میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے عمارت گرنے کے مقام کا دورہ کرنے کے دوران میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ غیر قانونی عمل کہیں بھی ہو وہاں بلاامتیاز کارروائی ہونی چاہیے، عمارت گرانے کا کام اس لیے نہیں کرسکے کہ عدالت کا اسٹے آرڈر تھا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو وزیراعلیٰ یا وزیر نے نہیں عدالت نے روکا تھا، بلڈنگ کی غیر قانونی تعمیرات میں ملوث کچھ افراد کو گرفتار کیا ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ وزیراعلی اور وزیر بلدیات سے بھی بات کروں گا، وقت آگیا ہے کہ سخت فیصلے کیے جائیں، کوئی شخص یا ادارہ پشت پنائی کر رہا ہے تو ایسا نہیں ہونا چاہیے۔
کمشنر کراچی حسن نقوی نے کہا کہ شہر میں خطرناک عمارتوں کے حوالے سے اجلاس بلا رہے ہیں، زیر تعمیر بلڈنگ بھی خطرناک ثابت ہو رہی ہیں، تحقیقات کے بعد ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہوگی۔
خیال رہے کہ کراچی میں بلوچ کالونی کے قریب 6 منزلہ نئی عمارت گرگئی، حادثے میں ایک شخص جاں بحق، 10 زخمی ہوگئے، متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے، ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
گرنے والی عمارت 600 گز کے پلاٹ پر تعمیر کی گئی تھی، عمارت میں کوئی رہائش پذیر نہیں تھا مزدور کام کر رہے تھے۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی ایڈمنسٹریٹو سوسائٹی میں عمارت گرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ ملبے تلے افراد کو نکالنے کے لیے دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں، غفلت یا غیر قانونی تعمیر کی صورت میں ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے میں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے زخمیوں کو ترجیحی بنیادوں پر طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