• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ کمیٹی کی الطاف حسین کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کرنےکی سفارش

 اسلام آباد(ایجنسیاں) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انصاف اور قانون نے متحدہ قومی موومنٹ کے بانی کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کی سفارش کردی ہے۔کمیٹی نے ایم کیو ایم کےبانی کیخلاف برطانیہ بھجوائے گئےریفرنس کی تفصیلات کے لیےسیکرٹری قانون سے جواب طلب کرلیا ہے،تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاوئس اسلام آباد میں سینیٹر جاوید عباسی کی سر برا ہی میں قائمہ کمیٹی برائے انصاف اور قانون کا اجلا س ہوا۔ اجلاس کے دوران ایم کیو ایم کے بانی کی جانب سے پاکستان کے خلاف تقریر اور نعروں کا معاملہ زیر غور آیا۔پیپلز پارٹی کے سینیٹر بابر اعوان نے قانونی نکتہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ بین الریاستی معاہدہ ہو یا ترامیم وزارت قانون کے ذریعے ہی کی جاتی ہیں، کیا برطانیہ کو بھجوائے گئے ریفرنس کی منظوری وزارت قانون سے لی گئی، کابینہ میں ریفرنس پر کیا بات ہوئی اس کی بھی تفصیلات پیش کی جائیں، کیا سیاسی جماعت کے خلاف سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید استفسار کیا کہ وڈیو میں ایک رکن قومی اسمبلی کی بھی پاکستان مخالف نعروں میں آواز ہے، کیا اس رکن کے خلاف اسپیکر کے پاس ریفرنس دائر کیا جا رہا ہے۔اجلاس کے دوران سینیٹر نہال ہاشمی نے تجویز دی کہ جو شخص بھی پاکستان مخالف اقدامات میں ملوث ہو اور یا وہ ملکی سلامتی کے خلاف کام کرے تو اس کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا جائے جس کی سزا موت ہے۔ ایم کیو ایم کے بانی نے لندن میں بیٹھ کر ملک کے خلاف تقاریر کیں جسے کسی طور پر بھی برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ ایم کیو ایم کے قائد کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا جائے۔ سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ جن لوگوں نے پاکستان کے خلاف بات کی انہیں سخت سزا دی جائے۔قائمہ کمیٹی نے تائید کی کہ جن لوگوں نے پاکستان کے خلاف بات کی ان پر آ ر ٹیکل 6 کے تحت مقدمہ درج کیا جائے، اس کے علاوہ کمیٹی نے ایم کیو ایم کے بانی کے خلاف برطانیہ کو بھجوائے گئے ریفرنس کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے سیکرٹری قانون کو ہدایت کی کہ وہ آئیندہ اجلاس میں تمام سوالات کا تحریری جواب دیں۔
تازہ ترین