لاہور(خصوصی نمائندہ،نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ دوسروں پر بے جا الزام تراشی ،غیر جمہوری رویے اور جھوٹے وعدوں کی بنیاد پر عمران خان کو عوام دوبارہ گہرا سیاسی گھائو لگائیں گے۔ اور انہیں ماضی کی طرح دوبارہ خفت کا سامنا کرنے پڑے گا ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان اپنے ایک طرف قرضہ معاف کرانے والے جہانگیر ترین اور دوسری طرف غریبوں کی زمینوں پر قبضہ کرانے والے علیم خان کو کھڑا کرکے کون سے احتساب کی باتیں کرتے ہیں ۔ حمزہ شہباز جہلم کے حلقہ قومی اسمبلی این اے 63کے علاقے پنڈ دادنخان میں مسلم لیگی ورکرز اور پارٹی رہنمائوں سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ہمارے بزرگوں نے سیاست کو عوامی خدمت سمجھ کر ادا کرنے کا درس دیا ہے ۔ اخلاق سے گری ہوئی گفتگوہمارا شیوہ نہیں ،عزت کسی شان و شوکت سے نہیں لو گوں کے دل جیت کر حاصل ہوتی ہے ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں اندھیروں کو اجالوں میں بدل کر اور دہشت گردی پر قابو پا کر وطن عزیز کو صیحح معنوں میں خوشحال اور ترقی یافتہ بنائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی طرح جہلم بھی نواز شریف کا گھر ہے جہاں 31اگست کے ضمنی الیکشن میں عوام دوبارہ نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرے گی جو عمران خان کی ناکام ریلیوں اور دھرنا سیاست سے لا تعلقی کا اظہار ہو گا ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ ملک کو آگے بڑھنا اور عوام کے دیئے ہو ئے مینڈیٹ کا پاس کرنا چاہیے لیکن عمران خان صوبہ خیبر پختونخوا پر دھیان دینے کی بجائے انتشار کی سیاست کر رہے ہیں ۔ اگر ان کی یہی روش بر قرار رہی تو 2018ء کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو ماضی سے بھاری مینڈیٹ ملے گا ۔