مفادات، امن و امان اور مہنگائی کے حوالے سے پوری دنیا براہ راست یابالواسطہ آجکل جنگوں یا مظاہروں کی زد میں ہے۔مفادات کے حوالے سے جاری جنگوں میں کئی عوامل کر فرما ہو سکتے ہیں مگر امن و امان کے حوالے سے پیدا ہونے والے مسائل کی جڑ مہنگائی ہی ہے اور پاکستان چونکہ ایک زرعی ملک ہے اور یہاں زمیندار کی فی ایکڑ کم ہو یاپیداواری لاگت میں غیر معمولی اضافہ ہو ، اس کے منفی اثرات مہنگائی کی شکل میں ہوں یا امن و امان کی بگڑتی صورت حال کی شکل میں اس کے منفی اثرات اور مضمرات ہماری ملکی معیشت پر ضرور مرتب ہوتے ہیں پھر اسے کم ہوتی ہوئی جی ڈی پی کا نام دیا جائے یا ڈالر کے مقابلے میں روپے کی کم ہوتی ہوئی قدر ا س سے ہمارے معاشرتی مسائل بھی بہرحال ضرور متاثر ہوتے ہیں۔
پچھلے کچھ عرصے کے دوران پاکستان سمیت دنیا کے اکثر ممالک کی بگڑتی ہوئی معیشت کا اگر بغور جائزہ لیا جائے تو اس کی سب سے بڑی وجہ تیزی سے ظہور پذیر ہوتی موسمیاتی تبدیلیاں ہیں جن کے باعث نہری پانی کی شدید کمی کے ساتھ ساتھ غیر معمولی طور پر بڑھتے ہوئے درجہ حرارت سے جہاں پاکستان اور خاص طور پر جنوبی پنجاب میں فصلوں کا معیار بہت حد تک متاثر ہوا ہے بلکہ اس سے تمام فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں ریکارڈ کمی سے ہماری زرعی معیشت دو گنا متاثر ہوئی ہے۔بڑھتے ہوئے درجہ حرارت میں کسی حد تک کمی کیلئے کسانوں کو آبپاشی کا دورانیہ کم کرنے بارے مختلف محکموں کی جانب سے ہدایات جاری کی جاتی ہیں لیکن بد قسمتی سے نہری پانی کی شدید کمی کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بجلی اور ڈیزل کے نرخ دنیا بھر کے مقابلے میں سب سے زائد ہیںاسلئےکسانوں کو ٹیوب ویلز کے ذریعے بھی فصلوں کو پانی دینے میں بڑے معاشی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
نہری پانی کی شدید کمی پر قابو پانے کیلئے عقلی طور پر چاہئے تو یہ تھا کہ حکومتی سطح پر ہنگامی بنیادوں پر ایسے اقدامات کیے جاتے کہ ایسی فصلیں جو بہت زیادہ پانی لیتی ہیں جن میں خاص طور پر گنا اور چاول شامل ہیں،انکی کاشت کم سے کم کی جاتی اورکپاس،گندم اور دالوں کی کاشت میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کیا جاتا لیکن حیران کن طور پر پاکستان میں گنے کی کاشت بڑھانے کیلئے تما متر اقدامات کیے گئے ۔ کاٹن زونز میں غیر قانونی طور پر گنے کی کاشت کے ساتھ ساتھ نئی شوگر ملز کا بھی بڑے دھڑلے سے قیام کیا گیا جبکہ شوگر ملز مالکان کو چینی کی برآمد پر حکومتی سطح پر سبسڈیز کی مد میں اربوں روپوں کی ادائیگیاں کی گئیںجس سے ملک بھر کے کاٹن زونز میں گنے کی کاشت میں غیر معمولی اضافے سے نہ صرف پانی کے بحران نے پنجاب بھر میں سر اٹھا لیا بلکہ اس سے زیر زمین پانی کی سطح انتہائی بلند ہونے سے ہزاروں ایکڑ ناقابل کاشت ہو گئے۔
رحیم یار خان سمیت پنجاب کے تمام کاٹن زونز میں جب گنے کی کاشت کے باعث نہری پانی کی کمی کے ایک بڑے بحران نے سر اٹھایا اور ٹیل کے کاشت کار اپنی زمینیں بچانےکیلئے نہری پانی چوری کرنے پر مجبور ہوئے توپھر پنجاب حکومت نے نہری پانی چوری کرنے والوں کے خلاف ایک بڑی مہم کا آغاز کیا لیکن حیران کن طور پر اس مہم کے آغاز سے قبل تمام تر زمینی حقائق کو مد نظر رکھے بغیراور کاشت کاروں کا مؤقف سنے بغیر پانی چوری کرنے والوں کے خلاف ایک بڑی مہم کا آغاز کرتے ہوئے اس”چوری“ میں ملوث کئی زمینداروں کو مقدمات درج کرکےگرفتار کر لیا گیا۔
