سیکریٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمٹینز نیئر بخاری کا کہنا ہے کہ نئے صوبوں پر اعتراض نہیں، آئینی طریقہ کار اختیار کیا جائے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم اپنی پوزیشن واضح کریں، پیپلز پارٹی آئین سے انحراف قبول نہیں کرے گی، وزیرِ اعظم کابینہ کو اعتماد میں لے کر نئے صوبوں کا معاملہ پارلیمان میں لائیں۔
نیئر بخاری کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کا مؤقف واضح، پیپلز پارٹی کی پالیسی آئین کی بالادستی ہے، نئے صوبوں یا ریفرنڈم کا فیصلہ پارلیمان کا آئینی اختیار ہے، کسی سویلین حکومت نے ریفرینڈم نہیں کرایا۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم بتائیں آئینی راستہ اختیار کرنا ہے یا ماورائے آئین راستہ؟ وزراء کے متضاد بیانات حکومتی پالیسی میں ابہام پیدا کر رہے ہیں، بلاول بھٹو نے پارٹی پالیسی بیان کی، ردِعمل دینا ان کا سیاسی حق ہے۔
سیکریٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمٹینز کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری کا کردار ہمیشہ مصالحانہ رہا ہے، صدر اور وزیرِ اعظم کی ملاقاتیں خوش آئند ہیں، پیپلز پارٹی آئین سے انحراف کے کسی اقدام پر خاموش نہیں رہے گی۔
نیئر بخاری نے کہا ہے کہ آئین کے تحت حکومت کی مدت پوری کرنے کی پیپلز پارٹی کی کمٹمنٹ ہے، پیپلز پارٹی جمہوری حکومتوں کی آئینی مدت پوری کرنے کی حامی ہے، پیپلز پارٹی کا ہر کارکن چیئرمین بلاول بھٹو کے مؤقف کے ساتھ کھڑا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ رانا ثناء اللّٰہ دھمکیوں کے بجائے آئینی فورمز سے رجوع کریں، پیپلز پارٹی دھمکیوں سے ڈرنے والی جماعت نہیں، رانا صاحب کوشش کر کے دیکھ لیں، نئے صوبوں کا معاملہ تجارتی گروپس نہیں، پارلیمان میں طے ہونا چاہیے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بانئ پی ٹی آئی کو فیئر ٹرائل نہ ملنے کا تاثر نہیں ہونا چاہیے، پیپلز پارٹی کا اصولی مؤقف ہے کہ سیاسی اختلافات کا فیصلہ آئین اور پارلیمان میں ہو۔