• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاست اور جنگ دونوں شطرنج کی بساط سے مطابقت رکھتے ہیں۔ سیاست اور جنگ کو بیان کرنے کیلئے شطرنج کی چالوں اور اسکے مہروں کا استعمال صورتحال کو سمجھنے میں آسانی پیدا کردیتا ہے۔ تضادستان کی سیاسی صورتحال میں اس بے خبر صحافی کا تجزیہ جولائی سے یہی ہے کہ موجودہ اتحادی حکومت روبہ زوال ہے۔ آئے روز کے واقعات اور بیانات اس زوال کے گہرے سے گہرے ہونے کی گواہی دے رہے ہیں ۔یہ نظام اگرکسی تصادم کا شکار نہیں ہورہا ،نہ ہی یہ کسی گہری کھائی میں گررہا ہے تو اسکی وجہ اسٹیک ہولڈرز کے اندر اپنے بچاؤ کا گہرا احساس ہے جو بیچ چوراہے میں چلتی گاڑی کے ٹائر پھٹنے کے باوجود بار بار پنکچر لگاکر گاڑی کو چلاتے ہیں ۔بظاہر اس مخلوط نظام کے تینوں بڑے فریق ایک دوسرے کو دھمکیاں دیتے اور بلیک میل کرتے نظر آتے ہیں، ایک دوسرے کو ڈرانے کیلئے دوسرے ممکنہ آپشنز بھی دکھائے جاتے ہیں مگر سب اسٹیک ہولڈرز کو علم ہے کہ فی الحال جو اقتداری فارمولا انہیں حاصل ہے اس سے بہتر ڈیل کہیں میسر نہیں ہے۔ ہر ایک فریق اپنا اختیار، اپنا اثر، اپنا دائرہ بڑھانے کی پلاننگ کررہا ہے تو دوسرا فریق اپنی جگہ کم ہونے پرچیں بہ جبیں ہوتا ہے، لڑائی بڑھتی ہے تو آگ بجھانے والے آجاتے ہیں آگ پانی سے بجھ تو جاتی ہے مگرہر فریق مجبور ہے کہ وہ آگ لگانے والی وجوہات کا سدباب نہیں کرسکتا کیونکہ یہی وہ وجوہات ہیں جو فریق کے مفادات کو بڑھانے پر مبنی ہیں اور مخالف فریق ان وجوہات پر ہی آگ بھڑکاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت کی بساط پر آئے روز ہاتھی گھوڑے اور پیادوں کی جنگ جاری رہتی ہے، اس جنگ کا سیز فائر تب ہوتا ہے جب کوئی ایک فریق شاہ مات دیکر پورے نظام اور پوری بازی کو ہی گرانے پر آجاتا ہے، بحران کو حل کرنے کیلئے شاہ مات کو شاہ چُوک کہہ کرنظام کو عارضی سہارا دیدیا جاتا ہے۔ خرابی کی جڑ متصادم سیاسی مفادات ہیں جن کو حل کرنے کا کوئی طریقہ نہیں اختیارکیا جارہا اس لئے شطرنج کی بازی پر شاہ مات دیکر اسے شاہ چُوک بنایا جائیگا یعنی ہر بار باری ختم کرنے تک بات جائے گی مگر بھول چُوک ، خطا اور غلطی کے خوبصورت استعاروں سے وقتی مرہم رکھا جائے گا۔

بلاول بھٹو کی کراچی پریس کلب میں کی جانے والی گفتگو سیاست کا ایکTurning Pointتھا دلچسپ بات یہ ہے کہ بلاول بھٹو کی گفتگو سے پہلے آصف زرداری تین دن لاہور میں مقیم رہے بظاہر وہ ایک شادی میں شرکت کیلئے آئے تھے لیکن اس دوران انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کے گھر جاکر ان سے غیر معمولی ملاقات کی ،وہاں آئینی عہدوں کے ردوبدل پر گفتگو ہوئی، اکٹھے چلنے اور پارلیمان کے ذریعے تمام مسائل حل کرنے پر اتفاق ہوا۔ گفتگو اور ملاقات کا تاثر انتہائی خوشگوار تھا۔ ایک نقاد نے بتایا کہ جونہی صدر پاکستان آصف زرداری لاہور سے اسلام آبادگئے اگلے ہی دن بلاول نے دھماکہ کردیا ۔اس ناقد کا خیال ہے کہ باپ بیٹا، نواز شریف اور شہباز شریف کی طرح گڈ کاپ اور بیڈ کاپ کھیل رہے ہیں۔ صدر زرداری نے لاہور میں ماحول کا جائزہ لیا تو انہیں ضرورت محسوس ہوئی کہ سندھ کی تقسیم کے حوالے سے نون میں وہ حساسیت نہیں ہے جو اتحادی میں ہونی چاہیے یا پھر انہیں یہ احساس ہوا کہ نون سندھ اور صوبوں کے معاملے پر زبانی ہمدردی تو پیپلز پارٹی کے ساتھ ضرور کرے گی مگر وہ مقتدرہ کے سامنے مجبورومقہور ہے اور پیپلز پارٹی کواس حوالے سے اپنا مقدمہ خود ہی لڑنا ہوگا۔ بلاول بھٹو کی تقریر کواسی تناظر میں دیکھنا ہوگا۔