آپ سب کو یہ جان کر ضرور حیرانی ہو گی کہ پنجاب میں اس وقت نہری پانی کا جو نظام چل رہا ہے یہ نظام1927ء میں انگریز سرکار نے ڈیزائن کیا تھا اور اس ڈیزائن کے تحت صرف چالیس فیصد زمینوں کو پانی فراہم کیا جاتا تھا جبکہ باقی ساٹھ فیصد زمینیں باری باری کاشت کی جاتی تھیں جبکہ اس نظام کے تحت ایسی زمینیں جہاں زیر زمین پانی میٹھا ہوتا ہے انہیں چھ ماہ کیلئے 5.5کیوسک پانی ایک ہزار ایکڑ کے لئے جبکہ ایسی زمینیں جہاں زیر زمین پانی کڑوا ہوتا ہے ایسی زمینوں کیلئے 4.2کیوسک پانی سارا سال فی ہزار ایکڑکیلئے دیا جاتا تھا اور اسی حساب سے پانی کے موگوں کے سائز اور ڈیزائن بھی بنائے گئے تھے ۔
سب سے اہم بات اس وقت یہ پانی صرف کپاس اور گندم یا دیگر چھوٹی موٹی فصلوں کیلئے دیا جاتا تھا اور فصلوں کی لسٹ میں گنا اور چاول کی فصلیں بالکل شامل نہیں تھیں لیکن وقت کے ساتھ ساتھ زمینوں کی کاشت کا سارا نظام بدل گیا اور زمیندار اس وقت اپنی ساری زمینیں سارا سال کاشت کرتے ہیں جبکہ گنا اور چاول ہماری زمینوں کا ایک اہم ترین حصہ بن چکے ہیں لیکن تمام تر زمینی حقائق بدل جانے کے باوجود پنجاب بھر میں نہری پانی کی تقسیم میں رتی برابر بھی تبدیلی نہیں لائی گئی جبکہ 1927ء میں بننے والے نظام کے تحت موگوں کے سائز بڑے کرنے والے زمینداروں کے خلاف پانی چوری مہم شروع کر دی گئی ہے۔
نہری پانی کی چوری کے خلاف مہم شروع کرنے سے پہلے پنجاب حکومت کو چاہئے تھا کہ وہ پہلے زمینی حقائق کے مطابق پانی کی تقسیم کا کوئی نیا فارمولا اپناتی یا کم از کم1985-86ء میں دی جانےوالی تجاویز ،جس میں فی ہزار ایکڑ کیلئے پانی کی مقدار سات کیوسک کرنے کی سفارش کی گئی تھی، پر عملدرآمد کرتے ہوئےپانی کے موگوں کے سائز تبدیل کرنے کے بعد اس مہم کا آغاز کیا جاتا لیکن شو مئی قسمت کہ پنجاب حکومت نے 1927ء والے نظام کی بنیاد پر ہی پانی چوری کے خلاف ایک بڑی مہم کا آغاز کر دیا جس کے تحت صرف ضلع رحیم یار خان میں ہی دو ہفتوں کے دوران کئی زمینداروں کے خلاف پانی چوری کے مقدمات درج کر کے ان میں سے کئی کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔
حکومت پنجاب کو چاہئے کہ وہ نہری پانی کی فصلوں کو فراہمی یقینی بنانے اور پانی کی چوری روکنےکیلئے سب سے پہلے زیادہ پانی لینے والی فصلیں جیسے گنا اور چاول، انہیں صرف ان علاقوں میں کاشت کی اجازت دے جہاں زیر زمین پانی میٹھا ہوتاکہ یہ فصلیں ٹیوب ویلز کے پانی سے سیراب ہو سکیں اور ٹیوب ویلز کیلئے بجلی اور ڈیزل پر سبسڈی کے ساتھ ساتھ سولر لگوانے کیلئے زمینداروں کو بلا سود قرض دیئے جائیں جبکہ سب سے اہم بات کہ پانی والے موگوں کے سائز موجودہ حالات کے مطابق تبدیل کئے جائیں۔نہری پانی کی کمی پر مکمل قابوپانے کیلئے محکمہ انہار کو چاہئے کہ ایسی زمینیں جو اب کمرشل ہو چکی ہیں اور زرعی مقاصد کیلئے استعمال نہیں ہو رہیں تو انکا نہری پانی کا کوٹہ فوری طور پر ختم کر ے اور توقع ہے کہ ان اقدامات سے پنجاب بھر میں نہری پانی کی کمی کافی حد تک ختم ہوگی اور زمینداروں کو پانی چور ڈکلیئر کرنے کا سلسلہ بھی تھم سکے گا۔