پشاور ( نیوز ڈیسک)سپیکر خیبر پختونخوا سمبلی اسدقیصر نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے حوالے سے خیبر پختونخوا کے عوام کے مفادات کا تحفظ ہر قیمت پر کیا جائے گا ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار خیبر پختونخوا اسمبلی سیکرٹریٹ میں کاریڈور فرنٹ کے چیئر مین محسن علی خان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے سپیکر چیمبر میں ان سے ملاقات کی سپیکر نے ملاقات کے دوران مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ چاروں صوبوں میں یکساں طور پر سی پیک کے منصوبوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے ،کسی صوبے کو محرومیت سے دوچار کرنا اپنی طرف انگلی اٹھانے کے مترادف ہے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف چاروں صوبوں کے عوام کی یکساں ترقی چاہتی ہے تاکہ ایک نیااور خوشحال پاکستان معرض وجود میں آسکے انہوں نے کہا کہ سی پیک گیم چینجزمنصوبہ ہے لہٰذا اسے سیاست کی بھینٹ چڑھانا انتہائی نا عاقبت اندیشی ہوگی سپیکر نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ہمارے ساتھ کمٹمنٹ کی ہے کہ وہ خیبر پختونخوا میں دومین شاہراہوں کو اپ گریڈ کرے گی اور دوانڈسٹریل ذونز کا قیام عمل میں لاکر دوریلوے ٹریکس کو بھی اپ گریڈ کرے گی جبکہ فاٹا تک بہترین سڑک تعمیر کی جائے گی جوکہ افغانستان کے لئے گیٹ وے ثابت ہوگی ۔انہوں نے کہاکہ ہم امیدکرتے ہیں کہ مرکز ی حکومت اپنے وعدوں کی پاسداری کرے گی اور خیبر پختونخوا کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرتے ہوئے انہیں قومی دھارے میں شامل ہونے کا موقع فراہم کرے گی ۔