سکھر(بیورو رپورٹ)جمعیت علماء اسلام سکھر کی جانب سے پیرمراد شاہ فیڈر18گھنٹے بند کرنے پر سیپکو کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے کی قیادت مولانا عبیداللہ بھٹو ابن آزاد، مولانا عارف الحسینی، ودیگر نے کی۔ مظاہرین سیپکو افسران کی زیادتیوں کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ دو ماہ سے سیپکو افسران بجلی کے بلوں کی عدم ادائیگی کا بہانہ بنا کر نیوپنڈ، مائیکرویو کالونی، بھوسہ لائن کو بجلی فراہم کرنے والے فیڈر پیر مراد شاہ کو صبح 8بجے سے رات12بجے تک بند کردیا جاتا ہے جس سے ان علاقوں کی عوام کو مشکلات اورپریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔علاقے میں بجلی نہ ہونے کے باعث پانی کا شدید بحران پیدا ہوگیا ہے اور معمولات زندگی بری طرح متاثر ہورہی ہے، لوگ دور دراز علاقوں سے پانی بھر کر لانے پرمجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ علاقوں میں مساجد، مدارس، اسکولوں میں بھی بجلی نہ ہونے کے باعث لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔مظاہرین کا کہنا تھاکہ گزشتہ کئی ماہ سے سیپکو حکام کی زیادتیوں کا سلسلہ جاری ہے اور صارفین بجلی کے مسائل حل کرنے کے بجائے ان کی مشکلات بڑھائی جارہی ہیں، لوگ بلوں کی ادائیگی بھی کرتے ہیں اس کے باوجود چند نادہندگان کی سزا ہزاروں افراد کو دی جاتی ہے۔ ہم واضح طور پر اعلان کرتے ہیں کہ جو بجلی کے نادہندگان ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے اور بقایاجات وصول کئے جائیں لیکن فیڈر بند کرنا عوام کے ساتھ ظلم اور زیادتی ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ اگر سیپکو نے اپنا قبلہ درست نہ کیا اور پیر مراد شاہ فیڈر کی بلا جواز بندش بند نہ ہوئی تو بھرپور احتجاج کریں گے ، ہم متنبہ کرتے ہیں کہ تین دن میں پیر مراد شاہ فیڈر کی بجلی کی بندش کو ختم کیاجائے اور تمام علاقوں میں بجلی بحال کی جائے بصورت دیگر سیپکو کے دفاتر کا گھیراؤ کیا جائے گا۔