اُس نے گاڑی نکالی اور سوچا کہ آج چھٹی کا دن ہے، پہلے اچھا سا ناشتہ کیا جائے، پھر حجامت اور شیو بنوائی جائے اور اُس کے بعد خواہ مخواہ فضول خرچی کی جائے۔ فضا میں ہلکی سی خنکی تھی، دھوپ ابھی نکلنے سے شرما رہی تھی اور سردی ابھی آنے سے ہچکچا رہی تھی، ایسے میں کسی ڈھابے پر بیٹھ کر کڑک چائے اور پراٹھوں کا ناشتہ تو کیا ہی جا سکتا تھا۔ ابھی گاڑی اُسکی سوچ کی طرح رینگ ہی رہی تھی کہ اُسکی نظر ایک بچے پر پڑی۔ عمر بمشکل آٹھ دس سال، اپنے قد سے بڑا تھیلا کندھے پر اٹھائے ہوئے، جسے وہ بدقّتِ تمام گھسیٹ رہا تھا۔ دو چار قدم چلتا، رک جاتا اور سانس بحال کرنے کی کوشش کرتا۔ تھیلے میں شاید کوڑا کرکٹ تھا۔ اُس نے گاڑی روک لی اور غور سے بچے کو دیکھنے لگا۔ بھرے بازار میں کسی کی توجہ اُس بچے پر نہیں تھی، کوئی دوستوں کیساتھ بیٹھا قہقہے لگا رہا تھا تو کوئی بیوی بچوں کیساتھ چھٹی کا دن منانے نکلا تھا۔ یوں لگتا تھا جیسے وہ بچہ پوری کائنات میں کسی کے ریڈار پر نہیں۔ اُس نے گاڑی بچے کے پیچھے لگا دی۔ ذرا آگے نظر پڑی تو بچے سے کوئی ایک دو سال چھوٹی بچی بھی ویسا ہی تھیلا اٹھائے چلی جا رہی تھی اور اُس سے آگے سولہ سترہ برس کا ایک لڑکا۔ شاید یہ تینوں بہن بھائی ہیں، اُس نے سوچا۔ کچھ دور جا کر اُس نے ہارن دیا، تینوں میں سے کسی نے دھیان نہ دیا۔ اُس نے پھر ہارن دیا، اِس مرتبہ آواز بھی دی۔ بڑے بھائی نے مڑ کر دیکھا۔ اُس نے تینوں کو قریب آنے کا اشارہ کیا۔ وہ اپنے تھیلے اٹھائے گاڑی کے پاس آ گئے اور سوالیہ نظروں سے اُسے دیکھنے لگے۔
”اِن تھیلوں میں کوڑا ہے؟“”جی۔“ بڑے بھائی نے جواب دیا۔”کیا کرو گے اِس کا؟“”جا کر بیچ دیں گے۔“”کتنے پیسے ملیں گے اِن تین تھیلوں کے؟“”شاید ساڑھے پانچ سو۔ آج سامان کم ہے۔ ویسے کسی دن ہزار بارہ سو بھی ہو جاتا ہے۔“”تم نے کھانا کھایا ہے؟“ اُس نے چھوٹے بچے سے پوچھا۔ وہ منہ سے کچھ نہ بولا، بس نفی میں سر ہلا دیا۔ بچی نے سر پر دوپٹہ لے رکھا تھا جو جگہ جگہ سے پھٹا ہوا تھا۔ بڑے سے تھیلے کے ساتھ ساتھ وہ اپنے چھوٹے سے دوپٹے کو بھی سنبھال رہی تھی۔ اُس کے چہرے پر بلا کی معصومیت تھی۔”وہ سامنے کھانے کا ہوٹل دیکھ رہے ہو؟ وہاں بیٹھو، ہم کھانا کھائیں گے، میں گاڑی کھڑی کر کے آتا ہوں۔“
تھوڑی دیر بعد وہ چاروں ڈھابے پر بیٹھے تھے۔ اُس نے بچوں سے پوچھا کہ وہ کیا کھائیں گے۔ دونوں نے کوئی جواب نہ دیا، بس سر جھکا لیے۔ اُس نے ویٹر کو بلا کر خود ہی کھانے کا آرڈر دے دیا۔ بچی تیسری جماعت میں پڑھتی تھی اور بچہ چوتھی میں۔ بڑے بھائی کو باکسنگ کا شوق تھا مگر پہلے اُس نے پڑھائی چھوڑی، پھر باکسنگ۔ پیٹ میں کچھ ہو تو کچھ اور سوجھے۔ اُس نے بتایا کہ یہ دونوں اسکول جاتے ہیں، آج چونکہ چھٹی تھی اِس لیے انہیں ساتھ لے آیا۔ ماں ایک گھر میں کام کرتی تھی مگر کل اُسے نکال دیا گیا، باپ البتہ کسی جگہ باورچی ہے۔”میری ماں کو انہوں نے کہا کہ تم لیٹ آتی ہو، کل سے نہ آنا۔“ بچی پہلی مرتبہ بولی۔ لیونارڈو ڈاونچی جیسا مصور بھی اگر اُس بچی کی تصویر بناتا تو شاید اُس کے چہرے کی معصومیت کا پوری طرح احاطہ نہ کر پاتا۔
