• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر کی برآمدی استعداد سے بھرپور استفادہ کیا جائے: وزیراعظم

تصویر سوشل میڈیا۔
تصویر سوشل میڈیا۔

وزیراعظم کی زیرصدارت وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام کی کارکردگی اور اہم منصوبوں پر جائزہ اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر کی برآمدی استعداد سے بھرپور استفادہ کیا جائے، آئی ٹی سیکٹر کو ترقی اور نوجوانوں کے روزگار کا اہم ذریعہ بنانا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا آئی ٹی شعبوں میں ملکی وغیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے ترجیحی اقدامات جاری ہیں۔ وزیراعظم نے تمام فعال آئی ٹی پارکس کے تھرڈ پارٹی آڈٹ کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔ 

انہوں نے کہا کہ اسپیشل ٹیکنالوجی زونز کو ٹیکنالوجی اور آئی ٹی برآمدات کے فروغ کا مرکز بنایا جائے۔ وزیراعظم نے اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کے قانون میں ممکنہ غلط استعمال کی روک تھام کیلئے نظرثانی کی ہدایت کی۔ 

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار اور قابل اعتماد کنیکٹیوٹی مزید بہتر بنائی جائے، پاکستانی نوجوانوں کو آئی ٹی مہارتوں کی تربیت دینے کے عمل میں تیزی لائی جائے۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ عالمی معیار کی تکنیکی تربیت سے نوجوانوں کو عالمی لیبر مارکیٹ میں روزگار کے مواقع ملیں گے۔ اجلاس میں علی بابا کے اشتراک سے اسٹریٹجک ٹرانسفارمیٹو فریم ورک پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ 

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ علی بابا حکومت پاکستان کے لیے جامع سپر ایپ تیار کر رہا ہے، سپر ایپ سے تمام سرکاری خدمات ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پردستیاب ہوں گی۔ 

بریفنگ کے مطابق ملک بھر میں 7 کلسٹرز کے تحت 32 ٹیکنالوجی زونز پر کام جاری ہے، ملک میں 32 ٹیکنالوجی زونز میں سے 21 فعال جبکہ11 زیر تعمیر ہیں۔ 

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹیکنالوجی زونز میں اب تک 100 ارب روپے کی سرمایہ کاری آچکی ہے، ٹیکنالوجی زونز میں مزید 105 ارب روپے کی سرمایہ کاری کے منصوبے زیر غور ہیں۔ 

بریفنگ کے مطابق تقریباً 300 ٹیکنالوجی کمپنیوں نے مختلف ٹیکنالوجی زونز میں اپنے دفاتر قائم کرلیے، ملک میں فائیو جی سروسز کے اجرا پر پیشرفت تسلی بخش ہے۔ 

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹیلی کام کمپنیوں نے 86 شہروں میں نیٹ ورک کی اپ گریڈیشن مکمل کرلی، پاکستان کی آئی ٹی برآمدات جون 2026 تک 4.6 ارب ڈالرتک پہنچ گئیں۔

بریفنگ کے مطابق جولائی سے ستمبر 2026 کے دوران آئی ٹی برآمدات 1.24 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں، پاکستانی فری لانسرز کی برآمدات جون 2026 تک 1.165 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، ملک میں فور جی کوریج اور اسمارٹ فونز تک رسائی میں بہتری آ رہی ہے۔

بریفنگ کے مطابق ڈی جی اسکلز پروگرام کے تحت جون 2026 تک 9 لاکھ 31 ہزار سے زائد افراد تربیت مکمل کرچکے، جولائی سے اکتوبر 2026 کے دوران بھی ڈی جی اسکلز پروگرام کے تحت تربیتی سرگرمیوں میں پیشرفت جاری رہی۔

اجلاس میں وفاقی وزرا، وزیراعظم کے مشیر، وزیر مملکت اور چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

قومی خبریں سے مزید