افضل ندیم ڈوگر.... پاکستان کے حالیہ بلدیاتی انتخابات میں سندھ میں ایک کم عمر کنوارہ امیدوار بھی’ فادر آف دی سٹی‘ منتخب ہوا ہے۔ 32 سالہ بیرسٹر ارسلان شیخ کو پاکستان کے کم عمر ترین میئر منتخب ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔
ارسلان شیخ سکھر سے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار تھے جو بلامقابلہ یہ اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ اب بلدیاتی انتخابات کامرحلہ مکمل ہونے کے بعد 30 اگست کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کا تعلق سندھ کے معروف سیاسی خاندان ہے۔ ارسلان شیخ کے والد اسلام الدین شیخ اب سکھر سے چوتھی مرتبہ سینیٹر اور پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے ملک کے سینئر سیاسیدان ہیں۔
اسلام الدین شیخ بھی 1979 میں ایشیا کے کم عمر ترین میئر کے طور پر سکھر سے منتخب ہوئے اور بطور میئر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ اسلام الدین شیخ 1985ء میں سکھر سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے انہوں نے بعد میں وزیر مملکت برائے پیداوار کے طور پر بھی خدمات سرانجام دیں۔ اسلام الدین شیخ وزیراعلیٰ سندھ کےمشیر کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔
ارسلان شیخ کی والدہ نورین اسلام شیخ بھی 1985ء میں سکھر سے سندھ اسمبلی کی رکن منتخب ہوئیں۔ ارسلان شیخ کے بھائی نعمان شیخ پہلے سال 2008ء اور اب دوسری بار سکھر سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی ہیں، ان تایا نورالدین شیخ بھی دو مرتبہ سکھر کے میئر رہے۔ یوں سکھر کی تاریخ میں مئیرشپ نومنتخب میئر ارسلان شیخ کے خاندان کے پاس ہی رہی۔
ارسلان شیخ یکم جون 1984 کو پیدا ہوئے انہوں نے ابتدائی تعلیم لاہور کے ایچی سن کالج سے 1992 سے 1998 کے دوران حاصل کی جس کے بعد 2004 میں انہوں نے کیمبرج یونیورسٹی سے او لیول اور اے لیول پاس کیا۔ اُنہوں نے اس دوران انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کراچی میں آئی بی اے میں داخلہ لیا اور انہیں ایک سالہ تکمیلی سرٹیفکیٹ دیا گیا۔
اُنہوں نے سیاست میں گہری دلچسپی کی بنا پر 2005ء میں قانون کی تعلیم لینا شروع کی اور یونیورسٹی آف لندن سے 2009ء میں ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی۔ اُنہوں نے 2010ء میں بار ایٹ لاء کی ڈگری حاصل کی جس کے بعد اُنہوں نے 2016ء میں یونیورسٹی آف ویسٹ آف انگلینڈ سے ایل ایل ایم کا امتحان بھی پاس کیا۔
ارسلان شیخ نے2011 سے 2013 تک بطور وکیل خدمات سرانجام دیں اور ہائی کورٹ بار و ڈسٹرکٹ بار کے رکن رہے۔ 2015 سے 2016 تک وہ آزاد امیدوار کی حیثیت سے نارتھ سندھ ارب سروسز کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹر منتخب ہوئے جہاں انہوں نے بطور چیئرمین، چیئرمین آڈٹ اینڈ فنانس کمیٹی اور چیئرمین ہیومن ریسورس خدمات سرانجام دیں۔
وہ پہلے یونین کونسل کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوئے۔ بعد ازاں وہ سکھر کے بلامقابلہ میئر بھی منتخب ہوگئے۔ اب یہ 32 سالہ کنوارہ ’سکھر کا کنوارہ باپ‘ کہلائے گا۔
ارسلان شیخ میں آگے بڑھنے کی اُمنگ بہت زیادہ ہے ۔ وہ پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے شکرگزار ہیں کہ اُنہوں نے سکھر کے نوجوانوں کے لئے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں منصوبوں کا آغاز کیا ۔ وہ سکھر کو مکمل طور پر تبدیل کرنے کے ساتھ ساتھ جدید اور اعلیٰ درجے کی صحت و تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کا عزم بھی رکھتے ہیں۔
ارسلان شیخ کا کہنا ہے کہ وہ جمہوریت اور بھٹو ازم کو فروغ دینے پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو، شہید بے نظیر بھٹو نے پاکستان کی ترقی کے لئے اپنا جو کردار ادا کیا تھا، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ اُن کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی کوشش کریں گے۔