ونسٹن ( جنگ نیوز)سپن کے پیبلو کارینو بسٹا نے ونسٹن سلم ٹینس چیمپئن شپ کے فائنل میں ہم وطن رابرٹو بوٹسٹا اگوت کو 6-7(6) 7-6(1) 6-4سے زیر کرکے ٹائٹل جیت لیا۔ یہ ان کے کیریئر کا پہلا اے ٹی پی ٹائٹل ہے۔ اس سے پہلے انہوں نے ایسٹوریل اور سائوپو ٹینس ایونٹس کے فائنل میں رسائی حاصل کی تھی لیکن کامیاب نہیں ہوسکے تھے۔ دو گھنٹے اور 33 منٹ جاری رہنے والے فائنل کے بعد انہوں نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ فتح کا احساس کیا ہوتا یہ جان کر بہت اچھا لگ رہا ہے۔ باٹسٹا کے خلاف جیتنا بہت مشکل تھا، کیونکہ وہ سخت جان حریف ہیں۔ دوسری جانب ڈبلز میں اسپین کے گارسیا لوپیز اور فن لینڈ کے ہنری كوٹینن کی جوڑی نے میدان مار لیا۔ انہوں نے بھارت کے ٹینس اسٹار لینڈر پیس اور جرمن جوڑی دار آندرے بیگمین کو سخت مقابلے کے بعد مات دی۔ میچ کا اسکور 6-4، 6-7 (6)، 8-10 رہا ۔ ٹائٹل میچ میں بھارتی سویڈش جوڑی پہلا سیٹ تو آسانی سے جیت گئی لیکن حریف جوڑی نے انہیں دوسرے سیٹ میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے ٹائی بریکر میں ہرا دیا اور اسکور 1-1سے برابر کر لیا۔ ٹائی بریکر میں بھی پیس بیگمین کی جوڑی ایک وقت اچھا کھیل رہی تھی، لیکن اچانک وہ فارم کھوبیٹھی اور میچ ہار گئی۔ قبل ازیں بھارتی جرمن جوڑی نے سیمی فائنل میں سویڈن کے رابرٹ لینسڈیٹ اور پاکستان کے اعصام الحق قریشی کی جوڑی کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ بھارتی جرمن جوڑے نے اس میچ میں سویڈش پاکستانی جوڑے کو سپر ٹائی بریک میں 1-6، 7-6، 10-4 سے شکست دی۔