کراچی (اسٹاف رپورٹر) حروں کے روحانی پیشوا اور پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیرپگارا نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ برطانوی ہائی کمشنر کو بلاکر پوچھئے کہ ایک برطانوی شہری الطاف حسین برطانیہ میں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف کیسے اشتعال انگیز باتیں کررہا ہے۔ منگل کو کنگری ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان میں پیر پگارا نے کہا کہ الطاف حسین کی پاکستان کے خلاف تقریروں کے بارے میں برطانیہ سے پوچھا جائے۔ پیرپگارا نے یہ بھی انکشاف کیا کہ برطانیہ میں الطاف حسین کے خلاف منی لانڈرنگ کا کیس ʼ’’را‘‘ کے کہنے پر ہی ختم کیا گیا ہے۔ پیرپگارا نے کہا کہ پاکستانی حکومت کو اس معاملے کا بھی جائزہ لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قوم پاک فوج کے ساتھ ہیں، پاکستان ہمیشہ قائم رہے گا۔