اسلام آباد( نمائندہ خصوصی) الیکشن کمیشن نے سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے جواب موصول نہ ہونے کے باعث پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کیس کی سماعت 29ستمبر تک ملتوی کردی ہے۔الیکشن کمیشن میں سماعت کے دوران سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے محمودخان اچکزئی کی تقریر پر جواب تاحال الیکشن کمیشن کو موصول نہیں ہوا۔الیکشن کمیشن میں ایک شہری نے محمود خان اچکزئی کی قومی اسمبلی میں تقریر پر پٹیشن دائر کر رکھی ہے۔دریں اثناءالیکشن کمیشن نے کراچی غربی میں ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو کالعدم قراردیتے ہوئے ایم کیو ایم کے امیدواراظہارالدین کی کامیابی سے متعلق پریذائیڈنگ افسر کے نتیجے کو بحال کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ایم کیو ایم کے وکیل نے میڈیا کو بتایا کہ الیکشن کمیشن نے کراچی غربی میں ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