کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کے نشترپارک میں تحریک انصاف کے جلسے کے باعث شہر میں بدترین ٹریفک جام رہااورکئی شاہراہوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں‘چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی کراچی آمد کے موقع پر انتہائی بدنظمی دیکھنے میں آئی‘عمران خان کے لیے ناشتہ کا اہتمام کیا گیا تاہم پی ٹی آئی رہنماؤں نے دیر سے پہنچنے کی روایت برقرار رکھی جس کے نتیجے میں ناشتہ لنچ میں بدل گیا اور کارکنوں کی ہنگامہ آرائی کا بھی سامنا رہا ‘ سیکورٹی پر تعینات اہلکار برتن اٹھائے کھانا مانگتے نظر آئے جبکہ عمران خان خود بھی ٹریفک جام میں پھنس گئے‘ کارکنوں کی قوت برداشت نے جواب دے دیااور کارکنان عمران خان کے بغیر ہی کھانے پر ٹوٹ پڑے جبکہ سیکورٹی پر موجود پولیس اہلکار بھی بھوک سے نڈھال ہوگئے ‘عمران خان منصور شیخ کے گھر دیر سے پہنچے تو کارکنوں کی بدنظمی کا بھی سامنا کرنا پڑا جبکہ کھانے کے بعد عمران خان نے 22اگست کوحملے میں متاثر ہونے والے ٹی وی چینلز کا دورہ کرنے نکلےاور ٹریفک جام میں بھی پھنسے‘دریں اثناءنشتر پارک میں تحر یک انصاف کی جانب سے جلسہ کے لیے اہم شاہرا ہیں عام ٹریفک کے لیے بند کردی گئیں جس کے نتیجے میں شہر بھر میں ٹریفک کی صورتحال خراب ہوگئی ، شہریوں نے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کیا ‘ ٹریفک پولیس نے سیکورٹی کے نام پر سولجر بازار ،شارع قائدین ، کیپری ، نمائش چورنگی ، بریڈروڈ کو منگل کی سہ پہر 1 بجے بند کردیا تھا ، جس کی وجہ سے شہر میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا ‘ صدر ، اولڈ سٹی ایریا سے نمائش ، گلشن اقبال ، ناظم آباد ، لیاقت آباد کے علاقوں کے علاوہ کلفٹن ، کورنگی روڈ اور ملیر تک کے علاقوں میں سڑکیں گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں ۔