جنوبی پنجاب کے دور دراز علاقے راجن پور کے ایک گاؤں میں رات کے وقت کسی بچے کی طبیعت بگڑ جاتی ہے۔ گھر والے اسے قریبی مرکزِ صحت لے جاتے ہیں۔ وہاں پہنچ کر پتا چلتا ہے کہ کوئی ڈاکٹر موجود نہیں۔ یہاں ڈاکٹر کی اسامی ایک عرصے سے خالی پڑی ہے۔ بروقت علاج نہ ملنے کے باعث بچہ زندگی کی بازی ہار جاتا ہے۔ کچھ دن بعد اس کا باپ اپنے منتخب نمائندے کے پاس جاتا ہے اور پوچھتا ہے کہ مرکزِ صحت میں اتنے عرصے سے ڈاکٹر کیوں نہیں تھا۔ اسے بتایا جاتا ہے کہ تقرری کا اختیار لاہور میں ہے۔ وہ شاید یہ پوچھے کہ لاہور میں اس کے گاؤں کا نام کون جانتا ہے؟ پاکستان میں نئے صوبوں کی بحث اسی سوال سے شروع ہونی چاہیے۔
پاکستان کی آبادی پچیس کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔ پنجاب میں 2023ءکی مردم شماری کے وقت قریب تیرہ کروڑ سے زیادہ لوگ رہتے تھے۔ دو لاکھ مربع کلومیٹر سے زیادہ رقبے پر پھیلے اس صوبے میں بڑے فیصلے ایک وزیراعلیٰ اور لاہور میں قائم صوبائی انتظامیہ کے تحت ہوتے ہیں۔ پنجاب سے کم آبادی والے جرمنی میں سولہ ریاستیں اور سوئٹزرلینڈ میں چھبیس کینٹن ہیں۔ ہمارے ہاں ایک صوبے کے اندر اتنی آبادی اور اتنے مختلف علاقے ہیں کہ دارالحکومت کی ترجیحات میں سب کی ضرورتیں پوری کرنا دشوار ہو جاتا ہے۔پنجاب خوش قسمت ہے کہ اس کے پاس وسائل ہیں۔ لاہور کی ترقی بتاتی ہے کہ حکومت کسی شہر کو ترجیح دے تو کتنے کام ہو سکتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ یہی توجہ جنوبی پنجاب کو کون دے گا؟ اگر جنوبی پنجاب کا اپنا صوبہ، اپنا وزیراعلیٰ اور اپنا ترقیاتی بجٹ ہو تو راجن پور کا شہری اس شخص تک پہنچ سکے گا جس کے پاس فیصلے کا اختیار ہے۔ وہ پوچھ سکے گا کہ تحصیل کے ہسپتال میں ڈاکٹر کب آئے گا اور سیلاب میں ٹوٹی سڑک کب بنے گی۔ وزیراعلیٰ کو بھی معلوم ہوگا کہ اگلے انتخابات میں انہی سوالوں کے ساتھ انہی لوگوں کے پاس جانا ہے۔سندھ میں پیپلز پارٹی 2008 سے صوبائی حکومت بناتی رہی ہے۔ کراچی کے سابق سٹی ناظم اور ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ کمال پوچھتے ہیں کہ شہر کے کئی علاقے کھنڈر کا منظر کیوں پیش کرتے ہیں۔ ان کے مطابق تقریباً اٹھارہ برس میں سندھ حکومت کو بائیس ہزار ارب روپے، یعنی بائیس لاکھ کروڑ روپے ملے اور کراچی کے لیے اس رقم کا معمولی حصہ مختص ہوا۔ اتنے نوٹ بچھائے جاتے تو شاید نوٹوں کی سڑکیں بن جاتیں۔ شہری تو اتنا پوچھ رہا ہے کہ پائپ ڈالنے کے لیے جو سڑک کھودی گئی تھی، اسے دوبارہ بنانے کے پیسے کہاں گئے؟ اندرونِ سندھ کے کسی قصبے میں ادھوری پانی کی اسکیم دیکھ لیجیے، وہاں بھی سوال یہی ہے۔ کرپشن کے الزامات کا جواب ہر ضلع کی وصولیوں، ٹھیکوں اور اخراجات کا حساب عوام کے سامنے رکھ کر دیا جا سکتا ہے۔