• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مجھے بلیاں بچپن ہی سے بہت پسند ہیں اور میری یہ پسندیدگی ابھی تک قائم و دائم ہے۔گزشتہ چند برسوں سے ایک بلا ہم نے پالا ہوا ہے جو مجھے بہت پیارا لگتا ہے گورا چٹا،بڑی بڑی مونچھیں،کسرتی جسم اور بہت نفیس عادتوں کا مالک۔ ہم گھر والوں نے اس کا نام پیار سے "بلا پہلوان"رکھا ہوا ہے۔بلا پہلوان اپنے طور طریقوں اور رہن سہن میں بہت مستقل مزاج واقع ہوا ہے۔یہ سردیوں میں ہیٹر کے پاس اور گرمیوں میں فریج کے پاس آ کر بیٹھتا ہے۔دودھ رغبت سے نہیں پیتا،البتہ گوشت بڑے شوق سے کھاتا ہے فریج کا دروازہ کھولیں تو دوڑا دوڑا آتا ہے مگر ندیدوں کی طرح آپ کی ٹانگ کو سیڑھی بنا کر فریج میں منہ ڈالنے کی کوشش نہیں کرتا بلکہ صرف منہ سے نہایت سریلی آواز میں میاؤں میاؤں کر کے آپ کو یاد دلاتا ہے کہ اس کے بھی کچھ جبلی تقاضے ہیں۔بلے پہلوان کی ایک عادت جو مجھے بہت پسند ہے،وہ اسکی صفائی پسندی ہے،وہ کبھی گھر میں گند نہیں ڈالتا،بس ایسے مواقع پر چپ چاپ گھر سے باہر نکل جاتا ہے اور کسی جھاڑی کا رخ کرتا ہے۔اپنی عادتوں سے وہ جس قدر متقی اور پرہیز گار لگتا ہے،اس کا بس چلے تو اسے مواقع پر اس کے ہاتھ میں لوٹا بھی ہو!

بلا پہلوان بظاہر امن پسند اور صلح جو قسم کا بلالگتا ہے لیکن ہر چوتھے پانچویں دن گھر میں لہو لہان داخل ہوتا ہے،ممکن ہے اسے اپنے دفاع میں کچھ کرنا پڑتا ہوتاہم اس ضمن میں یقین سے کچھ نہیں کہا جا سکتا۔زخمی ہونے کے دو چار دن بعد تک وہ گھر کے ٹی وی لاؤنج میں پڑا رہتا ہے،ٹی وی پر کوئی اچھی شکل نظر آئے تو چند لمحوں کے لیے کنکھیوں سے اسے دیکھتا ہے اور پھر آنکھیں موند لیتا ہے،البتہ ریسلنگ چل رہی ہو تو ان لمحوں میں کنکھیوں سے بھی ٹی وی کی طرف نہیں دیکھتا۔جب اس کے زخم بھر جاتے ہیں تو وہ پھر باہر آنا جانا شروع کر دیتا ہے۔ہم گھر والوں کو تو تجسس تھا کہ اتنے شریف النفس قسم کے بلے نے آخر کس سے دشمنی پالی ہوئی ہے اور کیوں پالی ہوئی ہے کہ ہر چوتھے دن اس سےمتھا لگاتا ہے اور کیوں لگاتا ہے اور نتائج کی پرواکیے بغیر اس سے بھڑ جاتا ہے۔ایک دن ہم نے اسکا دشمن اور دشمنی کا راز پا لیا ۔کچھ عرصہ قبل سامنے بازار سے سودا سیلف خرید کر میں گھر کی طرف آ رہا تھا۔کہ میں نے ایک بلا دیکھا جو ہمارے بلے پہلوان سے بھی زیادہ خوبصورت اور پلا ہوا تھا بلکہ عمر میں بھی اس سے بہت کم تھا۔یہ اپنی جوانی کے گھمنڈ میں جھومتا جھومتا سامنے چلا آرہا تھا۔اتنے میں براؤن رنگ کی ایک بھلے مانس سی بلی اس کے قریب سے گزری۔موصوف اسے دیکھ کر رک گئے اورغرانا شروع کر دیا۔بلی بھی رک گئی اور اس نے غراہٹ کا جواب غراہٹ سے دیا۔تھوڑی دیر بعد دونوں گتھم گتھا ہو گئے مگر کچھ ہی دیر بعد بلی نے محسوس کیا کہ اس کا مد مقابل اس سے زیادہ طاقتور ہے چنانچہ وہ دم دبا کر بھاگ گئی۔بعد میں اس مغرور بلے کی ادھر ادھر سے کچھ اور شکایات بھی ملیں بہرحال کچھ روز بعد میں نے دیکھا کہ اس نوجوان بلے کا ہمارے بلے پہلوان سے آمنا سامنا ہو گیا،دونوں ایک دوسرے پر جھپٹ پڑے مگر میں نے آگے بڑھ کر بیچ بچاؤ کرادیا۔اس دن کے بعد سے بلا پہلوان ہر دو چار دن کے بعد لہو لہان حالت میں گھر میں داخل ہوتا اور زخم بھرنے پر پھر مقابلے کے لیے نکل کھڑا ہوتا۔

البتہ کچھ عرصے سے میں نے بلے پہلوان اور مغرور بلے کے رویوں میں ایک نہایت دلچسپ تبدیلی دیکھی ہے،مغرور بلا رزق کی تلاش میں یا بلے پہلوان کی تلاش میں کبھی کبھار ہمارے گھر کی دہلیز میں بھی داخل ہو جاتا ہے۔جب ان دونوں کا آمنا سامنا ہوتا ہے تو دونوں زمین کے ساتھ چپک سے جاتے ہیں اور کمانڈوز کی طرح گھات لگا کر بیٹھ جاتے ہیں مگر مزے کی بات یہ ہے کہ گھنٹوں اس حالت میں رہتے ہیں،آنکھ تک نہیں جھپکتے اور ایک دوسرے پر حملہ آور بھی نہیں ہوتے۔اس سے بھی زیادہ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس عالم میں انہیں گوشت ڈالا جائے یا مار بھگانے کی کوشش کی جائے تو بھی یہ اپنی جگہ سے ٹس سے مس نہیں ہوتے اور مسلسل اسی طرح مورچہ بندرہتے ہیں،پھر آہستہ آہستہ پسپائی کا عمل شروع ہوتا ہے مگر اس کے بعد بھی میں نے بلے پہلوان کو دیکھا ہے کہ وہ کافی دیر تک نارمل حالت میں واپس نہیں آتا،غالباً دونوں ایک دوسرے پر اعتماد نہیں کرتے اب دونوں کے درمیان انا کا مسئلہ بھی ہے اور یہ انا بہت بڑی چیز ہے۔جیسا کہ میں نے کالم کے شروع میں کہا تھا کہ مجھے بچپن ہی سے بلے بلیوں سے بہت پیار ہے اور میں ٹی وی لاؤنچ میں بیٹھا انکی حرکات و سکنات بڑی دلچسپی سے دیکھتا رہتا ہوں،البتہ کتے مجھے کبھی اچھے نہیں لگے۔اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ہر وقت انکی رال ٹپکتی رہتی ہے۔کتا اگر میرے پاؤں میں لوٹنیاں بھی لے تو بھی مجھے اچھا نہیں لگتا کیونکہ کتا،کتا ہی ہوتا ہے۔میں جب ناروے میں تھا تو میرے لینڈ لار ڈپال کے پاس دو عدد بہت خوفناک سے کتے تھے،وہ اگر کبھی راہ میں مل جاتا یا میں کبھی اس کی طرف جاتا تو یہ کتے مجھ سے بھی بے تکلف ہونے کی کوشش کرتے لیکن میں نے انکی اس کوشش کی کبھی حوصلہ افزائی نہیں کی۔ایک دفعہ پال پہاڑوں پر چھٹیاں گزارنے گیا،وہ ان دو میں سے جو زیادہ لاڈلا کتا تھا،اسے اپنے ساتھ لے گیا،ایک دن یہ کتا پال کے بغیر اکیلا گھر سے باہر چلا گیا اور پھر واپس نہ آیا۔وہ سردی میں اکڑ کر مر گیا تھا۔پال پر اس کی ناگہانی وفات کا اتنا اثر ہوا کہ اس پر ڈپریشن کے دورے پڑے اور اسے ہسپتال میں داخل ہونا پڑا۔

بلیوں کی وفاداری گھر سے ہوتی ہے اور کتوں کی صرف اپنے مالک سے۔ شاید اسی لیے کتے مجھے اچھے نہیں لگتے!(قند مکرر)

تازہ ترین