یونیورسٹی آف شکاگو کےہیرس اسکول آف پبلک پالیسی میں پاکستان سمٹ کا انعقاد امریکا کے اہم تعلیمی اداروں میں پاکستان کے متعلق بڑھتی ہوئی دلچسپی کا مظہر تھا ۔ ہفتہ کو اس سمٹ کے افتتاحی سیشن میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے گفتگو کی جبکہ دوسرے سیشن میں افراسیاب خٹک، مفتاح اسماعیل، تیمور سلیم جھگڑا اور مجھے گفتگو کرنی تھی۔ میں اس سمٹ میں زوم کے ذریعہ شریک تھا۔ اس سیشن میں تیمور سلیم جھگڑا شریک نہیں ہو سکے کیونکہ چند دن قبل انہیں پاکستان میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔ یہی وجہ تھی کہ سیشن کے ہر مقرر کو گفتگو کے آغاز سے قبل یہ کہنا پڑ رہا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت کے تین سابق وزرا تیمور سلیم جھگڑا ، کامران بنگش اور عرفان سلیم کی گرفتاری افسوسناک ہے۔ ہمارے اس سیشن کا موضوع مالیاتی چیلنجز اور وفاق پاکستان کا مستقبل تھا لیکن ایک مقرر کی گرفتاری کے بعد گفتگو مالیاتی چیلنجز سے زیادہ پاکستان میں سیاسی عدم استحکام پر ہو رہی تھی۔
پاکستان ایک عجیب ملک ہے جہاں اسوقت حکمران اتحاد میں شامل جماعتیں نئے صوبوں کے معاملے پر آپس میں دست گریبان ہیں ۔ نئے صوبے بنانے کیلئے آئین میں طے شدہ طریقہ کار کی بجائے ریفرنڈم کا راستہ اختیار کرنے کی تجویز پر بحث ہو رہی ہے لیکن ایسےکسی ریفرنڈم کی تیاری کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ابھی تک کوئی اطلاع نہیں ہے۔ یونیورسٹی آف شکاگو کے پاکستان سمٹ میں کئی طلبہ نے ہم سے نئے صوبوں کے متعلق سوالات پوچھے جن کا کسی کے پاس کوئی واضح جواب نہ تھا کیونکہ اس معاملے پر پارلیمنٹ میں ابھی تک کوئی بحث شروع نہیں ہوئی لیکن تاثر یہ پیدا ہو چکا ہے کہ نئے صوبے بنانے کا فیصلہ ہو چکا اب صرف اعلان باقی ہے۔ سوال یہ ہے کہ اگر نئے صوبے بن جاتے ہیں تو کیا پاکستان میں سیاسی استحکام پیدا ہو جائے گا؟ انسانی حقوق کے کئی عالمی ادارے پاکستان میں سیاسی قیدیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر تشویش ظاہر کر رہے ہیں ۔ جنیوا میں قائم انٹرنیشنل کمیشن آف جیورسٹس نے ایک تفصیلی بیان میں چھبیسویں اور ستائیسویں آئینی ترامیم کو پاکستان میں انصاف کے نظام کی تباہی کا منصوبہ قرار دیدیا ہے۔
دوسری طرف جیلوں میں بند سیاسی قیدی عدلیہ سے پوچھ رہے ہیں کہ اسکے فیصلوں پرعمل درآمد کیوں نہیں ہو رہا ؟ کچھ دن پہلے عمران خان کی طرف سے انکے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے چیف جسٹس آف پاکستان کو جو خط بھیجا اس میں کہا گیا کہ عدالت نے انہیں اسپتال منتقل کرنے کا جو حکم دیا تھا اس پر عملدرآمد نہیں ہوا۔ چند دن قبل ایک اور وکیل رانا مدثر عمر نے کوٹ لکھپت جیل لاہور میں قید شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چودھری، میاں محمود الرشید اور سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ کی طرف سے چیف جسٹس آف پاکستان کو ایک خط بھیجا ہے ۔ اس خط میں کہاگیا ہے کہ عزت مآب چیف جسٹس آف پاکستان نے ذاتی طور پر پاکستان کے قومی جیل اصلاحات کے ایجنڈے کی قیادت کی ہے، اصلاحاتی نظام قائم کیے ہیں اور قیدیوں کے حقوق، انسانی وقار، بحالی اور جیل نظام میں احتساب کو آگے بڑھانے کیلئےجیل اصلاحات پر قومی کانفرنس بلائی ہے۔
