بلاول بھٹو نے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ہمیشہ متوازن گفتگو کی ہے اور انکے رویہ میں انکی سیاسی تربیت کا عکس دکھائی دیتا ہے۔ انہوں نے 6 نومبر 2026ء کو لاڑکانہ میں اپنے آبائی انتخابی حلقے میں 600 بستروں پر مشتمل جدید اسپتال کا سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کو قابل عمل مشورہ دیا جسے نظر انداز نہیں کرنا چاہئے۔ پاکستان آج ایک ایسے سیاسی دوراہے پر کھڑا ہے جہاں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بداعتمادی کی خلیج گہری ہوتی جا رہی ہے۔ تحریک انصاف کے ساتھ سیاسی اختلافات نے سخت محاذ آرائی کی صورت اختیار کر رکھی ہے، مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ حکومتی وزرا کی لفظی جنگ نے ایک اور سیاسی محاذ کھول دیا ہے۔ معیشت عام آدمی کیلئے مسلسل آزمائش بنی ہوئی ہے، جبکہ قومی سلامتی کو دہشت گردی، بھارت اور افغانستان سے متعلق چیلنجز کا سامنا ہے۔ دوسری جانب ایران اور مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے عالمی معاشی اثرات پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کیلئے مزید مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔ ایسے حالات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا سیاسی قوتوں کو ساتھ لیکر چلنے کا مشورہ غیر معمولی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔انہوں نے وفاقی حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت سب سے لڑنے کے بجائے سیاسی، سماجی اور صوبائی اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنے کا ہے۔ ان کے بقول اگر ہم تحریک انصاف، مولانا فضل الرحمٰن، دہشت گردوں، بھارت اور افغانستان سمیت ہر محاذ پر لڑتے رہیں گے تو عوام کی معاشی مشکلات پر توجہ دینے کا وقت کب ملے گا؟بلاول کے اس بیان کا ایک اہم پہلو تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات اور انتخابی اصلاحات کا معاملہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انتخابی نظام کی شفافیت پاکستان کا ایک بنیادی اور دیرینہ مسئلہ ہے۔ حکومت کی جانب سے قائم کردہ انتخابی اصلاحات کمیٹی اس مسئلے کے حل کا ایک مناسب پلیٹ فارم بن سکتی ہے، بشرطیکہ اپوزیشن کو اس میں مساوی نمائندگی دی جائے۔ انہوں نے تحریک انصاف کو بھی دعوت دی کہ وہ اس کمیٹی میں اپنا کردار ادا کرے تاکہ انتخابات کے حوالے سے شکایات اور تنازعات کا حل پارلیمان کے اندر تلاش کیا جا سکے۔تحریک انصاف کے ساتھ موجودہ کشیدگی محض دو سیاسی جماعتوں کا مسئلہ نہیں بلکہ اس کے اثرات پارلیمان، انتظامیہ اور قومی پالیسیوں تک پھیلتے ہیں۔ حکومت کا مؤقف اپنی جگہ، مگر یہ حقیقت بھی نظرانداز نہیں کی جا سکتی کہ مسلسل سیاسی تصادم سے ریاستی توانائیاں تقسیم ہوتی ہیں۔ دوسری طرف تحریک انصاف کو بھی یہ سمجھنا ہوگا کہ پارلیمانی سیاست میں مذاکرات، قانون سازی اور قومی معاملات میں شرکت جمہوری ذمہ داری کا حصہ ہیں۔ حکومت اور اپوزیشن دونوں کو اپنے اپنے رویوں پر نظرثانی کرنا ہوگی۔ یہ ایک حقیقت ہے اگر تحریک انصاف اور وفاقی حکومت دہشت گردی کے خلاف مشترکہ اتفاقِ رائے پیدا کر لیں تو نہ صرف گورنر راج ختم ہوگا بلکہ جمہوری عمل بھی آ گے بڑھے گا۔