں نئی اکثریت کا حتمی اعلان نہیں کیا جا سکتا۔

ٹیکساس کی ریاستی سینیٹ مجموعی طور پر 31 ارکان پر مشتمل ہے، جن میں سے 16 نشستوں پر اس مرتبہ انتخابات ہوئے، سینیٹ میں اکثریت کے لیے 16 نشستیں ضروری ہیں، نئی پارٹی پوزیشن طے کرنے کے لیے انتخابی نتائج کے ساتھ ان ارکان کو بھی شمار کرنا ہو گا جن کی نشستیں اس الیکشن میں انتخاب کے لیے پیش نہیں کی گئیں۔

ریاست کے دیگر اعلیٰ عہدوں پر بھی ڈیموکریٹ امیدواروں نے اہم پیش قدمی کی ہے، لیفٹیننٹ گورنر کے انتخاب میں وکی گڈون اور اٹارنی جنرل کے مقابلے میں نیتھن جانسن کو ری پبلکن حریفوں پر برتری حاصل ہوئی، یہ نتائج ریاست میں انتظامی اختیارات اور قانونی قیادت کی ممکنہ تبدیلی کے حوالے سے بھی اہم سمجھے جارہے ہیں، شمالی ٹیکساس کی ٹیرنٹ اور کولن کاؤنٹیز میں بھی انتخابی رجحانات نے توجہ حاصل کی ہے، ٹیرنٹ کاؤنٹی میں گورنر اور امریکی سینیٹ کے مقابلوں میں ڈیموکریٹ امیدواروں کو واضح حمایت ملی، جبکہ کئی اہم مقامی عہدوں پر بھی ڈیموکریٹس نے کامیابیاں حاصل کیں۔

کولن کاؤنٹی میں بھی گورنر اور امریکی سینیٹ کے مقابلوں میں ڈیموکریٹس کی برتری سامنے آئی، جو شمالی ٹیکساس کے مضافاتی علاقوں میں بدلتے انتخابی رجحانات کی اہم علامت ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق ٹیکساس میں ڈیموکریٹس کی کامیابی کے پس منظر میں مختلف عوامل کار فرما رہے، جن میں امیگریشن پالیسیوں پر اختلافات، مہنگائی، سرکاری تعلیم، رہائش کے بڑھتے اخراجات اور ریاستی حکومت کی ترجیحات شامل ہیں، ہسپانوی اور لاطینی نژاد ووٹروں کے ساتھ شہری اور مضافاتی علاقوں کے ووٹروں کا کردار بھی اہم رہا۔

یہ انتخابات اس لیے بھی غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں کہ ٹیکساس طویل عرصے سے ریپبلکن پارٹی کی مضبوط ترین ریاستوں میں شمار ہوتا رہا ہے، ڈیموکریٹس کی جانب سے گورنر اور سینیٹ کی نشست حاصل کرنا ایک تاریخی تبدیلی ضرور ہے، تاہم ٹیکساس کو مستقل طور پر بلیو اسٹیٹ قرار دینے کے لیے آئندہ انتخابات اور ریاستی مقننہ میں جماعتوں کی طاقت کا جائزہ بھی ضروری ہو گا۔

3 نومبر کے انتخابات نے بہرحال یہ ثابت کر دیا ہے کہ ٹیکساس کے انتخابی مقابلوں میں کئی دہائیوں سے قائم سیاسی رجحانات تبدیل ہو سکتے ہیں، گورنر گریگ ایبٹ کی شکست اور جینا ہینو ہوزا کی کامیابی کے بعد اب تمام نظریں نئی انتظامیہ، ریاستی اسمبلی اور سینیٹ کی مکمل پارٹی پوزیشن پر مرکوز ہیں۔

ٹیکساس میں گورنر ہاؤس کا اقتدار بدل چکا ہے، امریکی سینیٹ کی نشست بھی ڈیموکریٹس کے نام ہو گئی، لیکن ریاستی قانون سازی اور آئندہ سیاسی فیصلوں میں کس جماعت کا پلڑا بھاری ہو گا، اس کا مکمل جواب باقی نشستوں کی حتمی گنتی سے سامنے آئے گا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید