جمعیت علمائے اسلام ف کے سینیٹر حافظ حمد اللہ کہتے ہیں کہ بتائیں مشرف غداروں کی فہرست میں ہے یا وفاداروں کی؟
سینیٹ میں سانحہ کوئٹہ پر بحث کے دوران جے یو آئی ف کے سینیٹر حافظ حمد اللہ نے کہا کہ ایسے حملوں کے باوجود حکمت عملی نہ بنانے کے ذمہ دار کون ہے ؟ مانتا ہوں کہ بلوچستان میں ’را‘ مداخلت کرتی ہے، مگر اس کے سہولت کار کون ہیں؟
ان کا کہنا تھا کہ آپ دھماکے کے پانچ منٹ بعد کہتے ہیں کہ ’را‘ نے کیا،آپ کو یہ پانچ منٹ پہلے کیوں نہیں پتہ چلتا؟کیا ’را‘ پر ذمہ داری ڈال کر حکومت کی ذمہ داری پوری ہو گئی؟ کیا ’را‘ کو روکنا تاج حیدر اور حافظ حمد اللہ کا کام ہے؟ کالعدم تنظیمیں کس نے بنائیں، ان کا راستہ روکنا کس کی ذمہ داری ہے؟
حافظ حمد اللہ نے سوال کیا کہ کیا پاکستان میں ’را‘ اور این ڈی ایس کا ماحول ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے بنایا؟یہ ماحول تو پرویز مشرف نے پیدا کیا،بتائیں مشرف غداروں کی فہرست میں ہے یا وفاداروں کی؟
انہوں نے پوچھا کہ وہ کون ہے جس کی وجہ سے حکومت آزادانہ پالیسی نہیں بنا سکتی؟ کوئی سیاستدان اس کا نام نہیں لیتا، ان قوتوں کا نام لیتے ہیں تو ہمیں غدار کہا جاتا ہے، چوہدری نثار ریڈ زون کراس کریں تو دوسرے جانب ان کا اختیار بھی نہیں چلتا۔
حافظ حمد اللہ نے کہا کہ ایسا کریں پارلیمان کو کلاشنکوف دے دیں، ہم دہشت گردوں کا راستہ روکیں گے، مگر ہمیں تو لائسنس نہیں دیا جاتا،یہ ملک کس نے توڑا، حمود الرحمان کمیشن رپورٹ پارلیمنٹ میں لائیں ۔