”آپ کو پتا ہے چینی زبان میں شی شی کا مطلب شکریہ اور نی ہاؤ کا مطلب ہیلو ہوتا ہے!“ بچی نے کہا۔وہ دم بخود رہ گیا۔ ”تمہیں کیسے پتا؟“”بس۔“ بچی شرما گئی۔”مجھے بھی پڑھنا آتا ہے۔“ اِس مرتبہ اُس کا چھوٹا بھائی بولا۔”اچھا، وہ سامنے پڑھو، کیا لکھا ہے۔“بچے نے فرفر پڑھ کر سنا دیا۔ابھی یہ باتیں ہو ہی رہی تھیں کہ ایک اور بچہ، جس کے گلے میں بوٹ پالش کا سامان لٹک رہا تھا، اُن کے پاس آ کر رک گیا۔”تم بھی بیٹھ جاؤ، کھانا کھائیں گے۔“ اُس نے بچے سے کہا۔
تھوڑی دیر گزری تھی کہ دو بچے اور آ گئے، اور پھر دو اور۔ کھانے کا مزید آرڈر دے دیا گیا۔ اُن میں سے ایک بچہ بہت ذہین تھا۔ اُس نے بتایا کہ پولیس والے اکثر اُس کا بوٹ پالش کا بکس چھین کر پھینک دیتے ہیں۔”پھر تم کیا کرتے ہو؟“”کچھ نہیں۔“ وہ بےپروائی سے بولا۔ ”میں ساڑھے پانچ سو کا نیا خرید لیتا ہوں۔ روزانہ پندرہ سو کماتا بھی تو ہوں، کیا مشکل ہے۔“اِس عمر میں ایسی خود اعتمادی! وہ حیران رہ گیا۔
”کیا تم اسکول جاتے ہو؟“”ہاں۔ پندرہ سو فیس دیتا ہوں۔“”سرکاری اسکول کیوں نہیں جاتے؟ وہاں تو کوئی فیس بھی نہیں۔“”وہاں پڑھائی ٹھیک نہیں ہوتی۔“ اُس نے اُسی خود اعتمادی سے جواب دیا۔ اِس سے بہتر کسٹمر فیڈ بیک ممکن نہیں تھا۔”میں بھی اسکول جاتا تھا مگر پھر کسی نے وہ اسکول ہی توڑ دیا۔“ ایک بچہ جو اب تک چپ بیٹھا تھا، بولا۔”یہ اسکول نہ جانے کے بہانے ہیں۔ شہر میں اتنے اسکول ہیں، کہیں بھی چلے جاؤ۔“ ذہین بچے نے تڑ سے جواب دیا۔
یہ بچے کس دنیا میں رہتے ہیں، اِس عمر میں انہوں نے اتنی باتیں کیسے سوچ لی ہیں، وہ خود کلامی کے انداز میں بڑبڑایا۔اتنے میں کھانا آ گیا۔ کسی بچے نے کھانے کو ہاتھ نہ لگایا اور نہ ہی ندیدوں کی طرح اُسکی طرف دیکھا۔ اُس کے کہنے پر بچوں نے کھانا شروع کیا۔”ساتھ چائے لو گے یا بوتل؟“کسی نے جواب نہ دیا، بس مسکرا کر ایک دوسرے کی طرف دیکھنے لگے۔ وہ سمجھ گیا۔”سب کیلئے ٹھنڈی بوتلیں لے آؤ۔“یہ سن کر بچوں کے چہروں پر ایسی خوشی آئی گویا انہیں جنت مل گئی ہو۔
بچے کھانے لگے تو میز پر خاموشی چھا گئی، وہ خاموشی جو صرف بھوک کے حصے میں آتی ہے۔ چھوٹے چھوٹے ہاتھ نوالے توڑتے رہے۔ کھانا ختم ہوا تو ویٹر بل لے آیا۔ اتنے پیسے تو اُس نے آج خواہ مخواہ کی فضول خرچی میں اُڑا دینے تھے۔ بچے ایک ایک کر کے اٹھنے لگے۔ اُس نے جاتے جاتے سب بچوں کے ہاتھ میں کچھ پیسے تھما دیے۔
بازار ویسے کا ویسا تھا، سامنے والے ہوٹل پر دوست اب بھی قہقہے لگا رہے تھے، ایک صاحب اپنے بیٹے کو نوالے بنا بنا کر کھلا رہے تھے۔ اُس نے گاڑی اسٹارٹ کی۔ اُسے یاد آیا کہ وہ حجامت بنوانے نکلا تھا۔ اُس نے آئینے میں اپنا چہرہ دیکھا، بڑھی ہوئی شیو، تھکی ہوئی آنکھیں، اور گاڑی گھر کی طرف موڑ لی۔ کل پیر تھا۔ دو بچے اسکول جائیں گے، ایک ماں کام ڈھونڈنے نکلے گی اور ایک لڑکا، جسے کبھی باکسنگ کا شوق تھا، اکیلا تین تھیلے بھرے گا۔