پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا ہے کہ عوام کا عدالتی نظام پر اعتماد بحال کرنے کےلیے کھلی عدالتی کارروائی اور لائیو اسٹریمنگ ضروری ہے۔
بانی چیئرمین اور اُن کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے وکلاء نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت پر استدعا کی کہ لائیو اسٹریم کی جائے۔
وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ عدالت کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے ہماری استدعا سنی، بار بار عدالت کے دروازے کھٹکھٹانے کے بعد ہماری سنوائی ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ایک 74 سال کا شخص اور ان کی اہلیہ کا مقدمہ عوام کے سامنے رکھا جارہا ہے، جہاں عوام کا پیسہ ہوتا ہے وہاں عام آدمی کا حق ہے کہ چیزوں کو جانے۔
سلمان صفدر نے مزید کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ ایک ان سیف فیصلہ ہے، فیصلہ سنانے سے پہلے عوام کو اندازہ ہے کہ فیصلہ کیا ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت پر قومی اور عالمی میڈیا بھی شدید تحفظات کا اظہار کرچکا ہے، عوام کا عدالتی نظام پر اعتماد بحال کرنے کیلئے کھلی عدالتی کارروائی اور لائیو اسٹریمنگ ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ لائیو اسٹریمنگ آئین کے آرٹیکل 19 میں دی گئی آزادی اظہار سے بھی مطابقت رکھتی ہے، استدعا کی ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں مرکزی دلائل کے موقع پر لائیو اسٹریمنگ کی جائے۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ 190 ملین پاونڈ کیس میں اپیل کے شواہد اور ریفرنس پڑھنے کا عمل شروع کرنے کے لیے تیار ہیں، آج عدالت نے سماعت ایک ہفتے کےلیے ملتوی کردی ہے۔