• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رائیونڈ جانیکا فیصلہ درست نہیں، عمران سے بات کرونگا،چوہدری شجاعت

لاہور(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ نوازشریف کے گھر جاتی عمرہ رائے ونڈ جانے کا فیصلہ میرے ذاتی خیال میں درست نہیں ہے، میں اس سلسلے میں عمران خان سے بات کروں گا۔ چوہدری شجاعت حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کرنے کیلئےدیگر بہت سے مقامات ہیں، گھروں میں جانے کی روایت نہیں ڈالنی چاہئے۔ وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی مقبولیت کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا کہ بات کسی انفرادی شخصیت کی نہیں ہوتی بلکہ کارکردگی اور اداروں کی اہمیت ہوتی ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس کی تشکیل کے وقت میں بھی موجود تھا، اس کے جن نکات پر عملدرآمد کی ذمہ داری وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو دی گئی تھی اس میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی  جو نکات فوج کے ذمے تھے انہوں نے ان پر بہترین انداز میں عمل کرکے انہیں پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ پاکستان کی سالمیت کے خلاف بیان بازی اور نعرے بازی کرنے والوں کے بارے میں  انہوں نے کہا کہ ہر وہ شخص جو پاکستان کی سالمیت کے خلاف کچھ کہتا ہے آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت اس پر سنگین قسم کا مقدمہ درج کیا جا سکتا ہے خواہ وہ کوئی بھی ہو۔
تازہ ترین