پاکستان اس وقت ایک ایسے تاریخی دوراہے پر کھڑا ہے جہاں انتظامی یونٹس اور نئے صوبوں کے قیام کی بحث صرف ایک سیاسی موضوع نہیں رہی، بلکہ یہ کروڑوں پسے ہوئے عوام کی زندگی اور موت کا مسئلہ بن چکی ہے۔ اگر آج اس سلگتے موضوع پر پورے ملک میں ایک شفاف ریفرنڈم کرا لیا جائے، تو اس کے نتائج بالکل واضح ہوں گے۔ ملک کا وہ ستر فیصد سے زائد غریب، محروم اور استحصال کا مارا ہوا طبقہ جو دہائیوں سے خودغرض حکمران طبقے کی چکی میں پس رہا ہے، یک زبان ہو کر نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے حق میں ووٹ دے گا۔ عوام کی یہ پرزور تائید اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ اب اختیارات کی نچلی سطح تک منصفانہ منتقلی چاہتے ہیں۔ اس ریفرنڈم کی مخالفت صرف وہ اشرافیہ کرے گی جس کے ناجائز سیاسی و اقتصادی مفادات بڑے صوبوں اور مرکزی اقتدار پر قبضے سے جڑے ہوئے ہیں۔اس پس منظر میں جب ہم سندھ کے سیاسی افق پر نظر ڈالتے ہیں، تو پاکستان پیپلز پارٹی اور بالخصوص بلاول بھٹو زرداری کا کردار ایک اہم بحث کا مرکز بن جاتا ہے۔ بلاشبہ، بلاول بھٹو ایک خوبصورت اور پرکشش شخصیت کے مالک ہیں۔ جب ان کی سیاست میں آمد ہوئی تو سندھ کے شہری اور دیہی دونوں طبقات کے دلوں میں ایک نئی امید جاگی تھی۔ عوام نے سمجھا کہ یہ ایک ایسا نوجوان رہنما ہے جس نے مغربی دنیا کی ترقی کو دیکھا ہے اور جو سندھ کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ لوگوں کی توقع تھی کہ ان کی قیادت میں کراچی، حیدرآباد، سندھ کے بڑے شہر ہوں یا دیہی علاقے، وسائل کی منصفانہ تقسیم ہوگی۔
مگر سندھ کے عوام کی یہ امیدیں حقیقت میں تبدیل نہ ہو سکیں۔ پچھلے اٹھارہ برسوں کے طویل عرصے میں بائیس ہزار ارب روپے جیسے خطیر وسائل اس صوبے کے ہاتھ آئے، لیکن زمینی حقائق آج بھی دگرگوں ہیں۔ اگر ان وسائل کا کچھ حصہ بھی دیانت داری سے خرچ کیا جاتا تو آج کراچی کا نقشہ بدل چکا ہوتا۔ مگر بلاول بھٹو نے صوبے کے اندرونی حالات کو بدلنے پر وہ توجہ نہیں دی، بلکہ انہوں نے اپنی پوری توانائی صوبے کو نظر انداز کر کے وفاقی سیاست پر صرف کر دی۔اس پس منظر میں سندھ کے شہری علاقوں کی نمائندہ جماعت ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ کمال بھی مسلسل یہ آواز بلند کر رہے ہیں کہ روشنیوں کے اس شہر کراچی کو سوچی سمجھی سازش کے تحت کھنڈر بنایا گیا ہے اور یہاں کے استحصال زدہ عوام کے ساتھ جو معاشی قتل عام ہو رہا ہے، اس کا ازالہ اب نئے انتظامی یونٹس کے بغیر ممکن نہیں۔ دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بھی اس بات کی بھرپور حامی ہے کہ جب تک نئے انتظامی یونٹس اور مضبوط بلدیاتی نظام کے ذریعے اختیارات نچلی سطح تک منتقل نہیں کیے جاتے، تب تک عام آدمی کا استحصال ختم نہیں ہو سکتا۔آج کی زمینی حقیقت یہ ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اس وقت ملک کی سب سے زیادہ خوش قسمت سیاسی جماعت بن چکی ہے۔ سندھ کی چند نشستوں پر کامیابی اور اپنی صوبائی حکومت کے علاوہ پورے ملک میں اس کی کوئی زمینی طاقت یا عوامی سپورٹ موجود نہیں۔ اس کے باوجود، عجائباتِ سیاست دیکھیے کہ صدرِ پاکستان کا منصب اسی جماعت کے پاس ہے، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے گورنر انہی کے ہیں، بلوچستان میں وزارتِ اعلیٰ ان کے پاس ہے، اور آزاد کشمیر و گلگت بلتستان میں بھی حکمرانی انہی کے ہاتھوں میں ہے۔ یہ کتنی حیرت کی بات ہے کہ سندھ میں ناقص کارکردگی کے باوجود اتنی بڑی قومی رسائی صرف اسی جماعت کو حاصل ہے۔
لیکن المیہ تو یہ ہے کہ جب گزشتہ روز بلاول بھٹو کی طرف سے نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے تناظر میں "قتل و غارتگری" کی باتیں سامنے آئیں، تو ہر ذی شعور انسان کی عقل دنگ رہ گئی۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر یہ قتل و غارتگری کون کرے گا؟ غریب اور پسا ہوا عام آدمی تو صرف اپنے بنیادی حقوق، امن، روزگار اور روٹی چاہتا ہے۔ اسے تو نئے انتظامی یونٹس اور وسائل کی منصفانہ تقسیم سے غرض ہے۔ پس، اس دھمکی کا منطقی نتیجہ یہی نکلتا ہے کہ خوف، مزاحمت اور خون خرابہ صرف وہ لوگ کریں گے جن کے ذاتی مفادات نئے صوبوں کے بننے سے خطرے میں پڑ جائیں گے۔ یہ وہی مٹھی بھر طبقہ ہے جو دہائیوں سے اقتدار پر قابض ہے۔
یہی دردناک کہانی پنجاب کی بھی ہے۔ سندھ میں تو کم از کم بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ہوا، اگرچہ انہیں اختیارات سے محروم رکھا گیا۔ لیکن پنجاب میں تو طویل عرصے تک بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ہی نہیں ہونے دیا گیا۔ اقتدار کی ہوس اتنی شدید ہے کہ اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنے کا کوئی تصور ہی باقی نہیں چھوڑا گیا۔ پنجاب کی صوبائی حکومت مسلسل طاقتور رہی ہے، اور اس معاملے میں مسلم لیگ ن بھی اتنی ہی ذمہ دار ہے جس نے اختیارات کو ڈی سینٹرلائز نہیں کیا۔ اس غیر منصفانہ روش نے پنجاب کے عوام میں احساسِ محرومی کو اس حد تک بڑھا دیا ہے کہ اب وہاں بھی نئے انتظامی یونٹس اور صوبوں کے قیام کی شدید تڑپ پیدا ہو چکی ہے۔
بلوچستان کا حال بھی اس سے مختلف نہیں ہے، جہاں صوبائی حکومت کا اثر و رسوخ عملاً صرف کوئٹہ کے چند مخصوص علاقوں تک محدود ہو کر رہ گیا ہے۔ دور دراز کے اضلاع میں کیا ہو رہا ہے، اس سے حکمرانوں کو کوئی سروکار نہیں۔ یہی حال خیبر پختونخوا کا ہے جہاں پشاور کی لکیر سے آگے نکل کر صوبائی حکومت کی عوامی فلاح میں کوئی دلچسپی نہیں۔
یہی وجہ ہے کہ آج پاکستان کا ستر فیصد سے زائد استحصال زدہ عوام اس بات کی بھرپور خواہش رکھتا ہے کہ ملک کو مضبوط کرنے کیلئے نئے انتظامی یونٹس کا قیام ناگزیر ہے۔ صوبوں کی تشکیل نو اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے اس مجوزہ ریفرنڈم کا فیصلہ دیوار پر لکھا ہوا ہے؛ فتح ہمیشہ پسے ہوئے عوام کی ہوگی اور شکست اس فرسودہ اور استحصالی نظام کو ملے گی۔