• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی معیشت کو درپیش بڑے چیلنجز میں سے ایک عالمی تجارت میں درپیش خسارہ ہے یعنی ہماری درآمدات زیادہ اور برآمدات کم ہیں۔ اس صورتحال میں تجارتی توازن بہتر بنانے کیلئےبرآمدی شعبے کی مسابقت کو بہتر بنانا انتہائی ضروری ہے۔ اس سلسلے میں ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل کا شعبہ سب سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے کیونکہ برآمدات میں اس شعبے کا شیئر سب سے زیادہ ہے۔ تاہم ٹیکسٹائل یا ملبوسات کے برآمد کنندگان کو گزشتہ کئی سال سے مہنگی بجلی، ٹیکسوں کے اضافی بوجھ اور شرح سود زیادہ ہونے کی وجہ سے پیداواری لاگت میں مسلسل اضافے کے سبب عالمی منڈیوں میں سخت مسابقت کا سامنا ہے جسکی وجہ سے پاکستان کی برآمدات میں نمایاں اضافہ نہیں ہو سکا ہے۔

اس تناظر میں وفاقی حکومت نے حال ہی میںپرفارمنس بیسڈ ریبیٹ آن انکریمنٹل ایکسپورٹس (PRIE) اسکیم کے تحت برآمدات میں 10 فیصد تک اضافے پر اضافی برآمدی مالیت کا ایک فیصد جبکہ 10 فیصد سے زیادہ اضافے پر دو فیصد ریبیٹ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اصولی طور پر ایسی اسکیم برآمد کنندگان کو زیادہ آرڈرز حاصل کرنے اور اپنی برآمدات بڑھانے کی ترغیب دینے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔ تاہم اس کا ایک دوسرا پہلو یہ بھی ہے کہ اس طرح اضافی برآمدات سے مشروط مراعات ان برآمدکنندگان تک محدود رہ جانے کا امکان ہے جو پہلے ہی ترقی میں آگے ہیں جبکہ ایسے چھوٹے اور درمیانے درجے کے برآمدکنندگان کے مزید پیچھے رہ جانے کا اندیشہ ہے جو پیداواری لاگت میں اضافے اور عالمی طلب میں کمی کے باعث پہلے سے ہی برآمدی آرڈرز میں کمی کا سامنا کر رہے ہیں۔

اس لئے برآمدات بڑھانےکیلئے کیا گیا یہ فیصلہ برآمدات میں اضافے کی بجائے برآمدکنندگان میں تقسیم پیدا کرنے کا باعث بن سکتا ہے۔ اس حوالے سے انڈسٹری کی طرف سے یہ خدشات بھی ظاہر کئے جا رہے ہیں کہ اس اقدام کے نتیجے میں صنعت کا ایک بڑا حصہ اس سہولت سے محروم رہ جائے گا۔ اس صورتحال کو بہتر بنانےکیلئے ایسی پالیسی متعارف کروانے کی ضرورت ہے جو حقیقی معنوں میں برآمدی سرگرمیوں کی بحالی، نئی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی، روزگار کے اضافی مواقع پیدا کرنے اور عالمی منڈیوں میں پاکستان کا حصہ بڑھانے میں مددگار ثابت ہو۔

