بھارتی کامیڈین اور یوٹیوبر بھوون بام کے خلاف ریاست گجرات کی پارول یونیورسٹی میں کامیڈی شو کے دوران فحش جملے ادا کرنے اور نازیبا حرکات پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ 25 نومبر کو گجرات کے ضلع وڈودرا کے علاقے واگھوڈیا کے گاؤں لمڈا میں پیش آیا، جہاں نجی پارول یونیورسٹی کے زیر اہتمام ’لواری‘ کے نام سے کامیڈی شو منعقد کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق یونیورسٹی کے سیکیورٹی انچارج مہندر پرتاپ سنگھ کی شکایت پر واگھوڈیا پولیس اسٹیشن میں کامیڈین کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق بھوون بام نے شو کے دوران اداکارہ سنجیدہ شیخ سے گفتگو کرتے ہوئے مبینہ طور پر نازیبا جملے کہے اور قابل اعتراض حرکت کی۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شدید تنقید سامنے آئی۔
شکایت میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے شو کی اجازت اس شرط پر دی تھی کہ تعلیمی ادارے کے وقار اور نظم و ضبط کا خیال رکھا جائے گا، تاہم مبینہ جملوں اور حرکات سے متعلق انتظامیہ کو پیشگی آگاہ نہیں کیا گیا تھا اور نہ ہی اس کی اجازت لی گئی تھی۔