بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کے چیئرپرسن ہیں۔ وہ ابھی کمسن بچےتھے جب ایک مبینہ وصیت نامے کے مطابق اس پارٹی کے سربراہ بنائے گئے۔ان کی یہ پارٹی گزشتہ اٹھارہ سال سے سندھ میں اور پونے تین سال سے باقی ماندہ پاکستان میں حکمران ہے۔ ہماری روایت کے مطابق ان کا نام بلاول زرداری ہونا چاہئے تھا لیکن یہ یاد دلانےکیلئے کہ وہ بے نظیر بھٹو کے بھی صاحبزادے ہیں ، انہوں نے اپنا نام بلاول بھٹو زرداری رکھا اور ہم انہیں اسی نام سے یاد کرتے ہیں۔ بے نظیر بھٹو نے سیاست میں جو نام کمایا وہ اس کے بھی وارث ہیں اور آصف علی زرداری نے سیاست میں جو کچھ کمایا وہ اس کے بھی وارث ہیں۔ ان کا شمار پاکستان کے امیر ترین لوگوں میں ہوتا ہے اور ان کی مال ودولت کا ایک حصہ بیرون ملک بھی ہے ۔
اس وقت ان کے والد محترم آصف علی زرداری پاکستان کے سب سے بڑے منصب یعنی صدارت پر براجمان ہیں۔ سندھ اور بلوچستان میں ان کی گزشتہ انتخابات کے بعد حکومتیں قائم ہوگئیں۔ گلگت بلتستان کی حکومت کچھ عرصہ قبل انہوں نے حاصل کی۔خیبر پختونخوا اور پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کی گورنرشپ بھی ان کے پاس ہے ۔ فیصلہ یہ ہوا تھا کہ صرف آئینی عہدے پیپلز پارٹی کے پاس ہوں گے لیکن اس نے کھربوں روپے کے پروجیکٹ یعنی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سربراہی بھی بے نظیر بھٹو کے نام کا حوالہ دے کر مسلم لیگ(ن) سے ہتھیا لی حالانکہ وہ آئینی نہیں بلکہ انتظامی عہدہ ہے۔ابھی چند ہفتے قبل خیبر پختوا میں گورنرراج لگایا گیا اور چونکہ گورنر فیصل کریم کنڈی کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے اس لئے بلاول بھٹو زرداری صاحب نے بھرپور طریقے سے اس اقدام کی وکالت کی اور یوں تین صوبوں میں پیپلز پارٹی کی حکومت قائم ہوگئی ، حالانکہ پی ٹی آئی، جے یو آئی ، جماعت اسلامی اور اے این پی وغیرہ بیک زبان گورنر راج کے نفاذ کو زیادتی اور غیرجمہوری قرار دے رہی ہیں ۔
یوں دیکھا جائے تو پیپلز پارٹی اسٹیبلشمنٹ کے بچھائے ہوئے سیاسی دسترخوان سے اگر مسلم لیگ(ن) سے زیادہ نہیں کھارہی تو کم بھی نہیں کھارہی ۔یہی وجہ ہے کہ گزشتہ پونے تین سال کے دوران صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی تقاریر بھی فیلڈمارشل صاحب کے ذکر سے اسی طرح مزین ہوا کرتی تھیں جس طرح کہ وزیراعظم شہباز شریف کی تقاریر ہوا کرتی ہیں۔
اس میں دو رائے نہیں کہ الیکشن کے دوران مسلم لیگ(ن) کے حصے میں فارم 47کی برکتیں زیادہ آئیں لیکن ایسا بھی نہیں کہ پیپلز پارٹی یکسر محروم رہی ۔اندرون سندھ کے بڑے شہروں میں اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں فارم 47 ان کے بھی کام آیا۔ پی ٹی آئی کی انتخابی نشان سے محرومی کا فائدہ نون لیگ یا کچھ اور پارٹیوں کو حاصل ہوا تو اسی طرح پیپلز پارٹی کو بھی حاصل ہوااور اسی لئے بلاول زرداری صاحب نے اس وقت اس پر کوئی تنقید نہیں کی ۔ پھر عدالتی فیصلوں کے ذریعے پی ٹی آئی کی مخصوص نشستیں دیگر جماعتوں میں تقسیم ہوئیں تو پیپلز پارٹی نے بھی اپنے حصے سے جھولی بھرلی اور بلاول زرداری کے ماتھے پر اس حوالے سے گزشتہ پونے تین سال کے دوران کوئی شکن تک نہیں آئی۔
