ایک زمانہ تھا کہ آئیڈیلزم (Idealism) وطنی سیاست کی بنیادتھا ۔ آئیڈیلزم انسانی فکر اور عمل کا وہ محرک ہے جو فرد کو ذاتی مفادات ، وقتی مصلحتوں اور مادی منفعت سے بالاتر کسی اعلیٰ نصب العین ، نظریے یا مقصد سے منسلک رکھتاہے ۔ اصول یقین ، فکری وابستگی اور عملی عزم موجود ہو تو استقامت ، ایثار اور قربانی اوڑھنا بچھونابنتی ہے ۔ یہ سب عناصر یک جا ہوں تو ایک مشن اور بامعنی جدوجہد عمل میں آتی ہے ۔
قومی بدنصیبی ! قومی سطح پر ایک عرصہ سے موجود سیاسی اور ریاستی،حکومتی کردار کسی نظریاتی سیاسی جدوجہد کے نتیجے میں نہیں بلکہ حالات ، خاندانی اثر و رسوخ ، اقتدار کے مواقع یا بطور اشرافیہ زور زبردستی حکمران بن بیٹھے ہیں جبکہ آئیڈیلزم کا خانہ خالی ، ذاتی مفادات نے حکمرانوں کو اَدھ موا کر رکھا ہے ۔ قومی سطح پر ذوالفقار علی بھٹو آخری حکمران جو آئیڈیلزم کے ہاتھوں مجبور ہوکر سیاست میں متحرک ہوئے ، محنت مشقت سے مقام بنایا ۔
بھٹو صاحب کے بعد حکمرانی کرنیوالے جنرل ضیاء الحق ، بینظیر بھٹو ، نواز شریف،جنرل پرویز مشرف،آصف زرداری، عمران خان یا شہباز شریف میں ایک بھی ایسانہیں جس نے سیاسی آئیڈیلزم کو بنیاد بنایا ہو ۔ سب ذاتی مفاداتی ایجنڈے کو پروان چڑھانے کیلئے حکومتیں بناتے رہے اوررُخصت ہوئے۔کسی بھی پیشہ میں آئیڈیلزم اصول ، کردار اور بے لوث عمل کی ضمانت دیتا ہے ۔ ذوالفقار علی بھٹو کی مثال سامنے کہ جیسے ہی سیاست کو ذاتی مفاد کا طابع بنایا تو سب سے پہلے آئیڈیلزم کی قربانی دی، باقی برائیاں بعد میں سرائیت کر گئیں ۔ آئیڈیلزم کی غیرموجودگی میں بھٹو جیسا سیاستدان بھی اقتدار کے کھیل میں موقع شناس اور بے رحم ہو گیا۔ سیاست جب آئیڈیلزم سے جنم لیتی ہے تو قوموں ملکوں کی تعمیر کا ذریعہ بنتی ہے ، لیکن جب آئیڈیلزم کی غیرموجودگی ہو تو مملکتیں سیاست کا ایندھن بن جاتی ہیں ۔ پاکستان ، چین ، اسرائیل وجود میں آئے اور آج تینوں ملکوں کی حالت زار اپنے اپنے طور میرے THESIS کی توثیق کررہی ہے ۔ چین اور اسرائیل مستحکم سیاسی نظام کی بدولت مضبوط بن چکےجبکہ پاکستان کےحالت زار کسی تبصرے کی محتاج نہیں ۔
لیاقت علی خان کی شہادت کے بعد سے لیکر آج تک موقع پرستی اور مفادات کی جنگ نے مملکت خداداد اسلامیہ کا باجا بجائے رکھا ۔ عمر کے جس حصہ میں ہوں ، وقت نہیں بچا کہ پچھلے 75سال میں مملکت کی اینٹ سے اینٹ بجانے والوں کا احاطہ کروں ۔ بس فکر اتنی کہ آج ہم جہاں پہنچ چکے ہیں اور جس تیزی سے مزید گراوٹ کی جانب گامزن ہیں ، مجھے مملکت کی فکر گھائل کر چکی ہے ۔ حکمرانوں کو اس کا احساس ہے بھی یا نہیں ، انکی ترجیحات میں کسی جگہ مملکت اوّل درجہ پر موجود ہے یا انکی اپنی ذات مبارکہ اولین ترجیح بن چکی ہے۔
پاکستان بنا تو نہ نظام حکومت پر اختلاف تھا اور نہ نظریاتی شناخت پر دو رائے تھیں ۔ پہلے کئی سال عظیم قائد کی کسی تقریر کی توجیہات ، تفہیمات اور تعلیمات پر کھینچا تانی نہیں رہی ۔ ڈیڑھ سال بعد جب 12 مارچ 1949ءکو قراردادِ مقاصد منظور ہوئی ، تو مملکت کے آئینی فریم ورک کی حدود و قیود متعین کر دی گئیں ۔ قراردادِ مقاصد ایک متفقہ دستاویز جس پر اعتراض کرنیوالے موجود نہیں تھے ۔ پاکستان بنانے والے خود موجود تھے اورانکو CLARITY اور COMPREHENSION تھی کہ مملکت کی نظریاتی آئینی سمت کیا رہنی ہے ۔ ایک سال کے بحث مباحثہ کے بعد 7مارچ 1949ءکومذکورہ قرارداد پیش ہوئی تو 5دنوں کے بعد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ۔
