• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں2047ء میں انہی کی اہلیت، دیانت اور قوتِ فیصلہ ہی قوم کی اہلیت، دیانت اور قوتِ فیصلہ بنےگی جو آج ہمارے تعلیمی اداروں میں پروان چڑھ رہے ہیں۔ چنانچہ نصابی اصلاحات کو ہمارے ترقیاتی ایجنڈے میں مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ بنیادی سوال یہ ہے کہ ہمارا نظامِ تعلیم کس طرح کا پاکستانی تیار کرنا چاہتا ہے؟ 1835ء میں تھامس بیبنگٹن میکالے نے ایک سلطنت کیلئےاس سوال کا جواب دیا تھا۔ اسکی ’’یادداشت برائے تعلیم‘‘ کا مقصد ایک ایسا طبقہ پیدا کرنا تھا جو نوآبادیاتی حکمرانوں اور انکی رعایا کے درمیان ترجمانی کر سکے۔ زبان، امتحانات اور کمرۂ جماعت میں اختیار کا ڈھانچا اسی مقصد کے تابع تھے۔ آزادانہ تحقیق سے زیادہ اہمیت پڑھے ہوئے مواد کو یاد کرنیکی تھی۔ بدقسمتی سے آزادی کے اسی برس بعد بھی اسکی چھاپ آج دکھائی دیتی ہے: جب روانی سے انگریزی بولنے کو ذہانت سمجھ لیا جاتا ہے، جب امتحان رٹے ہوئے جواب کو انعام دیتا ہے یا جب خاندان کی آمدن طے کرتی ہے کہ بچہ کس تعلیمی دنیا میں داخل ہوگا۔ یکے بعد دیگرے اصلاحات نے نصابی مواد تو بدلا، مگر درسی کتب کے ناشر، ٹیوشن کا کاروبار اور داخلوں کے نظام آج بھی اسی قابلِ پیش گوئی امتحانی پرچے کے گرد گھومتے ہیں۔صنعتی انقلاب 4.0آٹومیشن، روبوٹکس اور ذہین پیداواری نظاموں کو روزمرہ زندگی کا حصہ بنا رہا ہے۔ صنعتی انقلاب 5.0اس میں ایک ایسا سوال شامل کرتا ہے جسکا جواب معاشرے کی جانب سے کوئی مشین نہیں دے سکتی:اس ترقی سے کس کی فلاح مقصود ہے؟ طلبہ کو ماحول پر ٹیکنالوجی کے اثرات کا جائزہ لینا اور اسکے استعمال کے بارے میں اخلاقی فیصلے کرنا سیکھنا چاہئے۔ جدید سائنس ہماری بلند پروازی کو تقویت دے سکتی ہے، بشرطیکہ حقیقی مہارت کی بنیادی صلاحیتوں کو نظرانداز نہ کیا جائے۔یہی ’’یادداشت برائے تعلیم2.0‘‘ کا مقصد ہے، جو ہم نے وزارت ترقی و منصوبہ بندی کی طرف سے وزارتِ تعلیم، قومی نصاب کونسل اور صوبوں کو پیش کی ہے:ایسے باشعور، باصلاحیت اور بااخلاق پاکستانی تیار کرنا جو اپنی شناخت پر پُراعتماد ہوں، تحقیق کی آزادی رکھتے ہوں اور اپنے ملک اور انسانیت کیلئے قدر پیدا کر سکیں۔ یہ نصب العین ہماری علمی روایت بھی ہے۔ قرآنِ مجید کی پڑھنے، مشاہدہ کرنے اور غوروفکر کی دعوت تحقیق کو اخلاقی بنیاد فراہم کرتی ہے۔ ترقی کے حوالے سے اسکے مضمرات واضح ہیں۔ برآمدات، ڈیجیٹل تبدیلی، موسمیاتی اثرات کا مقابلہ کرنیکی صلاحیت، توانائی کے تحفظ اور مساوی مواقع سے متعلق اڑان پاکستان کے اہداف انسانی صلاحیت پر منحصر ہیں۔ جاپان، کوریا، سنگاپور اور چین نے تعلیم کو اس معیشت سے جوڑا جسکی وہ تعمیر کرنا چاہتے تھے۔ پاکستان کی نوجوان آبادی ہمیں بھی ایسا ہی موقع فراہم کرتی ہے، مگر یہ آبادی اسی وقت ترقی کا سرمایہ بنتی ہے جب نوجوان مذکورہ ہنرسیکھیں، پیداواری کام کریں اور ذمہ دار شہری کا کردار ادا کریں۔ ہماری پہلی ترقیاتی ترجیح بنیادی تعلیمی صلاحیتیں ہیں۔ ہر بچے کو مفہوم کے ساتھ پڑھنا، اعداد کو اعتماد سے استعمال کرنا اور اپنی بات سمجھانا آنا چاہیے۔ پہلی جماعت سے پہلے کھیل کے ذریعے معیاری تعلیم، سیکھنے کے واضح مرحلے، پیش رفت کی باقاعدہ جانچ اور دشواری کا سامنا کرنیوالے بچوں کی بروقت مدد، ابتدا ہی سے ضروری ہے۔ ضرورت سے زیادہ نصاب اس مقصد کو ناکام بناتا ہے۔ ہمیں کم چیزیں زیادہ گہرائی سے پڑھانی چاہئیں۔سمجھ بوجھ کے اس عمل میں زبان بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ بچے ایسے تصورات پر اعتماد سے غور نہیں کر سکتے جو ایسی زبان میں پیش کیے جائیں جسے وہ سمجھتے ہی نہ ہوں۔ ابتدائی تعلیم میں تصورات کی بنیاد اردو یا مادری زبان میں استوار ہونی چاہیے، جبکہ انگریزی پرائمری سطح سے ایک مضمون کے طور پر مؤثر انداز میں پڑھائی جائے۔ امتحانات تبدیلی کا سب سے مؤثر ذریعہ ہیں۔ اصل نصاب امتحانی پرچہ ہے: وہ جس چیز کو اہمیت دیتا ہے، اسی سے طے ہوتا ہے کہ استاد کیا پڑھائیگا، والدین کن تعلیمی سہولتوں پر خرچ کرینگے اور طلبہ کس چیز کی مشق کرئینگے۔ بورڈ کے امتحانات میں بتدریج فہم، عملی اطلاق، تجربات کی بنیاد پر استدلال اور عملی کام کو زیادہ وزن ملنا چاہئے۔ جامعات کے داخلہ امتحانات کو بھی اسکولی امتحانات کی اصلاح کیساتھ بدلنا ہوگا۔ٹیکنالوجی کو تعلیم میں اپنی جگہ بہتر نتائج کے ذریعے ثابت کرنا ہوگی۔مصنوعی ذہانت انفرادی تعلیمی مدد، مشق اور اسباق کی تیاری میں معاون ہو سکتی ہے، خصوصاً ہماری اپنی زبانوں میں۔ تاہم اس کے استعمال کیلئے محدود پیمانے پر آزمائش، بچوں کی معلومات کا تحفظ اور ایسے اساتذہ ضروری ہیں جو تدریس اور جانچ کے ذمہ دار رہیں۔ پاکستان کو اپنی تعلیمی ایپلی کیشنز اور لسانی وسائل خود تیار کرنے چاہئیں۔ بصورتِ دیگر درآمد شدہ الگورتھمز پر انحصار، ترجمانوں کی ایک اور نسل پیدا کر سکتا ہے۔ذرائع ابلاغ اور اطلاعات کو پرکھنے کی صلاحیت اب تمام مضامین کا حصہ ہونی چاہئے۔ طلبہ کو شواہد اور محض دعوے میں فرق کرنے، تحریف شدہ تصاویر پہچاننے اور کسی خبر کو آگے پھیلانے سے پہلے اسکی تصدیق کرنیکی مشق درکار ہے۔ تعلیم2.0کو ذمہ دار اور معاشرے میں مؤثر حصہ ڈالنے والے شہری بھی تیار کرنے ہیں۔ شہری تعلیم میں آئینی اداروں، حقوق، فرائض اور سرکاری مالیات کی سمجھ پیدا کی جائے۔ سائنس، کوڈنگ اور مصنوعی ذہانت کی بنیادی آگاہی کو عملی استعمال سے جوڑنا ضروری ہے۔ طلبہ کو منصوبہ جاتی کام اور آئندہ تعلیمی و پیشہ ورانہ راستوں کے انتخاب میں حقیقی مواقع بھی ملنے چاہئیں۔قومی مقصد کا تقاضا ہے کہ سرکاری، نجی، مدارس اور بین الاقوامی تعلیمی نظاموں میں سیکھنے کے مشترکہ نتائج متعین ہوں۔ کیمبرج یا آئی بی کا انتخاب کرنیوالے خاندان معیار چاہتے ہیں۔ پاکستان کا جواب ایسی اسناد ہونی چاہئیں جو بین الاقوامی اعتبار رکھتی ہوں۔مساوی احترام کیلئے عملی سہولتیں ضروری ہیں۔ بچیوں کو محفوظ آمدورفت، مناسب بیت الخلا اور صفائی کی سہولتوں کے ساتھ سائنس، کھیل اور قیادت میں مساوی مواقع چاہئیں۔ معذوری کے حامل بچوں کو قابلِ رسائی تعلیمی مواد اور موزوں امتحانی طریقے درکار ہیں۔

اقدامات کی ترتیب اہم ہے: پہلے طلبہ کی موجودہ تعلیمی سطح اور اساتذہ کی تیاری کا تعین ہو، صوبائی ترجیحات کی لاگت نکالی جائے اور نئے تقاضے نافذ ہونے سے پہلے امتحانی نظام تیار کیا جائے۔ مختلف حالات کی نمائندگی کرنیوالے اضلاع میں زبان، تحقیق پر مبنی تدریس، اساتذہ کی معاونت اور مصنوعی ذہانت کے طریقوں کی آزمائش کی جائے؛ ان کا آزادانہ جائزہ لیا جائے اور کامیاب طریقوں کو وسعت دی جائے۔ صوبے اور ضلع کی سطح پر سالانہ تعلیمی نتائج شائع کیے جائیں اور بین الاقوامی تعلیمی جائزوں میں حصہ لیا جائے۔ وسائل متفقہ ترجیحات کے مطابق فراہم ہوں اور تعلیم پر مناسب اخراجات تک پہنچنے کا قابلِ اعتبار راستہ واضح ہو۔ تعلیم پر اخراجات کو مجموعی ملکی پیداوار کے چار فیصد کے معیار تک لے جانے کا شائع شدہ مرحلہ وار منصوبہ، عزم کو قابلِ پیمائش بنا دے گا۔ یہ طے کرنا بھی ضروری ہے کہ کون سے کام بند کیے جائیں۔ تدریس میں بہتری کا طریقہ طے کیے بغیر آلات خریدنا بند ہوں؛ امتحانی نظام کو جوں کا توں رکھ کر صرف درسی کتب بدلنے کا سلسلہ ختم ہو؛ ورکشاپ کی حاضری کو پیشہ ورانہ ترقی سمجھنا ترک کیا جائے؛ اور نتائج جانچے بغیر تجربات کو بڑے پیمانے پر پھیلانا روکا جائے۔ والدین کو ان فیصلوں کی وضاحت انکی مانوس زبانوں میں ملنی چاہیے۔میکالے کا تعلیمی ڈھانچا اسلئے دیرپا ثابت ہوا کہ اسکے تمام اجزا ایک واضح مقصد کی خدمت کرتے تھے۔ ہماری اصلاحات کو بھی اتنی ہی وضاحت اور ہم آہنگی درکار ہے، جس کا رخ ایک خودمختار قوم کے مستقبل کی جانب ہو۔

تازہ ترین