کراچی میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے ضلعی سطح پر پولیس کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کے پیشِ نظر شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس نے سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی ہے، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریڈ زون میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق کراچی پریس کلب اور اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ شہر کے دیگر مختلف اہم مقامات پر بھی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات ہیں۔
مختلف احتجاجی ریلیوں کے پیشِ نظر ایف ٹی سی پُل پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں، نمائش چورنگی، شاہراہِ قائدین اور گرومندر پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ صدر، ایمپریس مارکیٹ اور شارع فیصل پر بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