پاکستان کی سیاست میں اقتدار کی جنگ اب صرف اسمبلیوں، جلسوں اور انتخابی میدانوں تک محدود نہیں رہی بلکہ اصل مقابلہ بیانیے کی جنگ بن چکا ہے۔ کون عوام کو اپنی بات پر قائل کرتا ہے، کون مخالف کی سیاسی ساکھ کو نقصان پہنچاتا ہے اور کون آنے والے انتخابات سے پہلے اپنی پوزیشن مستحکم کرنے میں کامیاب ہوتا ہے، اس کا فیصلہ اب سے شروع ہونے والی سیاسی صف بندیوں سے ہوگا۔ پنجاب میں مریم نواز شریف اور وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کے درمیان پیدا ہونے والی تلخی بظاہرسیاسی مفادات اور بیانیے کا ٹکراؤ دکھائی دیتی ہے، لیکن اس تنازعے کے پس منظر میں جو سیاسی اشارے سامنے آ رہے ہیں وہ محض دو شخصیات کی باہمی ناراضی سے کہیں زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔
دوسری طرف مولانا فضل الرحمن اور حکومتی وزراءکے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی، تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے مولانا کو اپوزیشن کی قیادت کے لئے آمادہ کرنے کی کوشش اور بانی تحریک انصاف کیلئے عدالتی ریلیف ایک نئے سیاسی منظرنامے کی تشکیل کو نئی بنیاد فراہم کررہی ہیں۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ پاکستان میں آئندہ انتخابات کا بیانیہ ابھی سے تیار کیا جا رہا ہے اور اس تیاری میں ہر سیاسی جماعت اپنے لئے جگہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔مریم نواز نے ایک طرف پنجاب میں کرپشن کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کا اعلان کیا تو دوسری طرف چوہدری سالک حسین کو واضح پیغام دیا ہے کہ اگر انہیں حکومت پر اعتراض ہے تو کابینہ سے استعفیٰ دے کر سامنے آئیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انتخابات قریب آتے ہی ان کیخلاف الزامات اور تنقید کا سلسلہ تیز کیا جا رہا ہے۔ مریم نواز کی جانب سے قانونی نوٹس بھی اس تنازعے کو ایک نئے مرحلے میں داخل کر چکا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ حکومتی حلقوں کی جانب سے اس معاملے کو محض دو سیاست دانوں کی لفظی جنگ نہیں سمجھا جا رہا بلکہ پنجاب میں کسی متبادل سیاسی انتظام کی راہ ہموار کرنے کی کوشش کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔ کچھ سیاسی عناصر مستقبل کے ممکنہ حالات کو سامنے رکھ کر اپنی نئی پوزیشن لے رہے ہیں۔چوہدری سالک حسین کے بیانات کو سمجھنے کے لئے چوہدری خاندان کی سیاسی تاریخ اور موجودہ سیاسی تعلقات کو بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ سالک حسین نے پنجاب کی موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے اپنے چچا پرویز الٰہی کے دور حکومت کی تعریف کی، ترقیاتی فنڈز کی تقسیم اور حکومتی اخراجات پر سوالات اٹھائے۔ بظاہر یہ ایک وفاقی وزیر کی جانب سے حکومتی معاملات پر تنقید تھی، لیکن سوال یہ ہے کہ اگر سالک حسین کو پنجاب حکومت کی کارکردگی پر اتنے سنجیدہ اعتراضات تھے تو انہوں نے اپنی جماعت اور اتحادی حکومت کے اندر یہ معاملہ پہلے کیوں نہیں اٹھایا؟ اور اگر انہوں نے عوامی سطح پر بات کرنا ضروری سمجھا تو کیا وہ اس کے سیاسی نتائج سے بے خبر ہیں؟