مولانا فضل الرحمٰن کیساتھ کشیدگی بھی موجودہ سیاسی منظرنامے کا اہم معاملہ ہے۔ حالیہ ہفتوں میں مولانا اور وفاقی وزرا کے درمیان سخت بیانات کا تبادلہ ہوا۔ مولانا پاکستان کی ایک اہم مذہبی و سیاسی قوت کے سربراہ ہیں۔ ان کے ساتھ اختلافات کو ذاتی یا جماعتی محاذ آرائی میں تبدیل کرنا کسی کے مفاد میں نہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ ان کے تحفظات سنے، صوبائی حقوق کے معاملے پر سنجیدہ مذاکرات کرے اور وزرا کی غیر ضروری بیان بازی کو روکے۔ سیاسی قیادت کا احترام اختلافات ختم کرنے کی پہلی سیڑھی ہے۔
معاشی مشکلات کا معاملہ ان تمام سیاسی مباحث سے زیادہ فوری توجہ کا تقاضا کرتا ہے۔ مہنگائی، بجلی اور گیس کے بل، محدود روزگار، کاروباری سرگرمیوں میں سست روی اور عام آدمی کی قوتِ خرید میں کمی نے معاشی زندگی کو مشکل بنا دیا ہے۔ اس صورت حال میں مشرقِ وسطیٰ کی جنگ اور عالمی منڈی میں توانائی و دیگر اشیا کی قیمتوں پر اس کے اثرات پاکستان کے لیے مزید خطرات پیدا کر سکتے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ کم آمدنی والے طبقات کے لیے مؤثر ریلیف پیکیج بنائے، غیر ضروری سرکاری اخراجات کم کرے، توانائی کے شعبے میں اصلاحات لائے، چھوٹے کاروبار اور صنعت کو سہولت دے اور ٹیکس کا بوجھ منصفانہ انداز میں تقسیم کرے۔قومی سلامتی کے حوالے سے بھی سیاسی اتفاقِ رائے ناگزیر ہے۔ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات، افغانستان کے ساتھ سرحدی و سفارتی مسائل اور بھارت کے ساتھ کشیدہ تعلقات ایسے معاملات ہیں جن پر قومی قیادت کو یکساں سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ حکومت کو یہ ادراک ہونا چاہیے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ایک سرخ لکیر ہے اور منتخب حکومتیں تمام معاملات سے نمٹنے کی بہتر پوزیشن میں ہوتی ہیں۔ تاہم اس مقصد کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر رابطہ، پارلیمان کو اعتماد میں لینا اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنا ضروری ہے۔ قومی سلامتی کے معاملات کو سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کا ذریعہ نہیں بننا چاہیے۔میرے خیال میں اب وقت آ گیا ہے کہ وزیراعظم کی سربراہی میں ایک قومی سیاسی کانفرنس بلائی جانی چاہیے جس میں حکومت، تحریک انصاف، پیپلز پارٹی، جمعیت علمائے اسلام اور دیگر پارلیمانی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی جائے۔ انتخابی اصلاحات کمیٹی میں اپوزیشن کو مساوی نمائندگی دے کر اس کی سفارشات پر عمل درآمد کا واضح نظام بنایا جائے۔ مولانا فضل الرحمٰن سمیت تمام سیاسی قیادت سے براہِ راست رابطے بحال کیے جائیں۔ مزید یہ کہ ایک متفقہ قومی معاشی ایجنڈا تیار کیا جائے جس میں مہنگائی، توانائی، روزگار، زراعت اور صنعتی ترقی کو اولین ترجیح حاصل ہو۔ اس ایجنڈے کی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے پارلیمان میں باقاعدہ رپورٹ پیش کی جائے۔اگر موجودہ کشیدہ ماحول میں اگلے انتخابات کا ڈول ڈالا گیا تو اس سے سیاسی جماعتیں،سیاسی کارکنان اور عوام متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکیں گے۔وزیر اعظم صاحب!اپنے اتحادی بلاول کی ہی سن لیں شاید اندھیری سرنگ کے دوسری جانب روشنی کا سراغ مل جائے۔