لاہور(خصوصی رپورٹر) تحریک انصاف سینٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے حمزہ شہباز کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ حمزہ شہباز عمران خان کو مشورے دینے کے بجائے خوداپنے والد اور تایا کی کابینہ پر نظر دوڑائیں ، انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ حمزہ شہباز کے والد اور تایا جان نے آمر کی نرسری میں پرورش پائی ، جمہوریت کو احتساب سے نہیں کرپٹ حکمرانوں سے خطرہ ہے۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری ایک بیان میں علیم خان نے کہا کہ پنجاب میں سیاسی ٹارگٹ کلنگ اور بچوں کے اغوا کی وارداتیں عروج پر ہیں جبکہ ماڈل ٹاؤن کے مقتولین کے لواحقین آج بھی دربدر ہیں۔ علیم خان نے حمزہ شہباز کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے والد کو جسٹس باقر کی رپورٹ کو منظر عام پر لانے کا مشورہ دیں۔ تحریک انصاف شریف خاندان کو پانامہ انکشافات سے قوم کی توجہ نہیں ہٹانے دے گی۔