• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریاست اور سیاست میں ٹھن چکی ہے ، دونوں کو غصہ تھوکنا ہوگا کہ دونوں ایک دوسرے سے جڑے ہیں ۔ قوموں ملکوں کے عروج و زوال کی کہانی سیاسی استحکام اور عدم استحکام سے منسلک ہے ۔ دنیا کی 20بڑی اقتصادی طاقتوں میں ایک قدر مشترک ، انکا سیاسی استحکام ہے ۔ پوری دنیا کے193ممالک کا ٹوٹل جی ڈی پی 128 ٹریلین ڈالرز جبکہ سرفہرست G-20کی کُل دولت تقریباً 100ٹریلین ڈالرز ہے جو پوری دنیا کے GDPکا تقریباً 80فیصد ہے ۔ تصویر کا ایک اور رُخ ، دو ممالک ونیزویلا اور نائیجریاکی مثال سامنے ، بالترتیب ( معلوم ) تیل ، گیس ، معدنیات کے ذخائر 25ٹریلین ڈالرز اور 5ٹریلین ڈالرز ہیں ۔ دولت سے مالا مال دونوں ممالک غربت میں نمایاں ہیں کہ دونوں سیاسی عدم استحکام کا شکار ہیں ۔

سیاسی عدم استحکام نے پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کر رکھا ہے ۔ پچھلے 75سال سے ہر 8/10 سال بعد سیاست کو آڑے ہاتھوں لیا جاتا رہا فیلڈ مارشل ایوب خان یا جنرل ضیاء الحق یا جنرل پرویز مشرف مارشل لا نافذ ہوئے تو پہلی تادیبی کارروائی سیاستدانوں کیخلاف ہوئی ۔ 25 اکتوبر 1958 کو ایوب خان نے مارشل لا لگایا تو 9 ماہ بعد یعنی 7 اگست 1959 میں سیاستدانوں کا قلع قمع کرنے کیلئے ایبڈو ( EBDO ) قانون متعارف کرایا ،

(ELECTIVE BODIES DISQUALIFICATION ORDER )

جسکا مطلب ’ منتخب نمائندوں کو نااہل قرار دینے کا حکم نامہ‘ ۔ جنرل ضیاء الحق اور جنرل مشرف نے پرانے سیاستدانوں کو ختم کرکے نئی بھرتی کی تو نظام پھر بھی نہ پنپ سکا ۔ جنرل ضیاء الحق ( 1988) اور جنرل مشرف ( 2008) جب اقتدار سے علیحدہ ہوئے تو مملکت ہر نظام سے محروم تھی ۔

5 جون 2013ءمیں نواز شریف وزیراعظم بنے تو ٹھیک 11ماہ بعد اپریل 2014ءمیں ملک کے طول و عرض میں سیاست نہیں ریاست بچاؤ کی تحریک چلی۔ سمجھنے سے قاصر تھا کہ آخر کو سیاست نے ریاست پر وہ کونسی آفت ڈھا دی کہ سیاست کو تہہ تیغ کرنے پر تُل گئی ۔ 2018ءکے بعد ریاست نے ہائبرڈ نظام متعارف کروایا ، تو سیاست کیلئے جو رہنما اصول متعین ہوئے، 1953ء سے کم وبیش وجود پا چکے تھے ۔ 18اگست کو عمران خان نے اقتدار سنبھالا تو میری یکسوئی کہ نظام دیرپا نہیں ہوگا ،جلد اپنے انجام کو پہنچے گا ۔ مارچ 2019ءمیں میاں نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل ملنے گیا تو عرض کی کہ’’ 2سال بعد عمران خان اسی جگہ پر آپ والی جگہ پر مقیم ہوگا ‘‘۔ اگرچہ آج شہباز حکومت ہر لحاظ سے تابعدار مگر پھر بھی یقین کہ مدت ملازمت پوری نہیں کر پائیگی ۔ آج تین بڑی سیاسی جماعتیں PMLN، PPP اور PTI ہائبرڈ نظام کی نظروں سے گِر چکی ہیں، جبکہ بقول محسن نقوی صاحب حکومتی نظام منہدم ہوچکاہے۔کوئی گھر جب منہدم COLLAPSE) ) ہوجائے تو مکینوں پر نقل مکانی لاگو ہے۔ مجھے نہ حیرانی نہ پریشانی کیونکہ سب کچھ متوقع تھا ۔ مولانا فضل الرحمٰن کی شعلے اُگلتی زبان کی تپش ابھی جاری و ساری تھی کہ بلاول بھٹو کی منگل کی پریس کانفرنس اور کل جیو پر انٹرویو نے دھماکہ کرکے ہائبرڈ نظام کو لرزہ براندام کر رکھا ہے ۔ ق لیگ کی باقیات ابھی مولانا فضل الرحمن کو آڑے ہاتھوں لینے سے فارغ نہیں ہوئی تھی کہ بلاول بھٹو کے پُرزے اڑانے کی بڑی اسائنمنٹ مل گئی جو وہ میڈیا پر نبھا رہے ہیں ۔ یعنی کہ ہائبرڈ نظام کا دارو مدار ، انحصار ق لیگ کی باقیات تک محدود کہ ن لیگ نے PPP کی مخالفت نہیں کرنی ۔ بلاول بھٹو زرداری نے موجودہ ہائبرڈ (سیاسی و حکومتی) نظام پر ایک جامع چارج شیٹ پیش کرڈالی ، ’’ نظام خود نہیں گرا، اسے گرایا گیا ہے ۔ عمران خان ایک سیاسی حقیقت ہے اور PTI ایک اہم فریق (Stakeholder) ہے ۔ مولانا فضل الرحمٰن کی بات سننا ہوگی ، انہیں جواب دینا اور مطمئن کرنا ہوگا ۔ وقت آ گیا ہے کہ اُن غلطیوں کی اصلاح کی جائے جنہوں نے ملک کو سیاسی، معاشی اور ادارہ جاتی بحران سے دوچار کر رکھا ہے‘‘ ۔ اگر ہم نظام کو ری سیٹ کرنا چاہتے ہیں تو ہمارا مطلب سیاسی ری سیٹ ہونا چاہیے،جو پارلیمان کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

