راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے)سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم کے باوجود سی ڈی اے نے محکمہ مال ضلع راولپنڈی کے ڈیپوٹیشن پر جانے والے گرداور کو واپس کرنے سے انکار کردیا ہے۔عدالت عظمی کے فیصلے کے بعد پنجاب حکومت کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلیکٹرراولپنڈی عارف رحیم نے سی ڈی اے کو مراسلہ بھجوایا تھا کہ محکمہ مال کے گرداور مرزا سعید اختر کی خدمات واپس راولپنڈی کے سپرد کردی جائیں۔جس پرسی ڈی اے کے ڈی جی لینڈکی طرف سے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل لینڈ نے اے ڈی سی آر کو خط بھجوایا ہے۔جس میں کہا گیا ہے کہ مرزا سعید اختر کی ڈیپوٹیشن کی معیاد12ستمبر2017کو پوری ہونی ہے۔وہ اس وقت نئے سیکٹرز سی 13/14/15/25،ڈی سیکٹر13،ای سیکٹر13اور ایچ سیکٹر 16/17کے علاوہ ماڈل ویلج کری کی ایکوزیشن کے کاموں میں مصروف ہیں۔اس لئے ان کی خدمات اس موقع پر محکمہ مال ضلع راولپنڈی کے سپرد نہیں کی جاسکتی ہیں۔ضلعی ذرائع کے مطابق مرزا سعید اختر ڈیپوٹیشن پر سی ڈی اے میں بطور تحصیلدار کام کررہے ہیں۔جبکہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم کے تحت ڈیپوٹیشن پر دوسرے محکموں میں جانے والوں کو واپس اپنے محکموں میں جانا ہے۔جہاں وہ بھرتی ہوئے تھے۔