ہم نہایت احترام سے پوچھتے ہیں کہ جیل اصلاحات کے وہ مقاصد، جن کی آپ نے قومی سطح پر قیادت کی ہے، کیا کوئی اعتبار رکھ سکتے ہیں اگر ایک سابق وزیراعظم تک کے آئینی و قانونی حقوق اور سپریم کورٹ کے واضح احکامات پر عمل درآمد نہ ہو؟اس قومی اصلاحاتی اقدام کی ساکھ کا اظہار قیدیوں کے ساتھ عملی سلوک میں ہونا چاہیے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ آئینِ پاکستان بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے ہر شہری کے آئینی حقوق جیل کے دروازے پر ختم نہیں ہو جاتے، اور نہ ہی کسی عدالتی حکم کی اتھارٹی جیل کی دیواروں کے پیچھے ختم ہوتی ہے۔عدلیہ حکومت کی زیادتیوں کے خلاف ہر شہری کی آخری آئینی پناہ گاہ ہے۔ جب یہ پناہ گاہ ناقابلِ رسائی ہو جائے اور اس کے اپنے احکامات بھی نافذ نہ ہو سکیں، تو آئینی ریاست کی بنیاد ہی خطرے میں پڑ جاتی ہے لہٰذا ہم نہایت احترام کے ساتھ جناب عالی سے درخواست کرتے ہیں کہ:
-1سابق وزیراعظم عمران احمد خان نیازی کو آزاد ماہرین کے ذریعے جامع طبی معائنے اور علاج کیلئے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم پر فوری عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
-2عمران احمد خان نیازی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی دونوں کیلئے مناسب طبی علاج، ڈاکٹروں تک رسائی اور ضروری فالو اپ نگہداشت کو مزید رکاوٹ یا تاخیر کے بغیر یقینی بنایا جائے۔
-3اہلِ خانہ سے ملاقاتوں، قانونی وکیل تک رسائی اور اہلِ خانہ بشمول ان کے بیٹوں سے رابطے سے متعلق عدالتی ہدایات پر عمل درآمد کی ضمانت دی جائے۔
-4قید سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کی زیرِ التوا اپیلوں اور مقدمات کا آزادانہ، غیر جانبدارانہ اور جلد فیصلہ یقینی بنایا جائے۔
-5عدالتی احکامات کی دانستہ خلاف ورزی کے ذمہ داروں کا احتساب کر کے عدلیہ کی آزادی، وقار اور آئینی اختیار کا تحفظ کیا جائے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ہم آئین سے بڑھ کر کچھ نہیں مانگتے۔ ہم قانون سے بڑھ کر کچھ نہیں چاہتے۔ اور اگر انصاف میں تاخیر ہو رہی ہے، تو ہم کم از کم یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ عدلیہ اپنے احکامات پر خود عمل درآمد کروائے۔ ان پانچ قیدیوں کو یہ حق تو حاصل ہے کہ انکا وکیل چیف جسٹس تک انکی گزارشات پہنچا سکتا ہے لیکن سہیل آفریدی، بابر سلیم سواتی اور جنید اکبر سمیت کچھ سیاسی قیدی ایسے بھی ہیں جن کا پتہ ہی نہیں کہاں ہیں؟ مجھے ایک امریکی صحافی نے پوچھا کہ خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلی ابھی تک برقرار ہے تو پھر وزیراعلیٰ اور سپیکر کی گمشدگی پر عدلیہ خاموش کیوں ہے؟ میرے پاس اس سوال کا کوئی جواب نہیں تھا۔
اگر کئی ہفتوں سے لاپتہ وزیراعلیٰ اور سپیکر سمیت دیگر ارکان پارلیمنٹ کو عدالتوں تک براہ راست رسائی نہ ملی تو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں انصاف کے نظام کے نظام کے بارے میں سوالات عالمی فورمز پر دشمن کا بڑا ہتھیار بن جائیں گے۔ جس ملک میں انصاف کا ادارہ ایک سوالیہ نشان بن جائے وہاں نہ تو نئے صوبے عام آدمی کی تقدیر بدل سکتے ہیں اور نہ ہی سسٹم ری سیٹ ہو کر ہمیں کوئی فائدہ دے سکتا ہے۔