تحریکِ انصاف سمیت تمام سیاسی قوتوں کو مذاکرات کی میز پر لانا ہوگا۔مسائل کا حل سیاسی عمل میں مضمر ہے تو پھر تحریکِ انصاف کو اس عمل سے باہر کیوں رکھا جا رہا ہے؟ PTI کیساتھ مذاکرات کا راستہ بند نہیں ہونا چاہیے۔ اگر دہشت گردی جیسے قومی مسئلے پر بھی پی ٹی آئی تعاون کیلئے تیار تھی تو سیاسی مذاکرات کی بحالی میں کیا رکاوٹ ہے؟ سمجھ نہیں آتی کہ بلاول بھٹو نے ایسی کیا غلط بات کر دی کہ عدالتی نظام منہدم (Collapse) ہو چکا ہے ، جب ججوں، وکلا، قانونی برادری اور سول سوسائٹی کو نئے عدالتی ڈھانچے پر اعتماد نہیں رہا تو پھر موجودہ عدالتی نظام عوام کا اعتماد کیسے حاصل کر سکے گا؟

مولانا فضل الرحمٰن کے حوالے سے بلاول نے واضح کیا کہ’’ حزبِ اختلاف کا کام حکومت پر تنقید کرنا ہے اور یہ اس کا جمہوری حق ہے۔ مولانا فضل الرحمٰن جس انداز میں بھی تنقید کرتے ہیں، یہ ان کا حق ہے۔ ان کے اختلافِ رائے کا جواب سیاسی دباؤ، دھمکیوں یا احتسابی اداروں کے استعمال سے نہیں دینا چاہیے ‘‘۔ پاکستان میں کرپشن کرنے کا سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ آپ ریاست کے صحیح جانب کھڑے ہوں۔ اگر آپ ’’ریاست‘ ‘کے غلط یا مخالف جانب کھڑے ہوں تو آپ فرشتہ بھی ہوں، توآپکوکرپٹ ثابت کر دیا جائے گا۔سیاسی اختلاف رکھنے والوں کے خلاف نیب کو متحرک کرنا، اہلِ خانہ کو نشانہ بنانا، اداروں کو سیاسی دباؤ کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔

پچھلے کالم کا آخری پیراگراف کہ اگرچہ ہائبرڈ نظام کو مسلم لیگ ن کی زور زبردستی حمایت موجود ہے مگر ناکافی رہنی ہے ۔مسلم لیگ ن کا ووٹر بڑی تعداد میں ٹھکانے لگ چکا ہے ۔ ویسے بھی PMLN اندر کھاتے PPPکی ہم زبان ہے۔ پچھلے چند ماہ سے عمران خان کا ہائبرڈ نظام کی مجبوری بننا ٹھہر چکاہے ۔ اگرچہ ہائبرڈ نظام کا اپنا زُعم ، وہ تمام سیاسی جماعتوں کو ٹھکانے لگاکر بھی نظام چلانا جانتا ہے اور اسکا عندیہ بھی دے چکا ہے مگر ایسا مشورہ کہ’’ اپنوں نے مروا ڈالا‘‘ مشورہ رہنا ہے ۔ اس سے پہلے کہ سب کچھ اُجڑ جائے ، آخری کوشش ، عمران خان کو آن بورڈ کرکے گزر اوقات ممکن بنائیں ، اسی نظام کے اندر قومی حکومت بنائیں وگرنہ ہائبرڈ نظام سیاسی جماعتوں اور ملک و ملت کیلئے خطرناک بن جائیگا ۔

سنگین سیاسی بحران میں تحریک انصاف کا رول کلیدی ہے ، PTI کو اپنی سیاسی حکمت عملی بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان کیساتھ ملکر تشکیل دینی ہوگی اور بہرطور مسلم لیگ ن کو آن بورڈ رکھنا ہوگا ۔ سیاسی مصلحتوں، انفرادی انا اور جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر ہائبرڈ نظام سے تعاون کرنا لازمی ہے ۔

ریاست ، عوام ، حکومت ، سیاست جب سب آئینی اور سیاسی بند گلی میں پھنس جائے توعوامی مینڈیٹ ہی واحد راستہ ہے ۔ عوامی نمائندوں کو فیصلہ سازی کا اختیار دینا آئین کی بالادستی قبول کرنا،بحران سے نکلنے کا واحدراستہ ہے۔ خدارا ! مقتدرہ اپنے کو ریاست کا نام نہ دے وگرنہ غلط فیصلوں کی قیمت بھی ریاست چکاتی ہے ۔ مملکت خداداد ایک بار پھر دنگل اور تباہ کن ٹکراؤ کی زد میں ہے ۔ ریاست بمقابلہ سیاست یا مقتدرہ مملکت کیلئے مہلک ثابت ہونا ہے ، اس سے بچنا ہوگا ۔

تازہ ترین