• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قتل، جلائو گھیرائو، ہنگامہ آرائی کا الزام، کنور نوید، قمر منصور ودیگر 11؍ ملزمان 3 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالتوں کے منتظم جج نے قتل، جلاو گھیرائو ، ہنگامہ آرائی ، نجی ٹی وی چینل پر حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار متحدہ قومی موومنٹ کے ڈپٹی کنوینر شاہد پاشا، ایم این اے کنور نوید جمیل، رابطہ کمیٹی کے رکن قمر منصور اور 11ملزموں کو 3روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دید یا ہے۔مقدمہ میں متحدہ رہنما فاروق ستار ، عامر خان ، گل فراز خٹک، عبدالقادر، جاوید کاظم ،عارف خان ، اکرم راجپوت، اویس برفی،اشرف نور، رفیق اکبر،ذاکر قریشی، اسلم آفریدی و دیگر 1500سے دو ہزار مرد وخواتین کو بھی مقدمہ میں نامزد کیا گیا ہے ۔ منگل کو پولیس نے 3متحدہ رہنمائوں اورکارکنان سید ارشد علی، عبدالرحمان ، رائو طارق ، ندیم، عرفان ، محمد آصف ، محمد ناصر ، فہیم دانش ، محمد سبحان ، محمد سالم ، صبیح الدین کو سخت سیکیورٹی حصار میں آنکھوں پرپٹیاںاور ہاتھ میں ہتھکڑ یا ںپہناکر عدالت کے روبرو پیش کیا۔ مقدمہ کے تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان نے متحدہ قائد کی تقریر کے بعد نجی ٹی وی چینل ( اے آر وائے)پر حملہ کیا ، جلاو گھیراو اور ہنگامہ آرائی کی اس دوران ایک شخص بھی ہلاک ہو ا جو کہ ملزمان کی ہنگامہ آرائی، جلاو گھیرائو کے باعث ہوا لہٰذا ملزمان کے خلاف قتل، جلاو گھیرائو ، ہنگامہ آرائی کے الگ الگ مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ عدالت نے ملزمان کو3روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیتے ہوئے مقدمہ کے تفتیشی افسر کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ سماعت پر تفتیش میں پیش رفت سے متعلق رپورٹ بھی عدالت کے روبر وپیش کریں۔
تازہ ترین