یہاں ایک بنیادی سوال جنم لیتا ہے کہ کیا یہ چوہدری سالک کا ذاتی سیاسی مو قف ہے یا چوہدری خاندان پنجاب میں اپنے سیاسی اثر و رسوخ کی بحالی چاہتا ہے یا کسی بڑے سیاسی منصوبے کے تحت مریم نواز کو دبائو میں لانے کی کوشش ہو رہی ہے؟ ان سوالات کے جواب فی الحال کسی کے پاس نہیں، لیکن حکومتی حلقوں کے متبادل انتظام والے بیانات نے اس تنازعے کو ایک نئی سیاسی معنویت ضرور دے دی ہے جو غیرمعمولی ہے۔ مریم نواز کا انہیں استعفے کا مشورہ دینا دراصل یہ پیغام ہے کہ حکومت میں رہ کر حکومت کے خلاف محاذ آرائی برداشت نہیں کی جائے گی۔ مریم نوازنے تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی وزیر یا اہلکار کے خلاف کرپشن یا رشوت لینے کے شواہد موجود ہیں تو انہیں سامنے لایا جائے، وہ کسی کو نہیں چھوڑیں گی۔ مریم نواز اگر پنجاب میں اپنی کارکردگی کو آئندہ انتخابات کا مرکزی بیانیہ بنانا چاہتی ہیں تو انہیں تنقید کو محض سیاسی سازش قرار دینے کے بجائے اس کا جواب اعداد و شمار، شفافیت اور عملی نتائج سے دینا چاہئے۔یہ معاملہ اب مریم نواز اور سالک حسین کی ذاتی انا سے نکل کر اتحادی سیاست، پنجاب میں اقتدار کی تقسیم اور مستقبل کے سیاسی انتظام کا سوال بنتا جا رہا ہے۔آنے والے دنوں میں اصل سوال یہ ہوگا کہ کیا مسلم لیگ (ن) اپنی اتحادی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلنے میں کامیاب رہتی ہے یا اس کے اندر موجود اختلافات ایک نئے سیاسی بحران کو جنم دیتے ہیں؟
چوہدری سالک حسین کا معاملہ اگر صرف ایک بیان اور قانونی نوٹس تک محدود رہتا ہے تو شاید اسے وقتی تنازع سمجھ کر نظرانداز کر دیا جاتا، اگر اس کے پیچھے واقعی کسی متبادل سیاسی انتظام کی کوشش موجود ہے تو اس کے اثرات پنجاب سے نکل کر وفاقی سیاست تک پہنچ سکتے ہیں۔ مریم نواز کے لئے بھی یہ ایک امتحان ہے کہ وہ اپنی حکومت کے خلاف اٹھنے والی آوازوں کا جواب سیاسی برداشت، شفاف احتساب اور کارکردگی سے دیتی ہیں یا اسے اپنی ذات اور اقتدار کے خلاف سازش قرار دے کر مزید محاذ آرائی کا راستہ اختیار کرتی ہیں۔مولانا فضل الرحمن کی ممکنہ اپوزیشن قیادت، تحریک انصاف کی سیاسی مشکلات، عدالتی فیصلوں کی سمت اور پنجاب میں مریم نواز کے خلاف سامنے آنے والی تنقید، یہ تمام معاملات ایک دوسرے سے جڑتے دکھائی دے رہے ہیں۔ بظاہر مختلف سیاسی واقعات کے پیچھے ایک مشترکہ سوال موجود ہے کہ آئندہ انتخابات میں سیاسی قوتوں کی صف بندی کس بنیاد پر ہوگی؟ کیا مسلم لیگ (ن) اپنی حکومتی کارکردگی کو انتخابی بیانیہ بنائے گی؟ کیا تحریک انصاف اپنے بانی کی رہائی اور عوامی مینڈیٹ کے بیانیے کے ساتھ میدان میں اترے گی؟ کیا مولانا فضل الرحمن اپوزیشن کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے میں کامیاب ہوں گے؟ اور کیا چودھری سالک حسین کا معاملہ پنجاب میں کسی نئی سیاسی صف بندی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا؟اسی تناظر میں پاکستان کی سیاست ایک مرتبہ پھر ایسے دوراہے پر کھڑی ہے جہاں ہر فریق اپنی سیاسی بساط بچھانے میں مصروف ہے۔بیانئے کی اس جنگ میں کسی کو وقتی برتری ضرور حاصل ہو سکتی ہے، لیکن حتمی فیصلہ عوام ہی کریں گے۔