• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فروری 2023ءمیں وزیراعظم محمد شہباز شریف ایک ایسی حکومت چلا رہے تھے جسے ہر بڑی بیرونی ادائیگی سے پہلے دستیاب ڈالر گننا پڑتے تھے۔ اسٹیٹ بینک کے ذخائر تین ارب ڈالر کے قریب رہ گئے تھے، جو تین ہفتوں کی درآمدات کیلئے بھی کافی نہیں تھے۔ تیل، ادویات اور صنعتی خام مال منگوانا تھا، قرضوں کی ادائیگیاں قریب تھیں اور آئی ایم ایف سے قسط کیلئے مذاکرات بار بار رک رہے تھے۔ سرمایہ کار پیچھے ہٹ رہے تھے اور عالمی مالیاتی حلقوں میں پاکستان کے ممکنہ ڈیفالٹ پر بحث ہو رہی تھی۔

ایسے وقت میں شہباز شریف نے آئی ایم ایف سے مذاکرات آگے بڑھانے اور دوست ممالک سے مالی تعاون حاصل کرنے پر توجہ دی۔ اکتوبر 2026 ءمیں اسٹیٹ بینک کے ذخائر تقریباً 21.5 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچے۔ کمرشل بینکوں کو ملا کر مجموعی ذخائر تقریباً 26.8ارب ڈالر ہو گئے۔ بحران کے تین ارب ڈالر اسٹیٹ بینک کے تھے، اسلئےاسی پیمانے پر اضافہ تین سے ساڑھے اکیس ارب ڈالر تک کا ہے۔ گزشتہ سال ذخائر 2.2 ماہ کی درآمدات کیلئے کافی تھے، اب یہ گنجائش تین ماہ سے زیادہ ہے۔ سرکاری جائزے کے مطابق روپیہ بھی ڈیڑھ فیصد مضبوط ہوا۔

