وفاقی ٹیکس محتسب ظفر حجازی نے ایک کمپنی کے 1 ہی مالی سال کے 3 مختلف آڈٹ شدہ مالیاتی گوشوارے سامنے آنے اور ان میں منافع، بینک بیلنس اور ذخائر کے اعداد و شمار میں فرق کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے آڈٹ اور کارپوریٹ رپورٹنگ کے نظام میں خامیوں کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
وفاقی ٹیکس محتسب کے اعلامیے کے مطابق تحقیقات میں آڈٹ فرموں کے ناموں اور لیٹرہیڈز کے غیر مجاز استعمال کا انکشاف بھی ہوا ہے، جس کے بعد سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)، انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان (آئی کیپ)، آڈٹ اوورسائٹ بورڈ اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو مشترکہ مطالعہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملک میں تقریباً 3 لاکھ رجسٹرڈ کمپنیوں کے مقابلے میں صرف 20 ہزار آڈٹ رپورٹس پر شناختی نمبر موجود ہونا ایک بڑا فرق ہے، جو آڈٹ اور مالیاتی رپورٹنگ کے نظام میں موجود کمزوریوں کی نشاندہی کرتا ہے۔
وفاقی ٹیکس محتسب نے مالیاتی گوشواروں کی ڈیجیٹل تصدیق کے لیے مرکزی نظام قائم کرنے کی تجویز پر بھی غور کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کمزور آڈٹ نظام قومی خزانے کے تحفظ کے لیے خطرہ بن سکتا ہے، اس لیے نظام میں شفافیت اور مؤثر نگرانی ضروری ہے۔
اعلامیے کے مطابق متعلقہ اداروں کو 15 دن کے اندر مطالعاتی ٹیم کے لیے اپنے نمائندے نامزد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ٹیم 60 دن میں اپنی جامع رپورٹ اور سفارشات پیش کرے گی۔
سیکرٹری ریونیو ڈویژن کو بھی 30 دن کے اندر تعمیلی رپورٹ جمع کروانے کا حکم دیا گیا ہے۔
وفاقی ٹیکس محتسب نے واضح کیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد کسی مخصوص آڈٹ فرم یا فرد کے خلاف کارروائی کرنا نہیں بلکہ آڈٹ اور کارپوریٹ رپورٹنگ کے نظام کی اصلاح، شفافیت اور بہتری کو یقینی بنانا ہے۔
دوسری جانب شکایت کنندہ کو جزوی ریلیف دیتے ہوئے انکم ٹیکس آرڈیننس کی دفعہ 176 کے تحت شکایت کا دوبارہ جائزہ لینے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