پہلی تین چار دہائیوں میں مملکت کیساتھ کھلواڑ ہوا تو اغراض و مقاصد کو بھی متنازع بنا دیا گیا ۔ اسکے باوجود بحث کا موضوع یہی کہ مملکت کا آئین و قانون قرآن و سنت کےمطابق ہوگا یا لادینی بحث نظریاتی تھی ۔ بدقسمتی سے پچھلی تین دہائیوں سے معروضی حالات کے تناظر میں نظریاتی بحث اب ایک عیاشی اورتضیع اوقات ہے ۔ وطن افتادوں اور بلاؤں کے نرغے میں ایسے گھرا ہے کہ آئین اور قانون کی حکمرانی کیلئے دائیں بائیں بازو کے متفکر اہل دانش ایک صفحہ پر ہیں کہ مملکت کا مستقبل مخدوش اور مایوس کن، بچانے کی تدابیر کیا ہوں ۔ ازراہ تفنن ، پچھلے 75 سالوں سے درجن بھر سے زیادہ انواع واقسام کے نظام متعارف کرا چکے ہیں ، ہر نظام وکھری ٹائپ کا ، ایک نیم جمہوری نظام، دوسرے نیم جمہوری نظام سے مختلف رہا تو ایک ہائبرڈ نظام دوسرے ہائبرڈ نظام سے مختلف ، چار باقاعدہ مارشل لا مگر چاروں کی ہیئت اور قسم الگ الگ ، کہیں آئین منسوخ (ABROGATE ) تو کہیں معطل ( SUSPENDED) تو کہیں غیرفعال حالت ( HELD IN ABEYANCE) کی صورت موجود ۔ تین مکمل اور ایک ادھورا ریفرنڈم ، بھٹو صاحب کا ادھورا ریفرنڈم ، جنرل ایوب ، جنرل ضیاء اور جنرل مشرف کے پورے ( WHOLESOME ) کے بعد آجکل پھر ایک ریفرنڈم کا شور ہے ۔ ایک بات حتمی نئے صوبوں پر ریفرنڈم پہلے بوگس ریفرنڈم سے زیادہ نقصان دہ بلکہ جان لیوا ثابت ہوگا ۔
بتایا جاتا ہے کہ نظام ہائبرڈ ضرور مگر آئین شد ومد سے نافذ ہے ۔ مجھے نہیں پتہ کہ آئین کے تحت حاصل آزادی میں مجھے تجزیہ کی اجازت ہے بھی یا نہیں ۔ روزانہ کی بنیاد پر چیئر ( CHEER ) لیڈرز کے فرمودات سننے کو ملتے ہیں کہ 2030 تک نظام کو کچھ نہیں ہوتا اور اگلے پانچ سال بھی شہباز شریف حکومت رہے گی ۔ میری بات پلو سے باندھ لیں اگر نظام متزلزل ہوا تو نظام کے چیئر ( CHEER) لیڈرز کو کانوں کان خبر نہ ہوگی۔ جب حکومت کی درازی عمر کی دعاؤں میں گرج آجائے تو سمجھیں بات ٹھن چکی ہے کہ ماضی کی ڈیڑھ درجن مثالیں ازبر ہیں ۔ آجکل شہباز حکومت کی درازی عمر کی دعائیں مانگی جا رہی ہیں چنانچہ میں حکومت کے بارے متفکر ہوں کہ کہیں دن پورے تو نہیں ہو گئے ؟
شرح صدر کیساتھ برضاو رغبت ایسوں کے فرمودات پر یقین کرتے ہوئے ایک سوال پوچھنے کی جسارت کروں گا کہ ’’چشم تصور میں 2030 کی بجائے اس نظام کی مدت ملازمت کی گارنٹی 2035 تک دینے کو تیار ہوں مگر مجھے کوئی یہ بتا دے کہ 2036 میں مملکت میں کونسا نظام ہوگا ؟‘‘ کلیجہ منہ کو آتا ہے ، سانس رُک جاتی ہے ، ذہن ماؤف ہو جاتا ہے یہ سوچ کر کہ’’ آج کے ہائبرڈ نظام کی جب EXPIRY تاریخ آئے گی تو مملکت کس حالت کو پہنچ چکی ہوگی اور اسکے بعد نظام کیاہوگا ؟ ‘‘اپنے تجزیہ ، مشاہدہ اور زمینی حقائق کو دُہراتا ہوں کہ 3,000 سالہ انسانی تاریخ سیاست کوکھنگالیں یا پچھلے چند سو سال کے جدید ریاستی نظاموں کو ،ہر موقع پر سیاسی استحکام پہلے آیا اور ریاستی عروج بعد میں ، بیّن جیسے سیاسی عدم استحکام پہلے آتا ہے اور زوال بعد میں ۔
آج کے حکمران میری طرح اپنی زندگی کی چوتھی اور آخری اننگز کھیل رہے ہیں ۔ کانٹوں کی جو فصل ہم نے تیار کی ہے کیا معلوم کہ ہماری اولاد اگلی کئی دہائیاں اسکو چُن پائے گی یا نہیں ۔ میرا سوال اپنی جگہ موجود ! 2030 یا 2036 کے بعد پاکستان کا نظام کیا ہوگا ؟ مملکت خداداد کے طول و عرض میں ’’ ہےکوئی مائی کا لعل‘‘جو مجھے اسکے خدوخال بتا سکے ۔ ہونی نے ہونا تھا کہ جب آئیڈیلزم ابدی نیند سو جاتا ہے اور ڈنگ ٹپاؤ مفادات دھونس دھاندلی سے قابض ہو جاتے ہیں تو غیریقینی کی کیفیت فروگزاشت ( UNDERSTATEMENT ) ہے ۔ ملکوں کا بام عروج سیاسی آئیڈیلزم سے نتھی ہے ، وائے بدنصیبی کہ وطن عزیز میں ہم آغاز ہی سے اسے دفنا چکے ہیں۔