خیرپور(بیورورپورٹ) الیکشن ٹربیونل خیرپور کے جج عبدالرحمان قاضی کی عدالت نے یونین کونسل رسول آباد کے چیئرمین عبدالعزیز بھنبھرو کے خلاف درج پٹیشن خارج کر دی۔ عبدالعزیز بھنبھرو مسلم لیگ فنکشنل کے ٹکٹ پرکامیاب ہوئے تھےاورپیپلزپارٹی کے امیدوار امیر علی خاصخیلی کو شکست دی تھی۔ بعدازاں امیر علی خاصخیلی نے عبدالعزیز بھنبھرو کی کامیابی کے خلاف الیکشن ٹربیونل میں پٹیشن دائر کی تھی۔ عبدالعزیز بھنبھرو کی جانب سے ان کے وکلاء نثار احمد بھنبھرو اور اختیار احمد بھنبھرو نے پیروی کی وکلاء کے دلائل سننے کے بعد الیکشن ٹربیونل کے جج عبدالرحمان قاضی نے امیر علی خاصخیلی کی پٹیشن کو غیر موثر قرار دیکر خارج کر دیا اور عبدالعزیز بھنبھرو کی کامیابی کو برقرار رکھا۔ عبدالعزیز بھنبھرو کے خلاف پٹیشن خارج ہونے پر یونین کونسل رسول آباد کے مسلم لیگ فنکشنل کے کارکنوں نے خوشی میں ریلی نکالی اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