لاہور(خصوصی نمائندہ)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ کراچی کے افسوسناک واقعہ پر ہر پاکستانی رنجیدہ اور ناراض ہے۔سیاست اور سیاسی لڑائیاں اپنی جگہ لیکن پاکستان کی مخالفت میں بیانات دینے والوں کے لئے یہاں کوئی جگہ نہیں ۔گزشتہ روزمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران کوئی نہ کوئی کھیل تماشہ لگائے رکھتے ہیں اب انہیں ہوش کے ناخن لینا چاہئیں۔ان کی اخلاق سے گری ہوئی تقاریر کے باعث انہیں آزاد کشمیر میں صرف دو سیٹیں ملیں حمزہ شہباز نے کہا کہ اگر ڈور سے جانوں کا ضیاع نہ ہونے کی گارنٹی دی جائے تو محفوظ بسنت کے انعقاد پر غور کیا سکتا ہے لیکن ہمارے لئے ایک بچے اور ایک شہری کی جان بھی قیمتی ہے جس کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔قبل ازیں حمزہ شہباز نے اندرون شہر چھت گرنے سے جاں بحق ہونے والے پانچ افراد کے ورثا کو مالی امداد کے چیک پیش کئے اور ان سے اظہار تعزیت کیا،سابق ایم پی اے وسیم قادر،سیکرٹری اطلاعات لاہور عمران علی گورائیہ اور احمد بٹ کے علاوہ مسلم لیگ(ن) کے مقامی رہنماچیئرمین ووائس چیئرمین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مسلم لیگی کارکنوں نے حمزہ شہباز کا والہانہ استقبال کیا اور ان کے حق نعرے لگائے۔