ملتان(سٹاف رپورٹر) تحریک انصاف کی قیادت کی مداخلت سے ملتان میں تنظیمی معاملات پر پائے جانے والے اختلافات دور کرلئے گئے اور عمران خان نے دونوں گروپوں سے ملاقات ومذاکرات کے بعد پی ٹی آئی ملتان کے نامزد ہو نے والے ضلعی اورسٹی عہدے داروں کو کام جاری رکھنے کی ہدایات جاری کی ہیں جبکہ مخالف گروپ کو تسلی دی گئی ہے کہ انہیں بھی جلد اکاموڈیٹ کیا جائے گا اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں کی جائےگی ،واضح رہے کہ ملتان میں پی ٹی آئی کی تنظیم سازی کے معاملہ پر مختلف گروپوں میں شدید اختلافات پیداہوگئے تھے اور تین گروپ واضح طور پر سامنے آئے تھے ان میں ایک گروپ اعجازجنجوعہ ، دوسرا خالد خاکوانی اور تیسر ا خالد جاوید وڑائچ کی سرگردگی میں سرگرم تھااور تینوں صدارتی امیدوار تھے ،پی ٹی آئی پنجاب اور جنوبی پنجاب کی قیادت کی جانب سے گزشتہ دنوں دو گروپوں میں معاملات طے کرادیئے گئے اور اعجاز جنجوعہ کو ضلعی صدر او ر خالد خاکوانی کو سٹی صدر نامزد کردیا گیا ،ان کے ساتھ حسن علیزئی کو ضلعی اور ندیم قریشی کو سٹی جنرل سیکرٹری بنادیا گیا اور ریجنل صدر اسحاق خاکوانی کی جانب سے اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا جبکہ تیسرے گروپ کو نظرانداز کیا گیا جس کو مضبوط گروپ تصور کیا جارہا تھا۔