اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان اسکواش فیڈریشن کے نائب صدر سابق اسکواش لیجنڈ قمر الزمان نے کہا ہے کہ ورلڈا سکواش فیڈریشن کے چیف ایگزیکٹو اینڈرو شیلے نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان میں زیادہ سے زیادہ پی ایس اے کے ایونٹس دیں گے‘ مصر اور ملائیشیا کے آفیشلز نے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ ٹیسٹ سیریز کھیلنے پر رضا مندی ظاہر کی ہے ‘ پاکستان کے پاس ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو بین الاقوامی سطح پر کسی بھی غیر ملکی کھلاڑی کو شکست سے دو چار کرسکتے ہیں تاہم انہیں پالش کرنے کی ضرورت ہے۔ منگل کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے قمرالزمان نے کہا کہ پولینڈ میں ورلڈا سکواش فیڈریشن کے چیف ایگزیکٹو اینڈرو شیلے سے ملاقات کی۔ اس دوران انہیں پاکستان میںا سکواش کے مقابلوں کے حوالے سے آگاہ کیا اور انہیں بتایا کہ پاکستان کھیلوں کیلئے ساز گار ملک ہے۔ چیف ایگزیکٹو نے پاکستان کو 50 ہزار ڈالر پی ایس اے سمیت دیگر بین الاقوامی مقابلوں کی یقین دہانی کرائی ہے۔ پاکستان کو 50 ہزار ڈالر ایونٹ کی میزبانی آئندہ سال دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولینڈ میں آسٹریلین چیف کوچ‘ ملائیشیا اور مصر کے حکام سے بھی ملاقاتیں کیں، انہوں نے بھی پاکستان میں بین الاقوامی ا سکواش مقابلوں کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مصر اور ملائیشیا کے آفیشلز نے قمر الزمان کو باور کرایا ہے کہ دونوں ممالک پاکستان کے ساتھ دوطرفہ ٹیسٹ سیریز کھیلیں گے پہلے وہ پاکستان کے دورہ پر آئیں گے اور پاکستان کے ساتھ ٹیسٹ سیریز کھیلیں گے اس کے بعد پاکستان دونوں ممالک کے دوروں پر جاکر ان کے ساتھ ٹیسٹ ا سکواش سیریز کھیلیں گے۔ نائب صدر نے کہا کہ پاکستان سکواش فیڈریشن کے صدر ایئر چیف سہیل امان کے بے حد مشکور ہیں اور ان کی پاکستان اسکواش کیلئے گرانقدر خدمات ہیں وہ ہر لحاظ سے ناصرف فیڈریشن بلکہ کھلاڑیوں کی بھی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