پشاور (نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخواپرویز خٹک نے کہا ہے کہ حکومت نہ کسی کے ساتھ زیادتی کرے گی اورنہ ہی کسی کو زیادتی کرنے دے گی، مینگورہ بس اڈے کی توسیع کی وجہ سے حکومت زمین کے مالکان کو پہلے سے قائم کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں ادائیگی کرے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مروجہ قانون کے تحت مکمل کیس تیار کرکے منظوری کیلئے بھیجنے کی ہدایت کی، وہ وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں ایم پی اے و چیئرمین ڈیڈک فضل حکیم کی سربراہی میں سوات کے نمائندہ وفد سے گفتگو کر رہے تھے وزیراعلیٰ نے کہاکہ مینگورہ ٹریفک کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور کشادگی اور آمدورفت کی سہولیات کو بہتر بنانا عوامی مفاد میں ناگزیر ہے۔ تاہم معاوضے کا ایک مروجہ قانون موجود ہے حکومت لوگوں کے حقوق اور انصاف فراہم کرنے میں اپنی ذمہ داری سے کوتاہی نہیںبرتے گی۔ انہوں نے مینگورہ بائی پاس کی بھی یقین دہانی کرائی۔ مینگورہ ہسپتال کے مطالبے پر پرویز خٹک نے کہاکہ فنڈز جاری کردیئے گئے ہیں اور ہسپتال میں بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ہم اپنی ذمہ داری سے غافل نہیں لیکن اگر ہسپتال انتظامیہ سے کوئی شکایت یا سسٹم میں کمزوری ہو تو اسکی نشاندہی کریں اسے دور کیا جائے گا۔ ہم صوبہ بھر کے ہسپتالوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے فعال بنا چکے ہیں۔ تعلیم اور صحت ہماری ترجیح ہیں اور جو کہتے ہیں اسے کر دکھاتے ہیں۔ ہمارے اقدامات کا مقصد عوام کو طبی و تعلیمی اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی ہے۔ ہم قومی وسائل کو ضائع نہیں ہونے دیں گے بلکہ عوام کی بتائی ہوئی ترجیحات پر خرچ کریں گے، یہ عوام کا پیسہ ہے اور عوام پر خرچ ہو گا، انہوں نے کہاکہ ہم تبدیلی لے کر آئے ہیں اور اداروں کو ٹھیک کرکے انہیں عوامی خواہشات کے تابع بنایا ہے،اب وسائل کسی کی جیبوں میں نہیں جائیں گے ہم نے لوٹ کھسوٹ کے آگے بند باندھا، مالی نظم و ضبط قائم کیا اور عوامی فلاح کو اپنی کاوشوں کا محور بنایا،ہم وہی کچھ کر رہے ہیں جو عوام چاہتے ہیں ہمارے نظام میں کاہلی اور مفاد پرستی کیلئے کوئی جگہ نہیں۔ وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ چیریٹی ہسپتال کیلئے حکومت قانون اور قاعدے کے دائرہ میں ہر ممکن مدد اور تعاون کرے گی۔