شطرنج اور سیاست دونوں عقل مندوں کے کھیل ہیں ہم جیسے سادے اسے کیا سمجھیں گے؟۔ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ ایوان صدر میں ہونیوالی صدر،وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی ہنگامی ملاقات اورسیز فائر کا اعلان ایک الگ سے واقعہ نہ ہو بلکہ صدر زرداری کا دورہ لاہور بلاول بھٹو کی تقریر اور پھر سیز فائر میٹنگ ایک ہی سلسلے کی مختلف کڑیاں ہوں۔ اب جبکہ نونی، پیپلے اورانصافیے تینوں بھرپور سیاسی داؤپیچ آزما رہے ہیں مقتدرہ کے ساتھی بھی سرگرم عمل ہیں چاروں فریقین میں سب سے طاقتور تو مقتدرہ کے ساتھی ہیں مگر سب سے عقل مند اور تجربہ کار سیاستدان ہوتے ہیں۔ اگر تازہ ترین واقعات کسی منصوبہ بندی کی کڑیاں ہیں تو پھر یہ سیاست کے ماسٹراسٹروک ہیں۔ کتنا لڑنا ہے تو کتنا جھکنا ہے اس آرٹ میں شہباز شریف اور آصف زرداری دونوں کو مہارت ہے اگر نواز شریف، شہباز شریف کا جارحانہ ہتھیارہیں اور شہباز شریف، اپنے بھائی کی دفاعی ڈھال ہیں تو پیپلز پارٹی بھی تجربے سے یہ گرسیکھ چکی ہے بلاول بھٹو، پیپلز پارٹی کی تلوار اورآصف زرداری اسکی ڈھال ہیں۔ نون اور پیپلے دونوں گڈ کاپ، بیڈ کاپ یعنی تیغ ومرہم کا مرقع بن کر یہ کھیل کھیل رہے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ کیایہ دونوں مل کر یہ کھیل اسلئے کھیل رہے ہیں کہ مقتدرہ کے فیصلوں کو التوامیں ڈالا جاسکے یا پھر نون اور پیپل کے سیاسی مفادات ہی وہ وجہ ہیں کہ یہ آپس میں ٹکراتے رہیں گے اور مقتدرہ کیساتھ ہی رہنے کو ترجیح دینگے۔

بظاہر ایوان صدر میں ہونے والی مفاہمتی میٹنگ کے بعد آگ بجھ گئی اور لڑائی رک گئی ہے مگر ’’مٹی پاؤ‘‘ پالیسی سے آگ کے انگارے ، راکھ سے بار بار سراٹھاتے اور آگ لگاتے رہیں گے۔ ریاست کے بنیادی ڈھانچے میں80سال کے بعد اچانک تبدیلی آسان نہیں ہوگی۔ ریفرنڈم کسی فوری مسئلے پر عوامی رائے کیلئے ہے آئین کے بنیادی ڈھانچے سے صوبوں کی تشکیل اور وسائل کی تقسیم کیلئے الیکشن کا انتظار کرکے اس پر عملدرآمد ہونا چاہیے، جو معاملات سیاسی اتفاق رائے اور معاہدوں سے طے ہوئے وہ اکثریتی رائے آنے کے باوجود تبدیل نہیں کئے جاسکتے۔ آئین ایک اکثریتی نہیں مفاہمتی دستاویز ہے اس میں اکثریت کی رائے سے آئین یا صوبوں میں تبدیلی کرلی جائے اور اقلیتیں یا چھوٹے صوبے نہ مانیں توپھر آئینی تبدیلی اور یہ ریفرنڈم سب متنازعہ ٹھہریں گے۔ شطرنج کی بساط ہو یا سیاست کی، کھیل مہروں کی مرضی سے چلے گا تو جلد شاہ مات ہوجائیگی ،کھیل کھلاڑیوں کی مرضی سے چلے گا تو مہرے کنٹرول میں رہیں گے پھر شاہ چُوک ہو بھی جائے تو کھلاڑی سنبھال لیں گے۔ اگر کھیل کھلاڑیوں کی بجائےہاتھی ،گھوڑے اور توپ کے ہاتھ میں آیا توپھر انجام نظام کی شاہ مات ہی ہو گا ، اور وہ بھی بہت جلدی !!

تازہ ترین