آپ کے مسائل اور ان کا حل
سوال: ہم پہاڑی علاقے میں رہتے ہیں، یہاں بارشوں کے بعد سیلابی صورتِ حال میں جانور (مثلًا: بکری وغیرہ) بہہ کر نشیبی علاقوں میں آجاتے ہیں، جن کے مالک کا پتا نہیں چلتا، کچھ مدت تک تو مالک کا انتظار کیا جاسکتا ہے، لیکن ظاہر ہے یہ جانور بہت دور دراز سے بہتے ہوئے آتے ہیں، اس لیے عموماً ان کے مالکان کو علم نہیں ہوتا کہ وہ کہاں گئے، زندہ بھی ہیں یا سیلاب میں مرگئے۔ ان جانوروں کا کیا کیا جائے؟ بعض اوقات ان جانوروں کے بچے بھی پیدا ہوجاتے ہیں، ان کا کیا کرنا چاہیے؟
جواب: پانی میں بہہ کر آنے والے جانور کا حکم وہی ہے جو عام "لُقطہ" (کسی کی مملوکہ گم شدہ چیز) کا ہے، یعنی جو شخص گم شدہ بکری وغیرہ اٹھائے اس کے ذمے لازم ہے کہ وہ اس کی خوب تشہیر کرے، تاکہ اس کے مالک کو اطلاع ہو اور وہ آکر وصول کرلے، اگر مالک آکر اپنی ملکیت ثابت کردے تو بکری وغیرہ اس کے حوالے کردے۔
اگر تشہیر کے باوجود مالک کے ملنے کی امید نہ رہے اور اس کی حفاظت مشکل ہو تو اُسے صدقہ کردے، پھر اگر وہ بکری وغیرہ اٹھانے والا خود مستحقِ زکوٰۃ ہے تو وہ خود بھی استعمال کرسکتا ہے، اگر وہ خود مستحق نہیں ہے تو کسی بھی مستحقِ زکوٰۃ کو دے دے۔
اس کے بعد اگر اَصل مالک آجائے تو اُسے اختیار ہوگا کہ وہ صدقے کو برقرار رکھے، اس صورت میں صدقے کا ثواب اُسے ملے گا، اور چاہے تو اپنی چیز کا ضمان وصول کرلے، اگر وہ بکری وغیرہ مستحق کے پاس بعینہ موجود ہو تو اصل مالک وہی لے گا، گم شدہ چیز اٹھانے والے یا مستحق شخص سے ضمان نہیں لے گا۔اس دوران بکری وغیرہ کے بچے پیدا ہوجائیں تو وہ بکری کے تابع سمجھے جائیں گے اور ان کا حکم بھی یہی ہوگا۔
نیز اس عرصے میں بکری وغیرہ اُٹھانے والے نے بکری کے چارے یا دیگر ضروریات پر اَز خود جو خرچ کیا ، وہ اس کی طرف سے تبرع و اِحسان ہوگا، مالک سے اس کے معاوضے کے مطالبے کا اسے حق نہیں ہوگا۔
البتہ اگر گم شدہ چیز اٹھانے کے بعد اس پر خرچ کرنے سے پہلے ہی قاضی سے باقاعدہ منظوری لے لی ہو کہ اتنی مدت تک اس پر جو کچھ خرچ کرے گا وہ بطورِ قرض خرچ کرے گا، اَصل مالک کے آنے کی صورت میں اس سے یہ وصول کیا جائے گا تو اسے خرچ کردہ رقم کے بقدر وصول کرنے کا حق ہوگا۔
(البناية شرح الهداية،کتاب اللقطة، الالتقاط في الشاة والبقر والبعير، ج:7، ص:334، ط: دار الكتب العلمية - الفتاوىٰ الهندية، کتاب اللقطة، ج:2، ص:290، 291، ط: دارالفکر)