آپ کے مسائل اور ان کا حل
سوال: کیا گلے میں تعویذ پہننا جائز ہے؟
جواب: جامع ترمذی میں حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی نیند میں گھبرا جائے تو یہ کلمات پڑھ لے: أعوذ بكلمات اللہ التامة من غضبه و عقابه و شر عباده و من همزات الشّياطين وأن يحضرون‘‘ ترجمہ: میں اللہ تعالیٰ کے مکمل کلمات کے ذریعے پناہ مانگتا ہوں، اس کے غضب سے، اس کی سزا سے، اس کے بندوں کے شر سے، اور شیاطین کے وسوسوں اور ان کے میرے پاس حاضر ہونے سے۔ (اگر کوئی یہ کلمات پڑھے گا) تو وہ اسے نقصان نہیں پہنچا سکیں گے۔
چنانچہ حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما اپنے سمجھ دار بچوں کو یہ دعا سکھاتے اور جو نا سمجھ بچے ہوتے ان کے گلے میں اسے لکھ کر لٹکا دیتے۔ (سنن الترمذی، تشاکر، رقم الحدیث:3528 (5/ 541)ط:مصطفیٰ البابی - سنن أبو داؤد، أوّل کتاب الطب، باب تعليق التمائم، ج:6، ص:31، رقم الحدیث :3883، ط:دار الرسالۃ العالميۃ)
مذکورہ روایت سے معلوم ہوا کہ جو شخص دعائیہ کلمات، وِرد یا وظیفہ وغیرہ خود نہ پڑھ سکتا ہو، اس کے لیے جائز کلمات پر مشتمل تعویذ پہننا جائز ہے، تاہم بہتر یہ ہے کہ مسنون اَذکار و کلمات وغیرہ خود پڑھیں، یاد نہ ہوں تو یاد کرکے پڑھیں۔ بہرصورت اگر کوئی شخص اَذکار و وظائف وغیرہ نہ پڑھ سکنے کی وجہ سے تعویذ پہنتا ہے یا اَوراد و اَذکار پڑھنے پر قدرت کے باوجود تعویذ پہنتا ہے تو اس کے جواز کے لیے درج ذیل شرائط ضروری ہیں:
1.۔ تعویذ میں لکھے گئے کلمات کا معنی ومفہوم معلوم ہو۔2.۔اس میں کوئی شرکیہ کلمہ نہ ہو۔3. ۔کسی جائز مقصد کے لیے ہو، ناجائز مقصد کے لیے ہرگز نہ ہو۔4. ۔تعویذ کے مؤثر بالذات ہونے کا عقیدہ نہ ہو۔
خلاصہ یہ ہے کہ ایسے تعویذ جو قرآنی آیات، مسنون و ماثور دعاؤں یا کلماتِ صحیحہ پر مشتمل ہوں انھیں پہننا جائز ہے۔ جن تعویذوں میں شرکیہ کلمات یا مہمل یا مجہول کلمات یا نامعلوم قسم کے منتر لکھے جائیں یا انہیں مؤثر حقیقی سمجھا جائے تو ان کا استعمال کرنا اور پہننا شرعاً جائز نہیں ہے۔ (مشکاۃ المصابیح، کتاب الدعوات، باب الاستعاذۃ، ردّ المحتار، کتاب الحظر والإباحۃ، ج:6، ص:363، ط:سعید)