• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحصیل کونسل شیخوپورہ مالی نقصان سے بچ گئی

شیخوپورہ(نمائندہ جنگ سے)قومی احتساب بیورو پنجاب کی مداخلت کے بعد تحصیل کونسل شیخوپورہ کروڑوں روپے کے مالی نقصان سے بچ گئی۔ شیخوپورہ میں سول کوارٹر روڈ ہسپتال روڈ کالج روڈ جناح پارک سمیت متعدد کاروباری مراکز میں تحصیل کونسل کے بعض بلڈنگ انسپکٹروں اوربعض انفورسمنٹ کلرکوں کی ملی بھگت سے بڑے بڑے پلازے اور دکانیں بن گئی تھیں جن کے مالکان نے ٹی ایم اے کے عملے سے ملی بھگت کر کے کروڑوں روپے مالیت کی کمرشل فیس کنورژن فیس اورنقشہ فیس سمیت کئی واجبات جمع نہ کروائے تھے جس کے بارے میں تحریری شکایت کا نیب پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے ضلع حکومت سے رپورٹ طلب کی تو ٹی ایم اے کے عملے کو خود کو بچانے کےلیے راتوں رات کئی دکانیں اورشاپنگ سنٹر سر بمہر کرنے پڑے اور کئی پلازوں اور دکانوں کے مالکان کو واجبات کی وصولی کا نوٹس جاری کر دیا گیا۔،ادھرپتہ چلا ہے کہ تحصیل کونسل میں اس طرح کی بد عنوانیوں کا سکینڈل منظر عام پر آنے کی بنا پر بعض بلڈنگ انسپکٹروں کی املاک کو نیب آرڈیننس کے تحت تحقیقات کروانے کی تجویز بھی زیرغور ہے جو طویل عرصہ سے بلڈنگ برانچ میں تعینات ہیں۔ ٹی ایم اے کے ذرائع نے ملی بھگت اور سکینڈل وغیرہ کے الزامات کی تصدیق نہ کی ہے۔ دریں اثنا نیب پنجاب نے گائوں گجیانہ نو میں مٹی ڈالنے کے نام پر ہونے والے ترقیاتی کام کے نام پر بے ضابطگیوں کی تحقیقات کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔ 
تازہ ترین