فیصل آباد (نامہ نگارخصوصی)صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ پی پی 70کی ترقی وخوشحالی کے دیگر منصوبوں کی تکمیل کے ساتھ کروڑوں روپے کی لاگت سے اہم شاہراہوں پر ایل ای ڈی سٹریٹ لائٹس کے منصوبے مکمل کئے جارہے ہیں۔انہوں نے یہ بات اپنے مقامی دفتر میں سٹی کونسلز کے چیئرمین/وائس چیئرمینزکے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 3کروڑ 56لاکھ روپے کی لاگت سے ڈجکوٹ روڈ ناولٹی پل تامدنی چوک سمن آباد،ڈی ٹائپ پل تانیاریلوے پھاٹک سمن آباد تک شاہرات پر ایل ای ڈی لائٹس کوچالو کردیا گیا ہے جبکہ اگلے مرحلے میں 3کروڑ 82لاکھ روپے کی لاگت سے مین روڈزنثار کالونی،مسعود آباداورمظفر کالونی کی ایل ای ڈی سٹریٹ لائٹس چالو ہو جائیں گی ۔ پی پی 70کوبنیادی سہولیات کی فراہمی کے لحاظ سے مثالی بنادیا گیا ہے اوراب عوام کاکوئی مطالبہ باقی نہیں رہا ۔ملکی ترقی میں کسی کو رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