سوشل میڈیا پہ اخروٹ کی جنگ جاری ہے ۔ یہ تو خیر سفید جھوٹ ہے کہ محض اخروٹ کلینیکل ڈپریشن کا خاتمہ کر سکتے ہیں ۔اس ماہرِ نظامِ انہضام کی دوسری اکثر باتیں البتہ درست ہیں ۔غذا پہ نظر رکھی جائے تو ڈاکٹر کے پاس جانے کی ضرورت ہی نہ پڑے ۔چالیس برس کی عمر تک پہنچتے پہنچتے ہم شوگر ، بلڈ پریشر، کولیسٹرول ، یورک ایسڈ اور فیٹی لیور کا شکار کیوں ہو جاتے ہیں ؛حالانکہ یہ بھرپورطاقت کی عمر ہوتی ہے ۔ جاپان میں ساٹھ پینسٹھ برس کا آدمی جوان تصور کیا جاتاہے ۔
اس کی ایک بہت بڑی وجہ یہ ہے کہ ہم شوگر سپائک پہ چل رہے ہیں ۔ وہ چیزیں ، چینی کی وجہ سے جن کا ذائقہ عمدہ محسوس ہوتاہے ۔ اس کی وجہ سے پہلے شوگر اوپر جاتی ہے اور توانائی محسوس ہوتی ہے ۔ پھر شوگر گرتی ہے تو جلدی سے دوبارہ میٹھا کھانے کا جی چاہتاہے ۔بوتل میں ملنے والے ٹھنڈے مشروبات کے ایک گلاس میں سات چمچ تک چینی ہوتی ہے ۔ کھانا ہم اس سے بہت زیادہ کھاتے ہیں ، جتنا ہمارے اعضا ہینڈل کر سکتے ہیں ۔ ناشتے میں پراٹھا ، دوپہر اور رات کو دو دو تین تین روٹیاں ۔چالیس برس کے ایک دوست کو ذیابیطس لاحق ہوگئی ۔اس کاوزن کافی بڑھا ہوا تھا۔ میں نے پوچھا : کیا تم زیادہ کھاتے ہو۔ بولا: کھانے کیلئے ہی انسان کماتا ہے ۔الحمد للہ، ہم تُن کے کھاتے ہیں ۔میں اپنا قہقہہ ضبط نہ کر سکا۔
چند برس پہلے تک میں روزانہ پانچ کپ چائے میں پندرہ چمچ چینی پی رہا تھا ۔ سردیوں میں روزانہ پانچ چھ گلاس مالٹے کا رس ۔ ساتھ ہی ساتھ میں سمجھتاتھا کہ پھلوں کا یہ رس جسم کیلئے انتہائی مفید ہے ۔ مجھے یہ معلوم ہی نہیں تھا کہ اتنا فرکٹوز پینے کی وجہ سے جگر کئی سال مسلسل حالتِ جنگ میں رہا ۔ جب یہ سلسلہ جاری رہتاہے تو مجبوراً جگر چربی کو اپنے اندر جمع کرنا شروع کر دیتاہے ۔ اسے فیٹی لیور کہتے ہیں۔گندا ، غیر معیاری اور بار بار استعمال کیا جانے والا گھی دل اور جگر کے امراض ، ذیابیطس اور کینسر کی طرف لے جا رہا ہوتاہے ۔ انسان جب یہ سب کچھ کر کے اپنے جسم کو اپنے ہاتھ سے تباہ کر رہا ہوتاہے تو وہ سمجھ رہا ہوتاہے کہ زیادہ کھانا اور موٹاپا طاقت کی علامت ہے ۔ جب جلد کے نیچے اور پیٹ کے خانے میں چربی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ختم ہو جاتی ہے، تو اضافی چربی جسم کے نازک اعضا ،دل، لبلبے ، گردوں اور پٹھوں میں جمع ہونے لگتی ہے۔ انسان اپنے ہاتھ سے اپنی قبر کھو درہا ہوتاہے ۔ جون ایلیا نے کہا تھا:
میں بھی بہت عجیب ہوں اتنا عجیب ہوں کہ بس
خود کو تباہ کر لیا اور ملال بھی نہیں
ہمیں کبھی پیدل چلنے، دوڑ لگانے یا جم کرنے کی کوئی ضرورت محسوس ہی نہیں ہوتی ۔ جسم میں چربی کا تناسب پچیس فیصد سے کہیں بڑھ جاتاہے ۔ میٹھی چائے بار بار پینے کی طلب کیوں ہوتی ہے ؟ چینی اور کیفین دماغ میں عارضی خوشی اور توانائی کا احساس جگا کر جسم کو نشے کا عادی بنا لیتے ہیں۔
