کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)جمعیت علما اسلام کے میونسپل کارپوریشن پشین کے کونسلروں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کہا ہے کہ پشین میں ڈاکٹروں کی کمی دور اور پشین سے ٹرانسفر کیے گئے پولیس اہلکاروں کو دوبارہ پشین میں تعینات کیا جائے،یہ بات نیک محمد کاکڑ،جان شاہ اور دیگر نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی،انہوں نے کہا کہ 54 یونین کونسلز،3 میونسپل کمیٹیوں،اور ایک میونسپل کارپوریشن پر مشتمل پشین کی آبادی لاکھوں نفوس پر مشتمل ہے،لیکن اتنی بڑی آبادی کے شہر میں گزشتہ دو ماہ سے سول اسپتال میں ڈاکٹروں کی 15 اسامیاں خالی پڑی ہوئی ہیں، ایسے میں ایم ایس تنہا تمام شعبوں کو نہیں سنبھال سکتے ،ڈاکٹروں کی کمی کی وجہ سےعوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، انہوں نے صوبائی حکومت اور محکمہ صحت کے حاکم سے مطالبہ کیا کہ سول اسپتال پشین میں ڈاکٹروں کی تمام خالی اسامیاں پر کی جائیں ،انہوں نے کہا کہ ضلع پشین سے پولیس کے 400 جوانوں کو مختلف شہروں میں ٹرانسفر کیا گیا ہے،جس کی وجہ سے جرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈی آئی رینج کو دوبارہ پشین منتقل کیا جائے۔