گزشتہ پونے تین سال کے دوران جتنی بھی قانون سازی ہوئی اور جس کے نتیجے میں عدلیہ اور میڈیا کی آزادی جس طرح متاثر ہوئی، اس میں پیپلز پارٹی پورے تزک و احتشام کے ساتھ شریک رہی ۔آزاد کشمیر کے انتخابات کے موقع پر بھی چند روز کیلئے بلاول صاحب ’بھٹو ‘بن گئے تھے اور حکومت کی حمایت ترک کرنے کی دھمکیاںدے رہے تھے لیکن وہاں پر حکومت کے قیام کے بعد وہ پھر زرداری بن گئے اور سب کچھ بھلا کر اپنے والد آصف علی زرداری کے ساتھ یورپ کے دورے پر چل نکلے ۔اب جبکہ نئے انتخابات کے دن قریب آرہے ہیں اور ان کو یہ احساس ہوگیا ہے کہ ان کے احتجاج کے باوجود مقتدرہ نئے صوبوں کے قیام کی کوششوں سے باز نہیں آرہی تو گزشتہ روز بلاول صاحب نے اپنے اندر کے زرداری کو سلا کر بھٹو کو جگا دیا اور کراچی پریس کلب میں خوب گرجے برسے۔
لیکن یہ نہیں سوچا کہ جو فائرنگ کررہے ہیں اس کی زد میں خود بھی آرہے ہیں۔ عمران خان کو سیاسی قیدی قرار دیتے ہوئے انہوں ان کے ساتھ معاملات بہتر بنانےپر زور دیا حالانکہ ہر کوئی جانتا ہے کہ ان کو آؤٹ کرنے سے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو مزے کرنے کا موقع ملا ہے ۔ اس نیام میں پیپلز پارٹی کا تیر ہوگا یا پھر تحریک انصاف کا بلا ۔انہوں نے بھرپور طریقے سے یہ کوشش کی کہ اپنے آپ کو بھٹو کا جانشین ثابت کریں اس لئے انہوں نے اپنے آپ کو اسٹیبلشمنٹ مخالف اور میڈیا کی آزادی کا حامی ثابت کرنے کی کوشش کی لیکن یہ سوچا نہیں کہ ہائبرڈ نظام کا ان کی جماعت نہ صرف حصہ ہے بلکہ اس کی مضبوطی کا اہم ستون بھی ہے۔ بلاول بھٹو صاحب نے ڈھائی سال بعد بھی پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں واپس نہیں کی ہیں لیکن ان کی ضد ملاحظہ کریں کہ پی ٹی آئی سے مخصوص نشستیںچھیننے کے عمل پر تنقید کی۔اور تو اور بلاول صاحب نےان آئینی ترامیم پر بھی نکتہ چینی کی جن کی وکالت میں وہ چیخ چیخ کر اسمبلی میں بولے تھے اور جن کا سب سے زیادہ فائدہ انکے والد محترم آصف علی زرداری کو پہنچاہے ۔ان ترامیم کی برکت سے اب زرداری صاحب کے خلاف تاحیات کوئی کریمنل عدالتی کارروائی نہیں ہوسکتی ۔بھٹو کا جانشین نظرآنےکیلئے انہوں نے اس محسن نقوی پر بھی تنقید کی جنہیں ان کے والدآصف علی زرداری بیٹا کہہ کر پکارتے ہیں ۔
سوال یہ ہے کہ کیا بلاول صاحب مستقبل کیلئے بھٹو رہیں گے یا پھر جلد دوبارہ زرداری بن جائیں گے ؟ میرے نزدیک چند روز کیلئے بھٹو بننے کا مزہ لیتے ہوئے وہ واپس بلاول زرداری بن جائیں گے کیونکہ زرداری بننے میں جو مزہ ہے وہ بھٹو رہنے میں کہاں ؟۔