جسم میں کولیسٹرول بڑھ چکا ہوتاہے ۔دن میں بار بار پی جانے والی چائے کے دودھ میں موجود سیچوریٹڈ فیٹ برے کولیسٹرول کو مزید بڑھاتی ہے ۔ خون کی شریانوں میں چربی جمنے اور دل کی بیماری کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔وزن بڑھنے کے بعد ریڑھ کی ہڈی اور گھٹنے بوجھ اٹھا اٹھا کر تھک جاتے ہیں ۔ بے تحاشا یورک ایسڈ کی وجہ سے گردے میں پتھریاں بنتی ہیں ۔ یہ پتھریاں کمر کے نچلے حصے میں شدید درد، پیشاب میں جلن یا خون آنے کا باعث بنتی ہیں۔یورک ایسڈ کے نوکیلے کرسٹلز جوڑوں ، بالخصوص پاؤں کے بڑے انگوٹھے، ٹخنوں اور گھٹنوںمیں جمع ہو کر شدید درداور سوجن پیدا کرتے ہیں ۔ گردوں میں خون کی نالیوں کے سکڑنے سے گردوں کے فلٹر متاثر ہوتے ہیں ۔ کولیسٹرول بڑھنے سے خون کی نالیاں تنگ ہو جاتی ہیں ۔ انسان تیزی سے دل کے دورے یا فالج کی طرف بڑھتاہے ۔یہ سب کرتے ہوئے وہ ساتھ ساتھ کہہ رہا ہوتاہے کہ کھانےکیلئے کماتا ہوں ۔ میں تُن کے کھاؤں گا۔ ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر بینائی سمیت پورے جسم کو تباہ کر دیتے ہیں ۔ لوگ نابینا ہونا گوارا کر لیتے ہیں ،کھانا کم نہیں کرتے ۔ روحانی طور پر بھی اگر آپ دیکھیں تو آپ کا رزق مقدر ہے ۔ آپ جتنا زیادہ کھائیں گے ، اتنا جلدی اسے ختم کر کے قبر میں جا لیٹیں گے ۔ اگر آپ تمباکو نوشی کو مضرِ صحت قرار دیں تو ایک بقراط آپ کو بتائے گا کہ میرا دادا سگریٹ پیتا تھا اور 104 سال کی عمر میں فوت ہوا ۔ بھئی تمہارا دادا تو ایک Exceptionتھا۔ عالمی ادارہ ء صحت کے مطابق تمباکو نوشی ہر سال 70 لاکھ ہلاکتوں کا باعث بنتی ہے ۔ سگریٹ پینے والے ہر شخص کو کینسر نہیں ہوتالیکن پھیپھڑوں کے کینسر میں 80فیصد کیسز سگریٹ نوشوں کے ہیں ۔
ہمارے معاشرے میں وزن کم کرنے والے کو کہا جاتاہے کہ تم تو بالکل نچڑ کے رہ گئے۔ چائے یا ٹھنڈے مشروبات سے انکار کریں تو میزبان ناراض ہوجاتے ہیں ۔ پیٹ کا وزن بڑھنے سے جسم کا توازن آگے کی طرف جھکتا ہے، جس سے ریڑھ کی ہڈی کے نچلے مہروں پر غیر معمولی دباؤ پڑتا ہے۔ مسلسل دباؤ کی وجہ سے مہروں کے درمیان موجود ڈسکس دب کر اپنی جگہ سے کھسک سکتی ہیں ۔ انسانی تاریخ کا سب سے بڑا باڈی بلڈر رونی کولمین اسی وجہ سے اب بیساکھیوں کے سہارے چلتاہے ۔ انسان کی باقی زندگی ڈاکٹر حضرات کے مالی مسائل حل کرنے میں بسر ہوتی ہے ۔ ڈاکٹر حضرات میں لالچی لوگوں کی تعداد اتنی ہی ہے ، جتنی باقی شعبوں میں ہے ۔دوسرا ہر دوائی کے سائیڈ افیکٹس ہو تے ہیں ۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ دوا لینا چھوڑ دیں ۔ جس شخص کے گردے خراب ہوچکے ، اگر وہ دوا نہ لے یا ڈائیلسز نہ کرائے تو چند مہینوں میں ایک سسکتی ہوئی موت مر جائے گا۔ ڈائیلسز پر تو لوگ دس دس سال بھی زندہ رہتے ہیں ۔ صحت مند طرزِ زندگی اختیار کیا جائے تو اس سب کی نوبت ہی نہ آئے ۔ جتنی زندگی خدا نے لکھی ہے ، وہ صحت مند ی کے ساتھ بسر ہو ۔صحت مند طرزِ زندگی اگر اختیار نہیں کرینگے اور بالخصوص منہ اگر بند نہیں کریں گے تو پھربیماریوں اور تکلیف کیلئے بھی تیار رہیں !