راولپنڈی (ساجد چوہدری، اپنے نامہ نگار سے) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی باقی مدت کیلئے وائس پریذیڈنٹ کا انتخاب آج ہو گا ، منتخب ممبران کی ریکوزیشن پر پریذیڈنٹ بورڈ بریگیڈئر سید حسن رضا نے (آج) جمعہ کو خصوصی اجلاس بلا لیا ہے ، دوسری طرف مسلم لیگ ن کی قیادت کی طرف سے ملک منیر کووائس پریذیڈنٹ کاامیدوار نامزد کر دیا گیا جوبلا مقابلہ منتخب ہو جائینگے، ذرائع کے مطابق گذشتہ روز بورڈ میٹنگ کے دوران صدر کنٹونمنٹ بورڈ نے منتخب ممبران کو تجویز دی کہ کیوں نہ آج کے اجلاس میں ہی وائس پریذیڈنٹ کا انتخاب کر لیا جائے مگر اس دوران بعض ممبران نے کہا کہ اس کیلئے خصوصی اجلاس بلایا جائے جس پر گذشتہ روز اس کام کو روک دیا گیا،دریں اثنا ء جمعرات کی رات اسلام آباد کلب میں رکن قومی اسمبلی ملک ابرار نے منتخب ممبران کا خصوصی اجلاس بلایا جس میں وائس پریذیڈنٹ کیلئے ممبران کی رائے لی گئی جس کے بعد ملک منیر کو ن لیگ کا امیدوار نامزد کر دیا گیا۔ ادھرسابق وائس پریذیڈنٹ راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ راجہ جہانداد نے بتایا کہ کنٹونمنٹ بورڈ ایکٹ کے تحت وائس پریذیڈنٹ کے انتخاب کیلئے بلائے جانے والے اجلاس کیلئے ممبران کو تین دن پہلے نوٹس دینا لازمی ہوتا ہے ۔