مصطفیٰ کمال کی کوشش قابلِ قدر ہے کہ انہوں نے نئے صوبوں اور بااختیار انتظامی یونٹس کا سوال مسلسل اٹھایا۔ ان کی وزارت سے متعلق کرپشن کے الزامات اور گرفتاری کی باتوں کو جس طرح سیاسی بحث میں اچھالا جاتا ہے، اس سے یہ شبہ پیدا ہوتا ہے کہ صوبے کا نام لینے کی سیاسی قیمت ان سے وصول کی جا رہی ہے۔ اگر سیاسی مخالفین نئے صوبوں کی تجویز سے اختلاف کرتے ہیں تو بتائیں کہ کراچی اور اندرونِ سندھ کے شہریوں کو اپنا بجٹ بنانے اور اپنے حکمران سے اس کا حساب لینے کا اختیار کیسے ملے گا؟ ۔بلوچستان میں کوئٹہ سے فاصلے کا مطلب اس خاندان سے پوچھئے جو مریض کو علاج کے لیے کئی گھنٹے سڑک پر لے کر چلتا ہے۔ مکران یا خاران میں ہسپتال کو عملہ چاہیے، پانی کی اسکیم رکی ہوئی ہے یا بارش میں رابطہ سڑک بہہ گئی ہے تو مقامی انتظامیہ کے پاس فیصلہ کرنے اور خرچ کرنے کا اختیار ہونا چاہیے۔ وزیراعلیٰ کے اگلے دورے تک زندگی انتظار نہیں کرتی۔خیبر پختونخوا میں چترال، جنوبی اضلاع اور ضم شدہ قبائلی علاقوں کی ضرورتیں الگ ہیں۔ پشاور میں بیٹھا افسر بند سڑک کی رپورٹ پڑھ سکتا ہے۔ مقامی نمائندہ جانتا ہے کہ اس سے کتنے گاؤں کٹ گئے ہیں اور مریض کو ہسپتال لے جانے کا دوسرا راستہ کتنا طویل ہے۔ اسے ترجیح طے کرنے کا اختیار دیجیے اور پھر اسی سے پوچھئے کہ سڑک کب کھلے گی۔
جہاں آبادی، فاصلوں اور مقامی رائے کی بنیاد پر نئے صوبے کا مقدمہ بنتا ہے، وہاں آئینی طریقے سے صوبہ بنایا جائے۔ جہاں علاقائی یا شہری حکومت یہ ذمہ داری اٹھا سکتی ہے، اسے منتخب قیادت، عملہ اور اپنا بجٹ دیا جائے۔ وسائل تقسیم کرتے وقت آبادی کے ساتھ غربت، رقبے اور سہولتوں کی کمی کو بھی دیکھا جائے۔ ہر ضلع کو معلوم ہو کہ اس کے لیے کتنی رقم منظور ہوئی، کتنی جاری ہوئی اور اس سے کون سا کام مکمل ہوا۔ چھوٹے صوبے کی حکومت سے بھی یہی حساب لیا جائے، ورنہ نئے دارالحکومت سے دور رہنے والے شہری پھر وہی پرانا سوال پوچھیں گے۔
آج کسی کاروباری شخص کی شکایت صوبائی حکومت میں سنی نہ جائے تو وہ کبھی آرمی چیف تک رسائی ڈھونڈتا ہے، کبھی چیف جسٹس تک اپنی فریاد پہنچانا چاہتا ہے۔ بااختیار مقامی حکومت میں اسے معلوم ہوگا کہ متعلقہ افسر کون ہے، فیصلہ کس نے کیا اور اگلے الیکشن میں کس سے حساب لینا ہے۔ پاکستان ایک بہتر ریاست تب بنے گا جب راجن پور کے کسی اور باپ کو اپنے بچے کے علاج کیلئے ایسی بے بسی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس کا منتخب حکمران اس کے قریب ہوگا اور ڈاکٹر کی تقرری کا اختیار بھی اسی کے پاس ہوگا۔ جب وہ ووٹ مانگنے آئے گا تو راجن پور کے لوگ اس سے پوچھ سکیں گے کہ ہمارے مرکزِ صحت کیلئے پیسہ آیا تھا، ڈاکٹر کیوں نہیں آیا؟