• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
فائل فوٹو
فائل فوٹو

آپ کے مسائل اور ان کا حل

سوال: ایک خاتون امید سے تھی، اس دوران شوہر سے ناراضی کی وجہ سے وہ اپنے والدین کے گھر چلی گئی، ولادت کا وقت قریب آیا تو وہ اپنے والدین کے گھر پر ہی تھی، شوہر سے تعلقات صحیح نہیں تھے، اس لیے وہیں سے ہسپتال چلی گئی، اور ہسپتال جانے سے پہلے شوہر سے اجازت لے لی کہ ڈیلیوری کے لیے فلاں ہسپتال جارہے ہیں، شوہر نے کہا ٹھیک ہے، لیکن اب شوہر ڈیلیوری کے اخراجات دینے میں ٹال مٹول کر رہا ہے، جب کہ یہ اخراجات بیوی کے والدین نے ادا کیے ہیں۔اس بارے میں شرعی حکم سے آگاہ فرمائیں؟

جواب: جس طرح پیدائش کے بعد بچے کا نفقہ اور اس کی ضروریات کا انتظام والد کے ذمے ہے، اسی طرح بچے کی پیدائش کے اخراجات بھی والد کے ذمے ہیں، کیوں کہ عورت اپنے شوہر کے لیے اولاد جنتی ہے، بچے کی نسبت والد کی طرف ہوتی ہے، اور اس کا نسب والد کی طرف سے ہی چلتا ہے، قرآن مجید میں ہے: "اور جس کا بچہ ہے (یعنی باپ) اس کے ذمے ہے ان (ماؤں) کا کھانا اور کپڑا قاعدے کے موافق۔" (ترجمہ از بیان القرآن للتھانوی، البقرۃ: 233)

یعنی بچہ تو ماں کا بھی ہوتا ہے، لیکن شرعاً و عرفاً وہ والد کا کہلاتا ہے، اور عورت کے پاس وہ امانت سمجھا جاتا ہے، اس لیے اس کی کفالت وغیرہ کی ذمہ داری والد پر ڈالی گئی ہے۔

صورتِ مسئولہ میں مذکورہ خاتون اپنے شوہر کی اجازت سے ہسپتال گئی تھیں، لہٰذا ہسپتال میں ڈیلیوری پر آنے والے اخراجات شوہر کے ذمے تھے، بیوی کے والدین نے اس حوالے سے جو ضروری اخراجات کیے ہیں، وہ اپنے داماد سے ان کی واپسی کا مطالبہ کرسکتے ہیں۔ (ردّ المحتار، کتاب النکاح، باب النفقہ، ج:3،ص:579،ایچ ایم سعید)

اقراء سے مزید