عالمی اداروں کے لہجے میں تبدیلی بھی قابلِ غور ہے۔ 2023ءمیں آئی ایم ایف کی سربراہ قرضوں کی تنظیمِ نو کے خطرے کا ذکر کر رہی تھیں۔ اب ان کے تبصروں میں پاکستان کی پیش رفت کا اعتراف ہے اور فنڈ کے مطابق پروگرام مجموعی طور پر درست سمت میں ہے۔ توسیعی فنڈ سہولت کے چوتھے اور پائیداری سہولت کے تیسرے جائزے پر اسٹاف سطح کا معاہدہ ہو چکا ہے۔ بورڈ کی منظوری پر تقریباً 1.2 ارب ڈالر دستیاب ہونگے۔ موڈیز کی ریٹنگ Caa3 سے B3 تک بہتر ہوئی، ایس اینڈ پی نے B مائنس سے B کر دی اور فچ نے B مائنس برقرار رکھی۔ تینوں کا آؤٹ لک مستحکم ہے۔مئی 2023ءمیں مہنگائی 38 فیصد تک پہنچی تھی۔ آئی ایم ایف کے اکتوبر کے جائزے میں یہ تقریباً 10.3 فیصد بتائی گئی۔ جون 2024کی 22فیصد پالیسی شرح اکتوبر میں 11.5فیصد تک آئی، جبکہ تازہ دستیاب شرح 12 فیصد ہے۔مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری کی خالص آمد ریکارڈ 3.65 ارب ڈالر رہی، جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں تین کروڑ تیس لاکھ ڈالر کا خالص اخراج ہوا تھا۔ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 20 فیصد بڑھ کر تقریباً 72 کروڑ ڈالر ہوئی اور نجی غیر ملکی سرمایہ کاری میں 44 فیصد اضافہ بتایا گیا۔ برآمدات 11 فیصد بڑھ کر 11.2ارب ڈالر ہوئیں، جن میں اشیا کے 8.5 ارب اور خدمات کے 2.7 ارب ڈالر شامل ہیں۔بیرونِ ملک پاکستانیوں کی ترسیلات 14 فیصد اضافے سے 10.9 ارب ڈالر تک پہنچیں اور روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی مجموعی آمد 14.3 ارب ڈالر ہو گئی۔ آئی ٹی برآمدات 18 فیصد بڑھ کر 1.25 ارب ڈالر اور فری لانسرز کی آمدن 46 فیصد بڑھ کر 55 کروڑ ڈالر ہوئی۔ اسی سہ ماہی میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 75 کروڑ 50 لاکھ سے بڑھ کر 87 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ہوا، جو حکومتی جائزے کے مطابق پیشگی اندازوں کے مطابق تھا۔ آئی ایم ایف کے مطابق پورے مالی سال 2026میں کرنٹ اکاؤنٹ توازن کے قریب رہا۔اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی تعداد سال بہ سال 55 فیصد بڑھ کر تقریباً چھ لاکھ چھپن ہزار ہو گئی۔ ستمبر میں ریکارڈ25281 نئے سرمایہ کار شامل ہوئے، جن میں حکومتی بریفنگ کے مطابق 85فیصد نوجوان تھے۔ گزشتہ سال ایک آئی پی او سے 92کروڑ روپے جمع ہوئے تھے، اس سال چار آئی پی اوز سے 4.6 ارب روپے جمع ہوئے۔ ایف بی آر نے سات فیصد اضافے سے 3.1 ٹریلین روپے وصول کر کے سہ ماہی ہدف عبور کیا، جبکہ ٹیکس فائلرز 45فیصد بڑھ کر 57 لاکھ 70 ہزار ہو گئے۔نجی شعبے کو بینک قرض 16.6فیصد بڑھ کر 11.28 ٹریلین روپے ہوا۔ ہاؤسنگ قرضوں میں 72 فیصد، چھوٹے کاروبار میں 66فیصد، گاڑیوں میں 34 فیصد اور زرعی قرضوں میں 31فیصد اضافہ ہوا۔ گاڑیوں کی فروخت 28فیصد بڑھی، بڑی صنعتوں کی پیداوار میں بہتری آئی اور آئی ایم ایف کے مطابق مالی سال 2026ءمیں معیشت تقریباً چار فیصد بڑھی۔ حکومتی جائزے میں پی آئی اے اور فرسٹ ویمن بینک کی نجکاری مکمل ہونے، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی اور ہوائی اڈوں میں سعودی عرب، ترکیہ اور متحدہ عرب امارات کی دلچسپی کا بھی ذکر ہے۔عام شہری کی سطح پر حکومتی بریفنگ کے مطابق اپنا گھر اسکیم میں 426ارب روپے منظور ہوئے، کسانوں کیلئے زرخیز ای اسکیم جاری ہے اور 2816الیکٹرک گاڑیاں شہریوں تک پہنچیں۔ علاقائی تنازعے کے باعث س تیل مہنگا ہوا تو حکومت کے مطابق 75 ارب روپے کے ریلیف سے ایک کروڑ بیس لاکھ سے زائد موٹر سائیکل اور رکشہ سواروں کو فائدہ پہنچا۔ ریٹیل ادائیگیوں کی تعداد میں ڈیجیٹل لین دین کا حصہ 92 فیصد تک پہنچا اور کیو آر سے ادائیگی قبول کرنے والے دکاندار 20 لاکھ سے تجاوز کر گئے، جو گزشتہ سال سے چار گنا زیادہ ہیں۔شہباز شریف کو اس بات کا کریڈٹ ملنا چاہیے کہ انہوں نے ڈیفالٹ کے خطرے کے دوران مذاکرات سنبھالے، بیرونی ادائیگیوں کا سلسلہ برقرار رکھا اور اپنی معاشی ٹیم کے ساتھ زرمبادلہ کے ذخائر کی بحالی کو ترجیح دی۔ اس دوران برآمد کنندگان، بیرونِ ملک پاکستانیوں اور نوجوان فری لانسرز نے بھی ملک کی بیرونی آمدن بڑھائی۔ تین ارب ڈالر کے بحران سے چھبیس ارب ڈالر سے زیادہ کے مجموعی ذخائر تک پہنچنا ایک بڑی کامیابی ہے۔ اس کامیابی کی پائیداری کا فیصلہ آنیوالے برسوں میں برآمدات، روزگار اور پاکستانی گھرانوں کی قوتِ خرید سے ہوگا۔

تازہ ترین