اس باب میں پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے یہ تجویز پیش کی ہے کہ برآمد کنندگان کی جانب سے ڈرا بیک آف لوکل ٹیکسز اینڈ لیویز (DLTL) اسکیم کو بحال کیا جائے۔ مجوزہ تجویز کے مطابق تمام اہل برآمد کنندگان کو برآمدات کی فری آن بورڈ (FoB) مالیت پر یکساں چھ فیصد ریبیٹ فراہم کیا جائے تاکہ ان برآمدکنندگان کو بھی سہارا مل سکے جو اپنی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ علاوہ ازیں غیر روایتی بین الاقوامی منڈیوں میں برآمدات کرنے والوں کو مزید دو فیصد اضافی ریبیٹ دینے پر بھی زور دیا گیا ہے تاکہ غیر روایتی منڈیوں میں برآمدات کرنے والے برآمد کنندگان کو نئی عالمی منڈیوں تک رسائی، برآمدی منڈیوں میں تنوع، نئی سرمایہ کاری اور برآمدات بڑھانے میں خاطر خواہ مدد مل سکے۔ دیکھنے میں بظاہر یہ ایک اضافی مالیاتی رعایت لگتی ہے لیکن اس کے ممکنہ اثرات محض برآمد کنندگان کی مجموعی مسابقت بہتر بنانے تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ اس سے پیداواری سرگرمیوں، نئی سرمایہ کاری، روزگار کی فراہمی میں اضافے اور عالمی منڈیوں میں پاکستانی برآمدات میں اضافے کا ہدف زیادہ بہتر طریقے سے حاصل کیا جا سکے گا۔

یہ اقدامات اس لئے بھی ضروری ہیں کہ پاکستانی برآمد کنندگان کو عالمی سطح پر ان ممالک کی مصنوعات سے مقابلہ کرنا پڑتا ہے جہاں حکومتیں اپنی صنعتوں کو مختلف مالی مراعات فراہم کرتی ہیں۔ واضح رہے کہ عالمی منڈیوں میں برآمدی مصنوعات کی قیمت کا تعین صرف خام مال اور مزدوری سے نہیں ہوتا بلکہ توانائی، ٹیکسوں، مالیاتی اخراجات، ٹرانسپورٹ اور دیگر پیداواری لاگت کا بھی اس میں اہم حصہ ہوتا ہے۔ اس کے مقابلے میں پاکستانی برآمد کنندگان اپنی برآمدات پر مختلف ٹیکسوں اور محصولات کی مد میں تقریباً 7.38 فیصد بوجھ برداشت کر رہے ہیں۔ ایسے میں چھ فیصد ڈی ایل ٹی ایل کی بحالی سے اس بوجھ کا ایک بڑا حصہ کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ اس سے برآمد کنندگان کو اپنی مصنوعات کی قیمتیں عالمی مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق رکھنے اورنئے آرڈرز حاصل کرنے کیلئے بہتر مالی گنجائش میسر آ سکتی ہے۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے مقابلے میں بنگلہ دیش اپنے برآمدکنندگان کو ٹیکسٹائل برآمدات پر پانچ فیصد ریبیٹ فراہم کر رہا ہے جبکہ نئی مصنوعات یا منڈیوں میں داخل ہونے والے برآمد کنندگان کیلئے اضافی دو فیصد اور اہل چھوٹے و درمیانے درجے کے گارمنٹس برآمد کنندگان کیلئے تین فیصد ریبیٹ کی سہولت موجود ہے۔ اس طرح بعض اہل برآمد کنندگان کیلئے مجموعی معاونت 10 فیصد تک پہنچ جاتی ہے۔ اسی طرح بھارت کی ریبیٹ اسکیم کے تحت مختلف ملبوسات کی مصنوعات پر تقریباً 4.9 سے 6.05فیصد اور بعض اہل میڈ اپ مصنوعات پر 8.2فیصد تک ریبیٹ فراہم کیا جا رہا ہے۔ یہ اعدادوشمار ظاہر کرتے ہیں کہ پاکستان کے علاقائی حریف اپنی برآمدی صنعتوں کو عالمی مقابلے میں برقرار رکھنے کیلئے مالی معاونت کو ایک اہم پالیسی کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔ اس لئے اگر پاکستانی برآمد کنندگان کو بھی ایک مستحکم اور قابل پیش گوئی ریبیٹ سسٹم میسر آ جائے تو ان کی عالمی مسابقت کافی حد تک بہتر ہو سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہمارے برآمدکنندگان کو پیداواری معیار، وقت پر ترسیل، جدید ٹیکنالوجی، ہنرمند افرادی قوت اور عالمی خریداروں کے اعتماد میں اضافے کیلئے بھی اقدامات کرنا ہوں گے۔

تازہ ترین